معیشت

عراق میں، سرمایہ کاری پر اجارہ داری کے حصول کے لیے چین کی کوشش پر شک کی نگاہ

از فارس العمران

عراق اور چین کے حکام نے 6 جون کو بغداد میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جس میں کچھ عراقیوں کو، چین میں داخلے کے ویزے کی ضرورت سے مستثنیٰ قرار دیا گیا، جو چین کی طرف سے عراق میں اپنے اقتصادی اثر و رسوخ کو بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ [عراقی وزارت خارجہ]

عراق اور چین کے حکام نے 6 جون کو بغداد میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جس میں کچھ عراقیوں کو، چین میں داخلے کے ویزے کی ضرورت سے مستثنیٰ قرار دیا گیا، جو چین کی طرف سے عراق میں اپنے اقتصادی اثر و رسوخ کو بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ [عراقی وزارت خارجہ]

عراق کا بنیادی ڈھانچہ، جو برسوں کی جنگ -- حال ہی میں "دولتِ اسلامیہ" (داعش) کے خلاف -- کی وجہ سے خستہ حال اور تباہ ہو چکا ہے اور لاکھوں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے اس پر شدید دباؤ ہے۔

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ مستقبل میں اپنی آبادی کو مناسب خدمات فراہم کر سکتا ہے اور معیشت کے بہت سے شعبوں کی تعمیر نو کے لیے جو کہ داعش کے خلاف جنگ کے نتیجے میں ابھی تک جدوجہد کر رہے ہیں، عراق کو بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو اپنی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔

لیکن عراقی تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ جیسے جیسے عراق سرمایہ کاروں کی تلاش میں ہے اور سرمایہ کار عراق آنا شروع کرتے ہیں، ملک کے رہنماؤں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ غلط قسم کی سرمایہ کاری کو راغب کر کے حالات کو مزید خراب نہ کریں۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ چین، عراق میں دستیاب غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ منفی نتائج کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔

عراق میں طلباء 19 ستمبر کو چینی زبان کا سبق حاصل کر رہے ہیں۔ گزشتہ دسمبر سے چین، عراق میں اپنی زبان سکھانے کے لیے کلاسیں منعقد کر رہا ہے۔ [چائنا نیٹ ورک]

عراق میں طلباء 19 ستمبر کو چینی زبان کا سبق حاصل کر رہے ہیں۔ گزشتہ دسمبر سے چین، عراق میں اپنی زبان سکھانے کے لیے کلاسیں منعقد کر رہا ہے۔ [چائنا نیٹ ورک]

تجزیہ کاروں نے کہا کہ چین ایسے منصوبے تجویز کر رہا ہے جو عراق کو قرضوں کے جال میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جیسا کہ اُن ممالک کے ساتھ ہوا جنہوں نے اس سے پہلے چینی سرمایہ کاری کے لیے اپنے دروازے کھولے تھے، جیسے کہ سری لنکا، کینیا اور بنگلہ دیش۔

چین اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کو بھی استعمال کر رہا ہے تاکہ وہ کاروباری مفادات کے لیے ایک ناپسندیدہ ماحول پیدا کر کے اور ممکنہ حریفوں کو ڈرا کر، عراق میں چینی سرمایہ کاری کا راستہ صاف کر سکے۔

اس وجہ سے عراق میں غم و غصہ پیدا ہوا ہے، جہاں بہت سے لوگ بدعنوانی کے پھیلاؤ اور سیکورٹی کی کمی کا ذمہ دار ان ملیشیاؤں کو ٹھہراتے ہیں اور ان پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ ایسا ماحول پیدا کر رہی ہیں جو بین الاقوامی سرمایہ کاری کو ملک سے بھگانے کا سبب بن رہا ہے۔

کئی مقامی اور بین الاقوامی ادارے اپنی سرمایہ کاری واپس لینے یا اسے ذیلی ٹھیکیداروں کو منتقل کرنے پر مجبور ہوئیں کیونکہ ملیشیاؤں نے انہیں ہراساں کیا تھا۔

اس میں بھتہ خوری اور منافع میں ماہانہ کی بنیاد پر حصے کے مطالبات شامل تھے، جو ان کے منصوبوں یا ان کے ملازمین کو نقصان نہ پہنچانے کے بدلے خراج تحسین کے طور پر عائد کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے سرمایہ کاری کے کئی ہزار منصوبوں میں خلل پڑا۔

'یکطرفہ سرمایہ کاری' کے لیے بہت کم حمایت

2019 سے اب تک، چین عراق میں اقتصادی طور پر توسیع کے لیے، تیل کے بدلے میں تعمیرِ نو کا حربہ استعمال کر رہا ہے: مختلف شعبوں میں تعمیر نو کے منصوبوں پر کام کرنے کے بدلے میں، 100,000 بیرل یومیہ خام تیل۔

لیکن امداد اور تعمیرِ نو کی ضرورت موجود ہونے کے باوجود، بغداد "یکطرفہ سرمایہ کاری" کو راغب کرنے یا چینی کمپنیوں کے لیے وسیع دروازے کھولنے کے حق میں نہیں ہے۔

ایک ماہر اقتصادیات، جس نے خواہش ظاہر کی کہ اس کا نام استعمال نہ کیا جائے، نے المشارق کو بتایا کہ عراق تمام ممالک سے سرمایہ کاری حاصل کرنا چاہتا ہے، نہ کہ کسی ایک ملک سے جس کے لیے دوسروں کو خارج کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ "مربوط ترقی کے حصول کے لیے تنوع اور مسابقت ضروری ہے"۔

انہوں نے کہا کہ بغداد نے اس سے قبل تیل کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں میں شامل بین الاقوامی کمپنیوں کے حصص خریدنے کے چینی منصوبوں پر اعتراض کیا تھا کیونکہ اسے ڈر تھا کہ بیجنگ، عراق کے توانائی کے شعبے پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

گزشتہ سال سے، عراقی حکام نے تین جنوبی آئل فیلڈز، قرنا 1، قرنا 2 اور رومیلا میں آپریشنل مراعات کی فروخت، ریاستی حمایت یافتہ چینی کمپنیوں، خاص طور پر سینوپیک کو روک دی ہے۔

ماہر اقتصادیات نے کہا کہ پھر بھی چین کی طرف سے توسیع پسندانہ کوششیں جاری ہیں کیونکہ عراق، دنیا پر اپنی اقتصادی بالادستی کو بڑھانے کے لیے چین کی حکمت عملی، جسے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) یا ون بیلٹ ون روڈ (او بی او آر) کے نام سے جانا جاتا ہے، کا سنگ بنیاد ہے۔

بی آر آئی کا مقصد مشرق وسطیٰ کے ممالک کو تجارتی راستے کے طور پر استعمال کرنا ہے جس کے ذریعے چینی سامان کو یورپ اور افریقہ تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

یہ چین کی توانائی کی ضروریات کے لیے، تیل کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر، عراق پر انحصار کے علاوہ ہے کیونکہ وہ عراقی خام تیل کے درآمد کنندگان میں پہلے نمبر پر ہے، جس کی سالانہ درآمدی حجم 60 ملین ٹن ہے۔

2022 کی پہلی ششماہی کے دوران، بی آر آئی کے اندر چین کی بیرونی سرمایہ کاری پر ایک رپورٹ میں، فوڈان یونیورسٹی کے گرین فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر نے کہا کہ چین نے عراق کو تقریباً 1.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔

بیجنگ نے 2021 کے آخر میں بغداد کے ساتھ "تعمیر کے لیے تیل" کے معاہدے کے تحت، پورے عراق میں 1,000 اسکولوں، النصیریہ میں ایک شہری ہوائی اڈے اور شمسی توانائی سے چلنے والے بجلی گھروں کی تعمیر کا معاہدہ بھی کیا تھا۔

چین کے عزائم پر عدم اعتماد

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین ایسے ممالک کو، جہاں وہ سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں ہوتا ہے، بہت سی مراعات فراہم کرتا ہے جیسے کہ پراجیکٹ فنانسنگ کے مقاصد کے لیے کریڈٹ کی سہولیات تاکہ زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کی جا سکے۔

عراق کی وزارت خارجہ کے مطابق، ایک مثال کے طور پر، چین نے جون میں عراق کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت "سفارتی، سروس اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کو اپنی سرزمین میں داخلے کے ویزوں کی شرائط سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔"

چین، رسائی کی اس فراہمی کو استعمال کرتے ہوئے، ترقی کے خواہشمند ممالک کی معیشتوں میں وسعت حاصل کرتا ہے اور ان پر اپنا تسلط مسلط کرتا ہے اور ان پر ایسے قرضوں اور منصوبوں کا بوجھ ڈال دیتا ہے جو معیار اور کارکردگی کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔

چائنا نیٹ ورک نے 19 ستمبر کو خبر دی کہ عراق میں چینی زبان کا پہلا انسٹی ٹیوٹ گزشتہ دسمبر میں بغداد میں کھلنے کے ساتھ، چین کی دراندازی نے ایک ثقافتی شکل اختیار کر لی ہے۔ تربیت حاصل کرنے والے افراد عراق کے متعدد صوبوں سے آئے تھے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود عمومی طور پر بات کرتے ہوئے، عراقی شہری چین کو ایک قابل اعتماد اتحادی نہیں مانتے، کیونکہ وہ نسلی اقلیتوں، جیسے کہ مسلم ایغوروں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے۔

بغداد کے رہائشی ابو فراس نے المشارق کو بتایا کہ "یہ اپنے شراکت دار، ایران سے مختلف نہیں ہے، جس کی حکومت اپنے شہریوں کے ساتھ ظلم اور بربریت کا مظاہرہ کرتی ہے، خطے کے لوگوں کے مفادات کو نقصان پہنچاتی ہے اور ان کے ملکوں کے استحکام کے لیے ایک خطرہ ہے۔"

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری ان کے ملک کی دولت کو کنٹرول کرنے کی ایک شکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایرانی اثر و رسوخ کے "سکے کا دوسرا رخ" ہے جس نے "عراقیوں کو بار بار اس کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور کیا ہے"۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست کے ایک احتجاج کے دوران، عراقیوں نے میسان میں حلفایا آئل فیلڈ پر دھاوا بول دیا جو پیٹرو چائنا آئل کمپنی چلاتی ہے اور پیداوار کو روکنے کی دھمکی دی۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500