تجزیہ

یوکرین میں شکست سے پیوٹن حکومت کے لیے بڑھتے ہوئے داخلی خطرات بے نقاب

از کانات التائینبائیف اور اے ایف پی

28 مارچ کو یوکرین پر روسی حملے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ایک مجسمہ لیویو، یوکرین میں ایک عمارت کی بالکونی پر لٹکا ہوا ہے۔ [یوریئے دیاچیشین/اے ایف پی]

28 مارچ کو یوکرین پر روسی حملے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ایک مجسمہ لیویو، یوکرین میں ایک عمارت کی بالکونی پر لٹکا ہوا ہے۔ [یوریئے دیاچیشین/اے ایف پی]

الماتے -- حال ہی میں کریملن کے قریبی ذرائع سے ملنے والی خفیہ اطلاعات اور روایتی رپورٹیں بتاتی ہیں کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین پر حملہ کرنے کے اپنے فیصلے کے بعد بداعتمادی اور طاقت کی کشمکش کے ماحول میں گھرے ہوئے ہیں۔

بدھ (30 مارچ) کے روز وائٹ ہاؤس نے امریکی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کہا کہ یوکرین میں جنگ کے دوران پیوٹن کو درست معلومات نہیں پہنچائی گئیں اور ان کے اپنے عملے کے ساتھ تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹرِ ابلاغ کیٹ بیڈنگ فیلڈ نے ایک سینیئر امریکی اہلکار کے پہلے دیئے گئے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، "ہمارے پاس یقیناً ایسی معلومات ہیں جو ہم نے اب عام کر دی ہیں کہ اسے احساس ہو گیا ہے کہ روسی فوج نے اسے گمراہ کیا ہے۔"

حالیہ دنوں میں یوکرین کی افواج علاقے پر دوبارہ قبضہ کر رہی ہیں -- بشمول تزویراتی اہمیت کا حامل ارپن کا مضافاتی علاقہ کیف -– کیونکہ 24 فروری کو حملہ شروع ہونے کے صرف ایک ماہ بعد ایسا لگتا ہے کہ روسی جارحیت رک گئی ہے.

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 30 مارچ کو ماسکو میں انگوشتیا کے علاقائی سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے۔ [میخائیل کلیمنتئیف/سپتنک/اے ایف پی]

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 30 مارچ کو ماسکو میں انگوشتیا کے علاقائی سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے۔ [میخائیل کلیمنتئیف/سپتنک/اے ایف پی]

20 مارچ کو ماسکو میں پولیس افسران نے ایک معمر خاتون کو یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف احتجاج کرنے پر حراست میں لے لیا۔ [اے ایف پی]

20 مارچ کو ماسکو میں پولیس افسران نے ایک معمر خاتون کو یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف احتجاج کرنے پر حراست میں لے لیا۔ [اے ایف پی]

بیڈنگ فیلڈ نے کہا، "ہمیں یقین ہے کہ [پیوٹن] کو ان کے مشیروں کی طرف سے اس بارے میں غلط معلومات دی جا رہی ہیں کہ روسی فوج کی کارکردگی کتنی بُری ہے اور کس طرح پابندیوں کی وجہ سے روسی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔"

برطانیہ کی جی سی ایچ کیو جاسوس ایجنسی کے سربراہ جیریمی فلیمنگ نے جمعرات کے روز کہا، "روسی فوج کی پیش قدمی اور یوکرین کی مزاحمت کے بارے میں "پیوٹن کے مشیر انہیں سچ بتانے سے ڈرتے ہیں"۔

ایک سینیئر امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ پیوٹن کو اس بات کا بھی علم نہیں تھا کہ یوکرین میں لڑنے کے لیے فوجیوں کو تعینات کیا جا رہا ہے، جہاں روس کو بھاری اہلکاروں اور سازوسامان کا نقصان ہوا ہے۔

الجیریا میں سفر کے دوران خفیہ معلومات کے بارے میں پوچھے جانے پر، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ "آمریت میں... آپ کے پاس ایسے لوگ نہیں ہوتے جو حاکم سے سچ بولتے ہوں"۔

اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب روسی صدر کے قریبی سمجھے جانے والے وزیرِ دفاع سرگئی شوئیگو کے ساتھ پیوٹن کے تعلقات کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔

نامعلوم سینیئر امریکی اہلکار نے کہا کہ "پیوٹن اور وزارت دفاع کے درمیان مسلسل تناؤ ہے، جو پیوٹن کے وزارتِ دفاع کی قیادت پر عدم اعتماد کی وجہ سے ہے"۔

کریملن نے خفیہ اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی حکام کو "کریملن میں کیا ہو رہا ہے اس کے بارے میں حقیقی معلومات نہیں ہیں"۔

پیوٹن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا، "وہ صدر پیوٹن کو نہیں جانتے، وہ فیصلے لینے کے طریقۂ کار کو نہیں سمجھتے اور وہ ہمارے کام کرنے کے انداز کو نہیں سمجھتے"۔

'ایک بڑا غلط اندازہ'

کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق، غلط معلومات پیوٹن کے مسائل میں سب سے نیچے ہے۔

ایک سویڈش ماہر اقتصادیات اور سفارتکار اینڈرس آسلنڈ جو مختلف اوقات میں یوکرینی، روسی اور قازق حکومتوں کے مشیر رہے ہیں، نے کہا کہ کریملن میں پہلے سے ہی طاقت کی ایک خفیہ کشمکش جاری ہے۔

24 مارچ کو آسلنڈ نے ٹویٹ کیا، "پیوٹن کی حکومت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی۔ یہ اب کسی کی بھی خدمت نہیں کرے گی، یہاں تک کہ ظالم کی بھی نہیں، جسے لازماً غصے میں ہونا چاہیے۔"

بشکیک کے ایک سیاسی تجزیہ کار، اسکات دوکانبیئیف نے کاروان سرائے کو بتایا کہ یوکرین میں پھنس جانے کے بعد پیوٹن کی فوج کو جس بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، اور روس پر 'اجتماعی طور پر مغرب' جو اس کے خلاف احتجاج کر رہا ہے، کی طرف سے غیر معمولی، بڑے پیمانے پر اقتصادی پابندیوں کا نشانہ بننا، واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ اس نے اندازہ لگانے میں ایک بہت بڑی غلطی کر دی ہے۔

دوکانبیئیف نے کہا کہ پیوٹن سمجھتے ہیں کہ اگر وہ یوکرین میں ہار جاتے ہیں تو ذاتی طور پر ان کے لیے کیا نتائج ہو سکتے ہیں۔

اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں ان کے ماورائے عدالت قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وہ رومانیہ کے نکولائی سیوسسکو سے لے کر لیبیا کے معمر القذافی تک کے معزول آمروں جیسا انجام بھگتنے سے خوفزدہ ہیں۔

دوکانبیئیف نے کہا کہ دو چیزیں پیوٹن کا تختہ الٹنے کی دھمکی ہیں: "روسی معاشرے میں جنگ مخالف جذبات بڑھ رہے ہیں، کیونکہ وہ یوکرین میں طویل جنگ سے تھک چکا ہے، اور پابندیوں سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے عوام کی بڑھتی ہوئی ناراضگی"۔

دوکانبیئیف نے کہا، "وقت بتائے گا کہ لوگوں میں کتنا صبر ہے۔"

"لیکن روسی تاریخ، جو عوامی بغاوتوں کی مثالوں سے بھری پڑی ہے -- بشمول دو انقلابات جنہوں نے 1917 اور 1991 میں حکومتوں کو گرایا -- ظاہر کرتا ہے کہ روسیوں کا صبر لامحدود نہیں ہے۔"

کچھ کا دعویٰ ہے کہ روسی پہلے ہی ایک اہم مقام پر پہنچ رہے ہیں۔

یوکرین کی وزارت دفاع کے مین انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے 20 مارچ کو ایک فیس بک پوسٹ میں کہا، "روسی سیاسی اور کاروباری اشرافیہ کے درمیان، بااثر لوگوں کا ایک گروپ تشکیل پا رہا ہے جو ولادیمیر پیوٹن کے خلاف ہے۔"

ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ گروپ پیوٹن کو جلد از جلد اقتدار سے ہٹانا اور مغرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات بحال کرنا چاہتا ہے۔

اس نے مزید کہا کہ فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف بی ایس)، جس کی نمائندگی اس کے ڈائریکٹر، الیگزینڈر بورتنیکوف کرتے ہیں، اس سازش میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ "زہر دینا، اچانک بیماری یا کوئی اور 'حادثہ'،" منصوبے کو انجام دینے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ

ملک کے اندر پیوٹن کی تنہائی اس وقت بھی سامنے آتی ہے کبھی کریملن کے دوست نظر آنے والے ممالک بھی روس سے منہ موڑ رہے ہیں.

یوکرین پر روس کے حملے کے تین ہفتے بعد، ازبکستان نے اعلان کیا کہ وہ یوکرین کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو تسلیم کرتا ہے۔

اس نے ڈھکے چھپے الفاظ میں یہ بھی کہا کہ اس نے نام نہاد ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ اور لوہانسک عوامی جمہوریہ کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا، جسے روس نے سنہ 2014 کے حملے میں یوکرین سے الگ کر دیا تھا۔

ہمسایہ ملک قازقستان نے بھی یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کی آزادی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

قازق حکام نے ماسکو کی جانب سے یوریشین اکنامک یونین (ای اے ای یو یا ای ای یو) کے رکن ممالک کی کسٹم ڈیوٹی کی تقسیم کو ہارڈ کرنسی سے روبل میں تبدیل کرنے کی حالیہ تجویز کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

قازقستان کی حکومت نے 18 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ "جمہوریہ قازقستان کے ساتھ ساتھ جمہوریہ آرمینیا اور جمہوریہ کرغیز میں، جمع شدہ درآمدی کسٹم ڈیوٹی پہلے کی طرح، امریکی ڈالر میں تقسیم اور ریکارڈ کی جائے گی۔"

مزید برآں، قازقستان اور کرغزستان میں، ماسکو سے مربوط ای ای یو چھوڑنے کے لیے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

الماتے میں مقیم سیاسی تجزیہ کار اور خطرات کے تخمینہ کار گروپ کے ڈائریکٹر دوسیم ستپیئیف نے کارواں سرائے کو بتایا کہ قازقستان کو اپنی ساکھ کو نقصان پہنچنے سے بچنے کے لیے روس کے ساتھ اپنا اقتصادی اتحاد -- اور اس سے بھی بڑھ کر اپنے فوجی اتحاد کو ترک کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب، اس طرح کے اقدامات قازقستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات اور خدشات سے منسلک ہیں جو روس کی طرف سے ہیں۔

کریملن نے ان روسی سیاست دانوں کی طرف سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں جو کھلے عام قازقستان کے شمالی صوبوں پر قبضے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ستپیئیف نے کہا، "اس وقت، پیوٹن علاقائی سلامتی کو لاحق اہم خطرات میں سے ایک ہیں"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500