انسانی حقوق کے ایک گروپ نے پیر (7 نومبر) کے روز بتایا کہ ایرانی حکام نے منشیات کے جرائم کے مرتکب ایک شخص کو پھانسی دے دی، حالانکہ اسے اس کی طے شدہ سزا پر عمل درآمد سے عین قبل پہلے ہی جیل حکام کے ساتھ لڑائی میں مار دیا گیا تھا۔
ایرانی ہیومن رائٹس (آئی ایچ آر) کے مطابق، نعمت اللہ براہوی نامی اس قیدی کو اتوار کے روز ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان و بلوچستان کی زاہدان سینٹرل جیل میں منشیات کے جرائم کے مرتکب ایک اور شخص کے ساتھ پھانسی دی جانی تھی۔
دونوں افراد بلوچ اقلیتی گروپ کے رکن تھے۔.
آئی ایچ آر نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ براہوی کو طے شدہ پھانسی سے قبل افسران کے ساتھ جھگڑے میں مار دیا گیا تھا، اور حکام نے جیل کے پہرے داروں کے لیے کسی بھی قانونی نتائج کو روکنے کے لیے اسے بہرحال پھانسی پر لٹکا دیا۔
ہال واش نیوز سائٹ، جو سیستان و بلوچستان کے واقعات اور ایران کی سنی اقلیت کو متاثر کرنے والے واقعات پر نظر رکھتی ہے، نے بھی اطلاع دی ہے کہ براہوی کو طے شدہ پھانسی سے پہلے ہی قتل کر دیا گیا تھا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ مجرم کو اتوار کے روز صبح سویرے جگایا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ اسے پھانسی دی جا رہی ہے۔
ہال واش نے کہا کہ لاعلمی میں، اس نے مزاحمت کی اور پھر جیل کے اہلکاروں نے کوئی "تیز دھار چیز" اس کی گردن میں ماری تو وہ مر گیا۔
براہوی کی تین بیٹیاں تھیں، لیکن اس کے خاندان کو برسوں سے جیل میں ان سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔
آئی ایچ آر نے بتایا کہ دوسرے قیدی، جس کا نام امان اللہ علیزئی ہے، کو دو سال قبل زاہدان میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے منشیات سے متعلق الزامات میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
حقوق کے گروپ کا کہنا تھا کہ اس کے اہلِ خانہ یا وکیل کو بتائے بغیر اُسے خفیہ طور پر پھانسی دے دی گئی۔
زیادہ ریکارڈ پھانسیاں
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق، ایران میں پچھلے سال ریکارڈ شدہ پھانسیاں -- کم از کم 314 -- دنیا بھر کے کسی بھی ملک سے زیادہ تھیں۔
چین کے لیے ایسا ڈیٹا دستیاب نہیں ہے، تاہم، جہاں حقوق پر نظر رکھنے والے ادارے کا خیال ہے کہ سالانہ پھانسیاں ہزاروں میں ہوتی ہیں۔
سیستان و بلوچستان میں رہنے والے بلوچوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی غیر متناسب تعداد کو سزائے موت دی جاتی ہے اور وہ مجموعی طور پر امتیازی سلوک کا شکار بھی ہیں۔
27 جولائی کو ایک بیان میں، ایمنسٹی اور ایران میں عبدالرحمن بورومند مرکز برائے انسانی حقوق نے کہا کہ ایران بڑے پیمانے پر "خوفناک رفتار" سے پھانسیاں دے رہا ہے جو کہ زندہ رہنے کے حق پر ایک "مکروہ حملہ" ہے۔
دونوں گروہوں نے کہا کہ جنوری سے جون کے آخر تک 251 پھانسیوں کی تصدیق ہوئی ہے، حالانکہ اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپریل میں ایران پر قیدیوں کو جان بچانے والی طبی نگہداشت فراہم کرنے سے انکار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سنہ 2010 سے اب تک علاج کی کمی کے باعث قیدیوں کی موت کے 96 واقعات کی تصدیق کی ہے۔
اس رپورٹ میں قیدیوں کے کئی ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کی گئی ہے جو زیرِ حراست انتقال کر گئے تھے جس کی وجہ کے متعلق فعالیت پسندوں کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے ان کی بیماریوں کا ٹھیک علاج کرنے میں ناکامی تھی۔
اموات کا ایک بڑا حصہ شمال مغربی ایران کی جیلوں میں ہوا جہاں کرد اور آذری اقلیتوں کے بہت سے قیدی اور جنوب مشرقی ایران میں، جہاں زیادہ تر قیدی بلوچ اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں۔
آئی ایچ آر کے مطابق، سیستان و بلوچستان 30 ستمبر سے اب تک صوبے میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 100 سے زیادہ ہلاکتیں ہونے کے ساتھ کافی عرصے سے ایک نمایاں مقام رہا ہے۔