کثیر ملکی بحری مشق امن-23 کا آغاز پاکستان کی میزبانی میں جمعہ (10 فروری) کے روز ہوا، جس میں 50 سے زائد ممالک کی بحری افواج کو دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور سمندری دہشت گردی اور بحری قذاقی سے نمٹنے کے لیے سرگرمیوں اور مشقوں کے سلسلے میں اکٹھا کیا گیا ہے۔
کثیر ملکی بحری مشق کے آٹھویں ایڈیشن کا باقاعدہ افتتاح پاکستان نیوی (پی این ) ڈاک یارڈ، کراچی میں ایک آبدوز اڈے پر پرچم کشائی کی تقریب میں کیا گیا۔
کراچی میں پاکستانی بیڑے کے کمانڈر وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ کراچی کے ساحل پر بحیرۂ عرب میں ہونے والی پانچ روزہ مشقوں میں بحری جہاز، طیارے اور سپیشل آپریشن فورسز کے ساتھ ساتھ 50 سے زائد ممالک کے مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔
بلگرامی نے بدھ کے روز کراچی میں ایک میڈیا بریفنگ میں کہا، "اس مشق کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے سمندری تصورات اور عملی ثقافتوں کو سمجھنے کے لیے ایک فورم فراہم کرنا، باہمی تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ سمندر میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے طریقہ ہائے کار اور ذرائع کی نشاندہی کرنا ہے"۔
امن-23 مشق کو دو الگ الگ مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے - بندرگاہ اور سمندر۔
بندرگاہ کے مرحلے میں سیمینارز، عملی مباحثے، پیشہ ورانہ مظاہرے اور بین الاقوامی اجتماعات جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔
سمندری مرحلے میں بحری سلامتی کے معاملات جیسے کہ انسدادِ بحری قذاقی اور انسدادِ دہشت گردی، تلاش اور بچاؤ، گولہ باری اور فضائی دفاع سے متعلق حکمتِ عملی اور مشقیں شامل ہیں۔
سمندری مرحلے کی خاص بات بین الاقوامی فلیٹ ریویو ہے، جس میں ملکی اور غیر ملکی معززین شرکت کریں گے۔
تعاون کی دیرینہ روایت
حکام اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امن-23 مشقوں کی میزبانی پاکستان کے سمندروں میں بحری پولیس کی مدد کرنے کے کئی برسوں کے کام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان سنہ 2007 سے دو سالہ مشق امن کا انعقاد کر رہا ہے.
سنہ 2007 میں اس مشق میں 28 ممالک نے حصہ لیا۔ کووڈ-19 کی پابندیوں کے باوجود، سنہ 2021 تک یہ تعداد بڑھ کر 43 ممالک تک پہنچ گئی۔
بلگرامی نے کہا، پاکستانی بحریہ مشترکہ بحری سلامتی کے تصور پر پختہ یقین رکھتی ہے"۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی بحریہ سنہ 2004 سے دیگر شراکت دار بحری افواج کے ساتھ مل کر سمندری سلامتی اور انسدادِ بحری قذاقی کی کارروائیوں میں فعال طور پر حصہ لے رہی ہے۔
سی ایم ایف کی ویب سائٹ کے مطابق، سنہ 2004 میں، پاکستان نے امریکہ کی زیرِ قیادت مشترکہ سمندری افواج (سی ایم ایف) میں شمولیت اختیار کی، ایک 34 ملکی اتحاد، جو "بین الاقوامی قوانین پر مبنی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے موجود ہے ... بحیرہ سمندر پر غیر قانونی غیر ریاستی عناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے"۔
سی ایم ایف تقریباً 8.3 ملین مربع کلومیٹر بین الاقوامی پانیوں کی حفاظت کرتی ہے اور اس کا صدر دفتر بحرین میں امریکی بحریہ کے اڈے پر ہے۔
پاکستان سی ایم ایف کی چار ٹاسک فورسز میں سے دو میں حصہ لیتا ہے: کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150، جو خلیج سے باہر سمندری سلامتی کی حفاظت کرتی ہے، اورسی ٹی ایف 151، جو بحری قذاقی سے لڑتی ہے۔
پاکستانی بحریہ نے خلیج عمان میں اسی سال فروری میں انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسرسائز (آئی ایم ایکس) 2022 میں بھی حصہ لیا تھا۔
اس مشق کے ڈپٹی کمانڈر، پاکستانی بحریہ کے کمانڈر وقار محمد نے یو ایس سینٹرل کمانڈ (یو ایس سینٹکام) کے ایک بیان میں کہا، "آئی ایم ایکس/سی ای [کٹلس ایکسپریس] 2022 نے دنیا بھر کی بحری افواج، سمندری تنظیموں اور علاقوں کو قوانین پر مبنی بین الاقوامی نظم کو برقرار رکھنے کے لیے عالمی عزم کا مظاہرہ کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا"۔
بلگرامی نے کہا، "سنہ 2018 کے بعد سے، پاکستانی بحریہ علاقائی سمندری پہرے کا گشت بھی شروع کر رہی ہے جس کے ذریعے پاکستانی بحری جہاز بحرِ ہند کے خطے میں اہم سمندری علاقوں میں اپنی موجودگی کو برقرار رکھتے ہیں تاکہ ہمارے بین الاقوامی وعدوں کے مطابق سمندر میں اچھا نظم و نسق برقرار رکھنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں"۔
انہوں نے کہا کہ مشق کے تازہ ترین اعادے میں تربیتی مشقوں کا ایک سلسلہ شامل ہو گا جس کا مقصد دہشت گردی، بحری قذاقی، منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ اور موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے میں مدد کرنا ہے۔
بلگرامی نے مزید کہا، "سمندر کی وسعت کسی بھی ملک کے لیے ان متنوع چیلنجوں سے تنہا نمٹنا انتہائی مشکل بنا دیتی ہے"۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان بحری تعاون
امریکی بحریہ، جو سنہ 2007 میں شروع ہونے والی امن مشقوں میں حصہ لے رہی ہے، حالیہ برسوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھا رہی ہے۔
اکتوبر میں، امریکی کوسٹ گارڈ کے دو کٹر-- یو ایس سی جی سی چارلز مولتھروپ اور یو ایس سی جی سی ایملن ٹنل – نے امریکی 5ویں بیڑے اور پاکستانی بحریہ کے درمیان جاری مشترکہ مشقوں اور تکنیکی تبادلوں کے ایک جزو کے طور پر کراچی کا دورہ کیا تھا۔
امریکی بحری افواج کی سینٹرل کمانڈ کی طرف سے گزشتہ 9 اکتوبر کو ایک اعلامیئے میں کہا گیا کہ امریکی کوسٹ گارڈ کے بحری جہازوں کو امریکی 5ویں بحری بیڑے کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں سمندری سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے آگے تعینات کیا گیا تھا۔
امریکی 5ویں بیڑے کی کارروائیوں کا رقبہ تقریباً 6.5 ملین مربع کلومیٹر پانی پر محیط ہے اور اس میں خلیجِ عرب، خلیجِ عمان، بحیرۂ احمر اور بحرِ ہند کے کچھ حصے شامل ہیں۔ یہ وسعت 20 ممالک پر مشتمل ہے اور اس میں آبنائے ہرمز، نہر سویز اور یمن کے جنوبی سرے پر آبنائے باب المندب کے تین اہم پُرہجوم مقامات شامل ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کیپٹن ایرک ہیلگن، پیٹرول فورسز ساؤتھ ویسٹ ایشیا کے کموڈور نے اس وقت کہا تھا کہ بندرگاہ کا دورہ "پاک بحریہ اور امریکی 5ویں بحری بیڑے کے درمیان مضبوط شراکت داری" کی عکاسی کرتا ہے۔
ہیلگن نے کہا، "ہمارے تعلقات مضبوط اور پائیدار ہیں، جو عملے کے تبادلے اور مشترکہ مشقوں پر قائم ہیں تاکہ ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھایا جا سکے"۔
دوسرے بحری جہاز جنہوں نے گزشتہ سال کراچی کا دورہ کیا ان میں یو ایس ایس گرڈلی، ایک ارلی برک کلاس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر، اور یو ایس ایس سکوال اور یو ایس ایس ورل ونڈ گشتی جہاز شامل تھے۔
حالیہ مہینوں میں امریکی سینٹکام کے سربراہ اور امریکی فضائیہ کے ایک اعلیٰ افسر کے پاکستان کے دورے بھی دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا ثبوت ہیں۔
معلوماتی مضمون ہے
جوابتبصرے 1