سلامتی

خلیج میں ایران کی جانب سے بحری جہازوں کی بڑھتی ہوئی ہراسگی سے اتحادیوں کو کمک بھیجنے کی ترغیب

از پاکستان فارورڈ

آئی آر جی سی بحریہ کی کشتی برطانوی پرچم والے ٹینکر سٹینا امپیرو کے گِرد گشت کر رہی ہے جب یہ 21 جولائی 2019 کو ایرانی ساحلی شہر بندر عباس پر لنگر انداز ہوا تھا۔ [حسن شیروانی/میزان نیوز ایجنسی/اے ایف پی]

آئی آر جی سی بحریہ کی کشتی برطانوی پرچم والے ٹینکر سٹینا امپیرو کے گِرد گشت کر رہی ہے جب یہ 21 جولائی 2019 کو ایرانی ساحلی شہر بندر عباس پر لنگر انداز ہوا تھا۔ [حسن شیروانی/میزان نیوز ایجنسی/اے ایف پی]

علاقے میں کام کرنے والی بین الاقوامی اور علاقائی قوتوں کے ساتھ ہم آہنگی میں، امریکہ ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حالیہ، غیر قانونی قبضے کے بعد آبنائے ہرمز میں اور اس کے گرد گشت کرنے والے بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں کی گردش میں اضافہ کر رہا ہے۔

امریکی بحریہ کے 5ویں بحری بیڑے، جو بحرین میں تعینات ہے، نے ایک بیان میں کہا کہ وہ خلیج میں اہم چوکی کی حفاظت کے لیے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے 12 مئی کو صحافیوں کو بتایا، "ہم نے بارہا ایرانی دھمکیاں، اسلحہ ضبط کیا جانا اور تجارتی جہازوں پر حملے دیکھے ہیں جو بین الاقوامی پانیوں اور خطے کی تزویراتی آبی گزرگاہوں میں اپنے بحری حقوق اور آزادیوں کا استعمال کر رہے ہیں"۔

انہوں نے کہا، "امریکہ بیرونی یا علاقائی طاقتوں کو آبنائے ہرمز سمیت مشرق وسطیٰ کے آبی راستوں کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا"۔

31 اکتوبر 2022 کو لی گئی اس تصویر میں ایک آئل ٹینکر کا منظر دکھایا گیا ہے، جسے ایرانی بحریہ نے جنوبی ایران میں بندر عباس کی خلیجی بندرگاہ پر قبضے میں لیا تھا۔ [ارنا/اے ایف پی]

31 اکتوبر 2022 کو لی گئی اس تصویر میں ایک آئل ٹینکر کا منظر دکھایا گیا ہے، جسے ایرانی بحریہ نے جنوبی ایران میں بندر عباس کی خلیجی بندرگاہ پر قبضے میں لیا تھا۔ [ارنا/اے ایف پی]

امریکی نیول فورسز سینٹرل کمانڈ (نیوسینٹ) اور بحر ہند میں تعینات فرانسیسی افواج کے کمانڈروں (ایلنڈین) نے 13 مئی کو نئی گردشوں اور حکمتِ عملیوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

ایران کا ایک ہفتے میں دو بحری جہاز قبضے میں لینا

ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے 7 مئی کو خبر دی کہ ایران کی طرف سے حال ہی میں پکڑے گئے تیل کے دو ٹینکر آبنائے ہرمز پر اس کے ایک اہم ساحلی شہر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہیں۔

پلینیٹ لیبز پی بی سی کی سیٹلائٹ تصاویر میں 6 مئی کو ایران کے صوبہ ہرمزگان میں بندر عباس کے بالکل جنوب میں ایک بحری اڈے کے قریب ایڈوانٹیج سویٹ اور نیوی کو لنگر انداز ہوا دکھایا گیا ہے۔

ایرانی بحریہ نے 27 اپریل کو مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار ایڈوانٹیج سویٹ کو اپنے قبضے میں لیا تھاجب وہ کویت کا خام تیل لے کر خلیج عمان میں سفر کر رہا تھا۔

قبضے میں لینے کی وجہ واضح نہیں تھی، لیکن ایک امریکی اہلکار نے ال مانیٹر کو بتایا کہ ایران کے اقدام کا تعلق سویز راجن کے معاملے سے ہو سکتا ہے، جو کہ مبینہ طور پر امریکی تحقیقات کے تحت مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والا ایک اور ٹینکر ہے۔

خبر رساں ادارے نے کہا کہ سویز راجن امریکی محکمۂ انصاف کی تحقیقات کے تحت مبینہ طور پر بحیرۂ جنوبی چین میں ایرانی تیل کی ممنوعہ ترسیل کے لیے زیرِ تفتیش ہے۔

سیٹلائٹ تصاویر میں ایک دوسرا جہاز، نیووی، ایک ٹینکر کس کے اوپر پاناما کا جھنڈا لگا ہوا ہے، دکھایا گیا ہے، جسے ایران کی سپاہِ پاسدارانِ اسلامی انقلاب (آئی آر جی سی) نے 3 مئی کو آبنائے ہرمز میں قبضے میں لیا تھا۔

امریکی بحریہ نے کہا کہ یہ ٹینکر دبئی سے اماراتی بندرگاہ فجیرہ کی طرف جا رہا تھا جب اسے آئی آر جی سی کی بحریہ (آئی آر جی سی این) نے روک لیا تھا۔

اس نے کہا، "آئی آر جی سی این نے اس کے بعد آئل ٹینکر کو پلٹنے اور بندر عباس کے ساحل سے ایرانی علاقائی پانیوں کی طرف بڑھنے پر مجبور کیا"۔

جبکہ یہ کوئی تجارتی سامان نہیں لے جا رہا تھا، اے پی کی جانب سے دیکھے گئے ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جولائی 2020 میں نیووی کو ایک جہاز سے تیل ملا تھا جسے اس وقت عمان پرائیڈ کہا جاتا تھا۔

لائبیریا کے جھنڈے والے خام تیل کے ٹینکر اومان پرائیڈ پر اگست 2021 میں امریکی وزارتِ خزانہ نے "تیل کی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں ملوث" ہونے کی وجہ سے پابندی عائد کی تھی "جو ایران کو تیل کی برآمدات پر پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کر رہا ہے"۔

27 اپریل کو ایک بیان میں امریکی بحریہ کا کہنا تھا، "ایران کی جانب سے جہازوں کو مسلسل ہراساں کرنا اور علاقائی پانیوں میں بحری حقوق میں مداخلت سمندری سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے"۔

ہراسگی کی ایک طویل تاریخ

تازہ ترین قبضے ایران کی بین الاقوامی سطح پر پرچم والے تجارتی جہازوں کو ہراساں کرنے، ان پر حملہ کرنے اور مداخلت کرنے کی طویل تاریخ میں تازہ ترین واقعات ہیں.

ایسے بہت سے واقعات میں، ایران جہازوں اور ان کے عملے کو اپنے قبضے میں لے لیتا ہے تاکہ انہیں مغرب کے ساتھ مذاکرات میں پیادوں میں تبدیل کیا جا سکے۔

کئی حالیہ مثالیں جوڑ توڑ کے ان ہتھکنڈوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔

نومبر میں، ایران نے دو یونانی آئل ٹینکروں کو رہا کیا تھا جو اس نے مئی میں خلیج میں قبضے میں لیے تھے، جس سے مہینوں سے جاری ایک سفارتی تعطل کا خاتمہ ہوا جس نے ایتھنز اور تہران کے درمیان تعلقات کشیدہ کر دیے تھے۔

پروڈنٹ واریئر اور ڈیلٹا پوسیڈن میں سے ہر ایک تقریباً 10 لاکھ بیرل تیل لے کر جا رہا تھا جب انہیں تہران کی جانب خبردار کرنے کے فوراً بعد ہی قبضے میں لے لیا گیا تھا کہ وہ یونانی ساحل کے قریب روکے گئے ایک ٹینکر سے امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل کو ضبط کرنے پر ایتھنز کے خلاف "تعزیری کارروائی" کرے گا۔

جنوری 2021 میں، ایرانی بحریہ نے جنوبی کوریا کے ٹینکر ہنکوک چیمی کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ٹینکر کو اس وقت قبضے میں لے لیا گیا جب ایران نے جنوبی کوریا کے بینکوں میں منجمد ایرانی رقوم کے اجراء کا مطالبہ کیا تھا۔

جہاز کو چار ماہ بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔

اگست 2021 میں، ایرانی پشت پناہی والی مشتبہ قوتوں نے ایم وی اسفالٹ پرنسس ٹینکر کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی، جہاز میں سوار ہو کر اسے ایران جانے کا حکم دیا۔ امریکی اور عمانی جہاز آنے پر مشتبہ افراد جہاز چھوڑ کر بھاگ گئے۔

یو ایس این آئی نیوز کے مطابق، اس سال کے آخر میں، آئی آر جی سی کی بحری افواج نے خلیج عمان میں ویتنامی پرچم والے آئل ٹینکر ایم/وی سوتھیز کو اپنے کنٹرول میں لے لیا، اس کے خام تیل کو بندر عباس میں خالی کر دیا جس کے دو ہفتے بعد اسے سمندر میں واپس چھوڑ دیا۔

واقعے کے بعد، ٹینکر ٹریکرز - ایک بین الاقوامی ٹینکر ٹریکنگ ویب سائٹ - نے جون 2021 سے سوتھیز کا ایک ٹریک شائع کیا جس میں ٹینکر نے ایم/وی عمان پرائیڈ سے 700,000 بیرل کارگو لیا تھا۔

ٹریکنگ ویب سائٹ نے بتایا کہ ٹینکر نے اگست میں چین میں تیل اتارنے کی کوشش کی تھی لیکن پابندیوں کی وجہ سے اسے واپس ایران بھیج دیا گیا تھا۔

اس نے یہ نتیجہ اخذ ہوا کہ سوتھیز فروخت کی ایک اور کوشش کرنے کے لیے تیل اتارنے کے لیے واپس ایران گیا تھا۔

'بھوت جہاز'

جولائی 2020 میں، آئل ٹینکر گلف سکائی اپنے ہندوستانی عملے کے ساتھ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے پانیوں سے غائب ہو گیا تھا۔

بی بی سی کے مطابق، اگلے مہینے، یہ ایران میں آیا جہاں بعد میں اس پر ایک "بھوت جہاز" کے طور پر کام کرنے کا شبہ کیا گیا – جو پابندیوں کی خلاف ورزی میں حکومت کو تیل پہنچانے میں مدد کر رہا تھا۔

ریکارڈز سے پتہ چلتا ہے کہ گلف سکائی کا ٹرانسپونڈر مبینہ ہائی جیکنگ کے بعد ہفتوں تک بند تھا۔ اگست 2020 کے آخر میں، جب اسے پہلی بار آن کیا گیا تو یہ جہاز جنوبی ایران کے ساحل پر تیر رہا تھا۔

بی بی سی نے بتایا کہ گلف سکائی کا نام تب سے بدل کر ریما رکھ دیا گیا ہے اور اس کی ملکیت بھی بدل گئی ہے اور اب یہ تہران میں قائم ایک کان کنی کمپنی، موشتاغ تجارت صنعت (ایم ٹی ایس) کی ملکیت ہے۔

ایم ٹی ایس کے مینیجنگ ڈائریکٹر امیر دیانت، جو آئی آر جی سی کی قدس فورس (آئی آر جی سی-کیو ایف) کے سینئر عہدیداروں کے ایک دیرینہ ساتھی ہیں، پر مئی 2020 میں امریکی وزارتِ خزانہ نے آئی آر جی سی -کیو ایف کی آمدنی پیدا کرنے اور اسے ہتھیاروں کی بیرون ملک سمگلنگ میں مدد دینے پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی تھی۔

جولائی 2019 میں، آئی آر جی سی نے آبنائے ہرمز میں برطانوی پرچم والے ٹینکر سٹینا امپیرو کو اس کے عملے کے 23 ارکان کے ساتھ قبضے میں لے لیا تھا۔

آئل ٹینکر کو دو ماہ تک ایرانی بندرگاہ بندر عباس میں رکھا گیا تھا اور بین الاقوامی دباؤ پر اسے رہا کر دیا گیا تھا۔

اپریل 2015 میں، ایران نے میرسک تگرس پر اس وقت قبضہ کر لیا تھا جب وہ بھی آبنائے ہرمز میں سفر کر رہی تھی، ایک قانونی تنازعے پر جس کے بارے میں ایران نے کہا کہ اس کے کوئی سیاسی مضمرات نہیں۔

یو ایس این آئی نے خبر دی کہ ان دعوؤں کے باوجود، جس طریقے سے آئی آر جی سی نیوی (آئی آر جی سی این) نے جہاز کو بین الاقوامی شپنگ لین میں گھیرا اور اس کے قوس رُو پر فائرنگ کی، اس پر بہت سوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

تجارتی جہاز کو ایک ہفتے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500