حقوقِ نسواں

امریکہ کی مقامی بلامنافع کام کرنے والی تنظیم مغربی افغانستان میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف مصروفِ عمل

از عمر

ٹو ینگ ٹو ویڈ (ٹی وائے ٹی ڈبلیو)، جو کہ امریکہ میں قائم ایک بلامنافع کام کرنے والا ادارہ ہے، افغانستان کے مغربی علاقے میں کم عمر لڑکیوں کو شادی کے لیے فروخت کرنے سے روکنے کے لیے غریب افغانوں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ٹی وائے ٹی ڈبلیو خاندانوں کو ماہانہ گزارہ الاؤنس، نوکری کی تربیت اور کھانے کے چھکڑے بھی فراہم کرتا ہے تاکہ ان کی بھوک اور افلاس سے لڑنے میں مدد کی جا سکے۔ [بشکریہ معروف سیدی]

ہرات، افغانستان -- ٹو ینگ ٹو ویڈ (ٹی وائے ٹی ڈبلیو)، جو کہ امریکہ میں قائم ایک بلامنافع کام کرنے والا ادارہ ہے، افغانستان کے مغربی علاقے میں کم عمر لڑکیوں کو شادی کے لیے فروخت کرنے سے روکنے میں مدد کے لیے کام کر رہا ہے۔

افغانستان گزشتہ سال سے معاشی بحران کا شکار ہے، غربت اور بھوک بے مثال سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مایوسی نے بہت سے خاندانوں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ اپنی جوان بیٹیوں کو شادی کی شکل میں بیچنے کا سوچیں تاکہ خاندان کے دیگر افراد کا پیٹ پالا جا سکے۔

نو ماہ قبل ٹی وائے ٹی ڈبلیو کی کوششوں کے آغاز کے بعد سے، تنظیم نے تقریباً 300 کمزور اور غریب خاندانوں کو مدد فراہم کی ہے جو اپنی کم عمر لڑکیوں کی کم عمری میں شادی کرنے یا انہیں بیچنے پر مجبور ہونے والے تھے۔

خواتین 3 اگست کو غور کے صوبائی دارالحکومت فیروز کوہ میں ٹی وائے ٹی ڈبلیو کے سلائی کورس میں شریک ہیں۔ [بشکریہ معروف سیدی]

خواتین 3 اگست کو غور کے صوبائی دارالحکومت فیروز کوہ میں ٹی وائے ٹی ڈبلیو کے سلائی کورس میں شریک ہیں۔ [بشکریہ معروف سیدی]

ٹی وائے ٹی ڈبلیو کی طرف سے فراہم کردہ چھکڑے، جو 3 اگست کو فیروز کوہ میں دیکھے گئے، افغان مردوں کو آمدنی حاصل کرنے اور اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ [بشکریہ معروف سیدی]

ٹی وائے ٹی ڈبلیو کی طرف سے فراہم کردہ چھکڑے، جو 3 اگست کو فیروز کوہ میں دیکھے گئے، افغان مردوں کو آمدنی حاصل کرنے اور اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ [بشکریہ معروف سیدی]

یہ تنظیم ہرات، بادغیس اور غور صوبوں میں کام کر رہی ہے۔

صوبہ غور میں ٹی وائے ٹی ڈبلیو کے ایک اہلکار محمد ولی اخوندزادہ کے مطابق، ٹی وائے ٹی ڈبلیو نے اب تک ہر صوبے سے تقریباً 100 خاندانوں کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا، " منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ غور میں تقریباً 20 خواتین نے سلائی کورسز میں حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔ مزید برآں، 30 خواتین نے قالین بنائی کے کورسز میں شرکت کے لیے داخلہ لیا ہے، اور دوسرے مرحلے میں 50 سے زائد دیگر خواتین کا اس منصوبے سے مستفید ہونا متوقع ہے"۔

انہوں نے کہا، "ان خواتین سے توقع ہے کہ وہ چھ ماہ کے تربیتی کورس میں شریک ہوں گی اور مکمل ہونے کے بعد انہیں اپنے کاروبار قائم کرنے کے لیے تمام مطلوبہ آلات مل جائیں گے۔ مزید برآں، ہم نے ان خاندانوں کے مردوں کو چھکڑے اور کھانے پینے کی چیزیں عطیہ کی ہیں تاکہ وہ روزگار کے متبادل کے طور پر بازار میں فروخت کر سکیں"۔

اخوندزادہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد افغان خاندانوں کو خود کفیل بننے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں غربت کی وجہ سے اپنی جوان بیٹیوں کو نہ بیچنا پڑے یا ان کی شادی نہ کرنی پڑے۔

ٹی وائے ٹی ڈبلیو خاندانوں کو بھوک اور افلاس سے لڑنے میں مدد دینے کے لیے ماہانہ گزارہ الاؤنس بھی فراہم کرتا ہے۔

پورے خاندانوں کی مدد کرنا

چار بچوں کی ماں، 28 سالہ گل افروز صدیقی نے حال ہی میں غور کے صوبائی دارالحکومت فیروز کوہ میں ٹی وائے ٹی ڈبلیو کے سلائی کورس میں شرکت شروع کی۔

وہ کورس، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک پیش کیا جاتا ہے، میں شرکت کرنے والی 19 خواتین میں سے ایک ہیں۔

ٹی وائے ٹی ڈبلیو نے صدیقی کے شوہر، جو ایک مزدور ہے جو پچھلے کئی مہینوں سے بے روزگار ہے، کو ایک چھکڑا اور کھانے کی اشیاء بھی عطیہ کی ہیں۔

دو ماہ قبل، جوڑے نے انتہائی غربت اور بھوک کی وجہ سے اپنی 11 سالہ بیٹی، زرمینہ کی شادی 100,000 افغانی (1100 امریکی ڈالر) میں کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹی وائے ٹی ڈبلیو کی جانب سے امداد ملنے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ بدل لیا۔

صدیقی نے کہا کہ اب جبکہ اس کے شوہر کی نوکری ہے اور انہیں ماہانہ خوراک الاؤنس ملتا ہے، اس خاندان کو اب سنگین معاشی دشواریوں کا سامنا نہیں ہے۔

اس نے کہا، "میرے پاس کوئی کام نہیں تھا اور سارا دن گھر پر ہی رہتی تھی۔ لیکن اب میں ہر روز سلائی کورس میں جاتی ہوں۔ میں نے کسی حد تک کپڑے سلائی کرنا سیکھ لیا ہے۔ اب میں اپنے بچوں کے لیے لباس بنا سکتی ہوں"۔

اس نے کہا، "یہ پہلا موقع ہے کہ میں نے سلائی مشین پر کام کیا ہے۔ اپنی استانی کی رہنمائی سے، میں نے کپڑے کاٹنا اور سلائی کرنا سیکھا ہے"۔

صدیقی نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ اب انہیں اپنی بیٹی کی شادی نہیں کرنی پڑے گی۔

65 سالہ محمد عارف نے کہا کہ اس نے ٹی وائے ٹی ڈبلیو سے خوراک اور چھکڑے کا امدادی پیکج، جس سے وہ آمدنی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، حاصل کرنے کے بعد اپنی بیٹی کو فروخت کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا، "ٹھیلے، ترازو اور کھانے کی اشیاء کے ساتھ کام کرنے سے میں مصروف رہتا ہوں۔ امید ہے، اس سے مجھے اپنے خاندان کے لیے رزقِ حلال تلاش کرنے اور دسترخوان پر رکھنے میں مدد ملے گی۔ میں کئی مہینوں سے بے روزگار ہوں، اور ہمارے پاس کھانے کے لیے روٹی کا ایک ٹکڑا بھی نہیں تھا"۔

اس کا کہنا تھا، "میرے کنبے میں سات لوگ ہیں، اور میں اکلوتا کمانے والا ہوں۔ ہمارے پاس کھیتی باڑی کے لیے کوئی زمین نہیں ہے، اور میں ایک مزدور ہوں۔ پوری لیبر مارکیٹ پچھلے ایک سال سے رک گئی ہے، اور میں حقیقی معنوں میں بے روزگار تھا"۔

اس نے مزید کہا، "میں دوبارہ کام میں مصروف ہونے پر خوش ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میں اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے کافی کما سکتا ہوں"۔

جانیں بچانا

ٹی وائے ٹی ڈبلیو کی جانب سے فراہم کردہ امداد نے کم عمر لڑکیوں کی فروخت اور کم عمری کی شادی کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

فیروز کوہ کے ایک 45 سالہ رہائشی اور ٹی وائے ٹی ڈبلیو منصوبے سے مستفید ہونے والے محمد اسرائیل نے کہا کہ گروپ کے امدادی پیکج نے اسے اپنی آٹھ سالہ بیٹی کو فروخت کرنے سے بچایا۔

اس نے کہا، "میرے کنبے کے آٹھ افراد کھانے والے ہیں، اور میری کوئی آمدنی نہیں تھی۔ خاندان کے دیگر افراد کو بھوک اور موت سے بچانے کے لیے مجھے اپنی [لگ بھگ] جوان بیٹی کو بیچنا پڑا۔ ہم بہت بے بس تھے، اور کوئی بھی ہماری مدد کرنے کے لیے موجود نہیں تھا"۔

اسرائیل نے کہا، "میری بیوی اب کپڑے سینے میں مصروف ہے۔ میرے پاس ہر روز کام کرنے کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور ایک ٹوکری ہے۔ میں اب روزانہ 200 سے 300 افغانی (2.20 سے 3.30 امریکی ڈالر) کما سکتا ہوں"۔

انہوں نے کہا کہ اگر مدد نہ ملتی تو، "مجھے اپنی جوان بیٹی کو بیچنا پڑتا، اور یہ ایک باپ کی حیثیت سے میرے لیے سب سے مشکل فیصلہ ہوتا"۔

فیروز کوہ میں سول سوسائٹی کے ایک کارکن محمد سلیم قاضی زادہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے فراہم کردہ امداد نے گزشتہ سال کے دوران ہزاروں افغانوں کی جانیں بچائی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، "غربت اور بدحالی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ کچھ والدین اپنے چھوٹے بچوں کو بیچنے پر مجبور ہیں۔ ان کمزور خاندانوں کی مدد کرنا بہت اہم اور گرانقدر ہے"۔

انہوں نے کہا، "نوجوان لڑکیوں کو فروخت ہونے سے روکنے کا مطلب ان کی جان بچانا ہے"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500