ماحول

گوادر میں کوئلے سے چلنے والے نئے پلانٹ سے چین، ماحولیات کے بارے میں بحث پھر زندہ

از زرک خان

سنہ 2022 میں گوادر کی فائل فوٹو۔ پاکستان نے چینی سرکاری اداروں سے مالی اعانت حاصل کرنے کے بعد وہاں کول پاور پلانٹ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ [زرک خان]

سنہ 2022 میں گوادر کی فائل فوٹو۔ پاکستان نے چینی سرکاری اداروں سے مالی اعانت حاصل کرنے کے بعد وہاں کول پاور پلانٹ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ [زرک خان]

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں درآمدی کوئلے پر مبنی 300 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کی حالیہ دوبارہ منظوری نے ناصرف بیرون ملک کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے نئے پلانٹ نہ بنانے کےچین کے سنہ 2021 کے وعدے کے متعلق بحث چھیڑ دی ہے بلکہ اس کے اثرات پاکستان کی معیشت اور ماحولیات پر بھی پڑیں گے.

پاکستان اس وقت گوادر میں کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے کے متعلق چینی سرکاری اداروں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے جو کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی-پیک) کے تحت ہو رہی ہے، جو چین کی بیلٹ اینڈ روڈ پہل کاری (بی آر آئی) کا ایک پاکستانی جزو ہے، جسے ون بیلٹ ون روڈ (او بی او آر) بھی کہا جاتا ہے.

سرکاری ملکیتی پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے سربراہ، شاہ جہاں مرزا نے 16 مارچ کو شائع ہونے والے ایک مضمون میں دی تھرڈ پول کو بتایا، حکام چاہتے ہیں کہ اس منصوبے کے لیے سرمائے کی تفویض سال کے آخر تک مکمل ہو جائے تاکہ تعمیر جلد سے جلد شروع ہو سکے۔

چین -- اب تک دنیا کے سب سے بڑے آلودگی پھیلانے والے اور کوئلے کے سب سے بڑے صارف -- نے ستمبر 2021 میں اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں وعدہ کیا تھا کہ وہ آب و ہوا کو گرم کرنے والی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کی عالمی کوششوں میں تعاون کے اپنے حصے کے طور پر سمندر پار کوئلے کے منصوبوں کو ختم کرے گا.

لیکن حقیقت میں، اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی مایوس کن کوشش میں چین کوئلے کی پیداوار کو بڑھاتا رہا ہے.

سی-پیک کی ویب سائٹ کے مطابق، چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی (سی سی سی سی)، ایک اکثریتی چینی سرکاری ادارہ، جو اس منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کی لاگت کا تخمینہ 542.32 ملین ڈالر ہے۔

سی سی سی سی ان 24 چینی سرکاری کمپنیوں میں سے ایک ہے جنہیں اگست 2020 میں امریکہ نے بلیک لسٹ کیا تھا۔

اس منصوبے کو سنہ 2016 میں سی پیک کے تحت تصور کیا گیا تھا اور اس کی منظوری دی گئی تھی، لیکن اس کی باقاعدہ تعمیر شروع نہیں ہوئی تھی۔

دسمبر 2020 میں اُس وقت کے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر پابندی کے اعلان کے بعد، مبصرین نے توقع ظاہر کی تھی کہ اس منصوبے کو روک دیا جائے گا کیونکہ اسے سرمایہ نہیں ملا تھا۔

البتہ، گزشتہ جولائی میں گوادر پاور پلانٹ کی تعمیر پر بحث دوبارہ شروع ہوئی جب موجودہ حکومت نے اپنی معاشی پریشانیوں اور بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی وجہ سے اس منصوبے کو متبادل ایندھن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

حکام نے بتایا کہ چینی حکومت نے پاکستان کو اپنے پالیسی مقاصد کو تبدیل کرنے اور پلانٹ کو واپس درآمدی کوئلے پر منتقل کرنے پر مجبور کیا ہے۔

معاشی بوجھ

اقتصادی ماہرین اور حکام نے کہا کہ گوادر پاور پلانٹ کو درآمدی کوئلے پر چلانے سے پاکستان کا معاشی بحران مزید بڑھ جائے گا۔

چین پہلے ہی پاکستان میں کول پاور پلانٹس بنا چکا ہے اور اس کی مالی اعانت بھی کر چکا ہے، جو تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد کے لیے معاشی بوجھ بن چکے ہیں اور اس کی ابتر اقتصادی صورتحال کی ایک بڑی وجہ ہیں۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان کو مہنگائی کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے دوران توانائی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ معاملات کو مزید خراب کرنے کے لیے، جنوبی افریقہ میں شہری بدامنی اور روس کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے کوئلے کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی ہیں.

زرِ مبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث اسلام آباد پہلے ہی اپنے چینی ساختہ پلانٹس کے لیے سستے کوئلے کی تلاش میں ہے۔

پاکستانی وزارت خزانہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا، "ملک میں بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کے لیے ۔۔۔ پاکستان کے لیے اب مہنگا کوئلہ خریدنا مشکل ہو گیا ہے"۔

اہلکار نے کہا کہ کوئلے کی غیر متوقع بین الاقوامی قیمتیں چین کی مالی اعانت سے چلنے والے کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کو بجلی پیدا کرنے کے لیے "ناممکن" بناتی ہیں۔

ڈان نے 10 مئی کو خبر دی کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے والی چینی فرموں نے گزشتہ مئی میں دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت 300 بلین پاکستانی روپے (1.1 بلین امریکی ڈالر) واپس ادائیگی نہیں کرتی تو وہ اپنے پلانٹ بند کر دیں گی۔

چینی کمپنیوں نے کہا کہ انہیں کوئلے کی قیمتوں سے مطابقت رکھنے کے لیے درکار لیکویڈیٹی فراہم نہیں کی گئی۔

ماحولیاتی، دفاعی مضمرات

کراچی کے قریب پورٹ قاسم پاور پلانٹ کی کیس سٹڈی کرتے ہوئے، بوسٹن یونیورسٹی (بی یو) کے گلوبل ڈویلپمنٹ پالیسی سینٹر سے وابستہ محققین کے ایک گروپ نے پایا کہ پاکستان میں چین کی مالی اعانت سے چلنے والے پاور پلانٹ خطرناک ماحولیاتی علاقوں میں بھی تجاوز کر سکتے ہیں۔

بی یو نے نومبر 2021 میں کہا کہ پورٹ قاسم پاور پراجیکٹ، جو کہ چین میں بنائے گئے کوئلے کے کئی پاور پلانٹس میں سے ایک ہے، "پاور پلانٹ کے قریب ہونے کی وجہ سے ارد گرد کے علاقے کے لیے صحت کے لیے اہم خطرات کا باعث بن رہا ہے، جس میں مطالعہ کی جانے وال آبادی میں سالانہ 49 اضافی اموات کا تخمینہ لگایا گیا ہے"۔

پاکستان میں چینی اثر و رسوخ کی تیزی سے بڑھوتری، خصوصاً بلوچستان میں -- چینی کمپنیوں کی جانب سے مقامی وسائل کے استعمال کے مقامی لوگوں پر پڑنے والے اثرات کی پرواہ کیے بغیر نے -- صوبے میں شدید بدامنی کو جنم دیا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق، پاکستانی حکام نے بیجنگ کے کہنے پر دسمبر میں گوادر میں احتجاجی تحریک پر سخت کریک ڈاؤن کیا تھا.

مظاہرین مقامی اور چینی ٹرالروں کی جانب سے گہرے سمندر میں غیر قانونی ماہی گیری کے خاتمے اور گوادر بندرگاہ کی طرف جانے والی حفاظتی چوکیوں پر مقامی لوگوں کو ہراساں کرنے کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے، جو کہ سی پیک کا ایک اہم جزو رہی ہیں۔

گوادر میں ایک طالب علم، اشرف علی نے سنہ 2021 میں پاکستان فارورڈ کو بتایا، "گوادر کو کاروبار اور تجارت کا مرکز بنانے اور رہائشیوں کے لیے ترقیاتی منصوبے بنانے کی بجائے، چین پاکستانی حکام کو ساحلی شہر کو سیکیورٹی زون بنانے اور رہائشیوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے پر مجبور کر رہا ہے"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500