ایرانی رہنما علی خامنہ ای کے 54 سالہ بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای، گرچہ کبھی بھی منتخب نہیں ہوئے یا کسی عہدے پر تعینات نہیں ہوئے لیکن انہوں نے اپنے والد کے جانشین کا اصل کردار سنبھال لیا ہے۔
ماضی میں کسی حد تک پردے کے پیچھے چُھپے ان کے کام، اب تیزی سے آشکار ہوتے جا رہے ہیں۔
ماضی میں، سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (آئی آر جی سی) کے افسران اور کمانڈر عموماً مجتبیٰ خامنہ ای کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا نام استعمال کرنے یا ان کے کسی بیان کا حوالہ دینے سے گریز کرتے تھے۔
تاہم، حال ہی میں، اس میں تبدیلی آئی ہے اور خامنہ ای کے دوسرے بیٹے نے مقبولیت حاصل کر لی ہے حالانکہ اسلامی جمہوریہ کی قیادت ولایت فقیہ کے ضوابط پر عمل کرتی ہے اور حکومت کے آئین کے مطابق، قیادت موروثی نہیں ہے۔
آئین کے مطابق، تمام سپریم لیڈروں (روح اللہ خمینی کے بعد سے) کا انتخاب ماہرین کی ایسی اسمبلی کے ذریعے کیا جاتا ہے جنہیں ایرانی ووٹ دہندگان آٹھ سال کی مدت کے لیے منتخب کرتے ہیں۔
مجتبیٰ کی بات سننے کے لیے اس کے پاس اپنے والد موجود ہیں اور اس کے نتیجے میں، اسے آئی آر جی سی اور اس کے بیرونی بازو قدس فورس (آئی آر جی سی - کیو ایف) میں فیصلہ سازی پر وسیع کنٹرول حاصل ہے۔
اگرچہ اس کے فیصلوں اور اقدامات نے مبینہ طور پر آئی آر جی سی کے کمانڈروں کو بھی ناراض کیا ہے، لیکن اپنے والد کی طرف سے ملنے والی کھلی چھٹی نے اسے حکومت کے اہلکاروں کی طرف سے کیے جانے والے اعتراضات کو روندنے کے لیے کافی طاقت دی ہے۔
مجتبیٰ کے فیصلوں پر تنقید
آئی آر جی سی کے کمانڈروں، انٹیلی جنس اہلکاروں اور علی خامنہ ای کے درمیان ہونے والی ایک خفیہ میٹنگ کی تفصیلات کو بیان کرنے والی ایک خفیہ دستاویز، جو 3 جنوری کو سامنے آئی، سے پتہ چلتا ہے کہ آئی آر جی سی کے اہلکار جو حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے انچارج تھے، مجتبیٰ کے کیے گئے فیصلوں سے مایوس تھے۔
صوبہ فارس کی آئی آر جی سی سے وابستہ فجر فورس کے کمانڈر یاداللہ بوعلی نے اجلاس میں مجتبیٰ کی زیرِ قیادت کام کرنے والی فورسز پر تنقید کی۔
بوعلی نے کہا کہ "ان فورسز نے ملک کے سیکورٹی ڈھانچے کو درہم برہم کر دیا ہے۔"
بوعلی کے تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران میں آئی آر جی سی اور انٹیلی جنس فورسز کے کمانڈروں کی تقرری اور انتخاب میں چھوٹے خامنہ ای کا ہاتھ ہے - ایک ایسے وقت میں جو حکومت کے لیے بہت حساس ہے -- جب وہ اپنی موت سے خوفزدہ ہے۔
بوعلی نے میٹنگ میں کہا کہ مجتبیٰ نے مبینہ طور پر جو دباؤ ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں سیکورٹی اور فوجی دستوں کی تبدیلی ہوئی ہے "تباہ کن" نتائج لا سکتا ہے۔
لیکن بزرگ خامنہ ای نے واضح طور پر اپنی ترجیحات واضح کر دی ہیں: وہ اپنے بیٹے کو آئی آر جی سی کے اندر سربراہی دینا چاہتے ہیں -- جو کہ ملک کا سب سے طاقتور ادارہ ہے۔
کچھ خبروں کے مطابق، آئی آر جی سی کے انٹیلی جنس کے سربراہ حسین طیب جو کہ آئی آر جی سی کے انٹیلی جنس چیف اور قریبی معتمد تھے، کو 13 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد عہدے سے ہٹا کر آئی آر جی سی کے انٹیلی جنس کے نظام کو تبدیل کرنے کے فیصلے کے پیچھے بھی مجتبیٰ کا ہاتھ تھا۔
جون میں، طیب کی جگہ جنرل محمد کاظمی نے لے لی، جو پہلے آئی آر جی سی کی انسدادِ انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ تھے جو انٹیلی جنس پروٹیکشن آرگنائزیشن کے نام سے جانی جاتی ہے۔
ایران کے روزنامہ شرق نے اس تبدیلی کو "سیاسی زلزلہ" قرار دیا، جیسا کہ بہت سے تجزیہ کاروں نے کہا ہے۔
طیب، ایک درمیانے درجے کے عالم کو بڑے پیمانے پر ایک "خوفناک شخصیت" کے طور پر بیان کیا جاتا ہے، جو آئی آر جی سی کے آغاز سے ہی اس کے انٹیلی جنس ڈویژن کی قیادت کرتے رہے تھے۔
ایران میں مقیم ایک سیاسی تجزیہ کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کچھ انٹیلی جنس حکام اور آئی آر جی سی کے شخصیات طیب کی برطرفی سے متفق نہیں ہیں لیکن یہ حکم "اوپر سے آیا تھا۔"
تجزیہ کار نے کہا کہ یہ فیصلہ مبینہ طور پر مجتبیٰ نے کیا تھا اور اسی لیے یہ حتمی تھا۔
انہوں نے المشارق کو بتایا کہ یہ بات ایک حقیقت بن گئی ہے کہ مجتبیٰ کی طرف سے کیا جانے والا فیصلہ ان کے والد کے فیصلے کے مترادف ہے۔
دھاندلی زدہ انتخابات میں کردار
ایک اصلاح پسند عالم اور سیاست دان مہدی کروبی نے 2009 کے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد، ایرانی سیاست میں مجتبیٰ کے کردار پر پہلی بار عوامی طور پر تذکرہ کیا تھا۔
کروبی، جنہوں نے موجودہ محمود احمدی نژاد اور اصلاح پسند میر حسین موسوی کے خلاف انتخاب لڑا تھا -- لیکن انہیں اس میں شکست ہوئی تھی -- 2009 سے گھر میں نظر بند ہیں۔
متنازعہ انتخابی نتائج کے باعث، ایران میں گرین موومنٹ کے نام سے مشہور ہونے والی، بغاوت بھڑک اٹھی تھی، جس کا اختتام حکومت کی طرف سے احتجاج پر کیے جانے والے سخت کریک ڈاؤن اور کروبی اور موسوی دونوں کی نظر بندی کے ساتھ ہوا۔
کروبی نے نتائج کے خلاف آواز اٹھائی اور انہوں نے خامنہ ای کو لکھے جانے والے ایک کھلے خط میں ذکر کیا کہ ان کے بیٹے، مجتبیٰ نے احمدی نژاد کی حمایت کی، جس کا مطلب یہ ہے کہ احمدی نژاد کو اقتدار میں رکھنے کے فیصلے میں چھوٹے خامنہ ای کا ہاتھ تھا۔
غیر آئینی جانشینی
ایران کی سیاست میں اپنے کردار کے علاوہ، مجتبیٰ پر دہشت گردی برآمد کرنے اور حکومت کے توسیع پسندانہ ایجنڈے کی پیروی کرنے میں کردار ادا کرنے کا الزام بھی ہے۔
4 نومبر 2019 کو، ان پر امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے پابندیاں عائد کی گئیں۔
امریکہ کے محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ "سپریم لیڈر کے دوسرے بیٹے، مجتبیٰ خامنہ ای کو آج ایک سرکاری حیثیت میں سپریم لیڈر کی نمائندگی کرنے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، حالانکہ وہ اپنے والد کے دفتر میں کام کرنے کے علاوہ کبھی بھی کسی سرکاری عہدے پر منتخب یا تعینات نہیں ہوئے ہیں۔"
بیان میں کہا گیا کہ "سپریم لیڈر نے اپنی قیادت کی ذمہ داریوں کا ایک حصہ مجتبیٰ خامنہ ای کو سونپا ہے، جنہوں نے اپنے والد کے غیر مستحکم علاقائی عزائم اور جابرانہ گھریلو مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے آئی آر جی سی - کیو ایف کے کمانڈر اور بسیج مزاحمتی قوت (بسیج) کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔"
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خامنہ ای کا اپنے بیٹے کو اختیارات سونپنا اور اس کے ساتھ ہی اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کا اختیار دینا بھی غیر آئینی ہے۔
ایک ایرانی قانونی تجزیہ کار جو آئین میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں، نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کوئی بادشاہت نہیں ہے اور رہنما براہ راست یا بالواسطہ طور پر اپنے خاندان کے افراد کو اپنا جانشین مقرر نہیں کر سکتا ہے۔
انہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر المشارق کو بتایا کہ "پھر بھی علی خامنہ ای نے آئین کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے، باگ ڈور اپنے بیٹے کے حوالے کر دی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "حکومت کے اعلی حکام کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے عہدے کے لیے کوشاں ہیں۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسا کرتے ہوئے وہ [ایرانی صدر ابراہیم] رئیسی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ رئیسی خود ایک سخت گیر اور ایک اندرونی آدمی ہے جو رہنما کے بہت قریب ہے۔"
تجزیہ کار نے کہا کہ مجتبیٰ کئی طرح سے اپنے والد سے مشابہت رکھتا ہے لیکن ان سے زیادہ ظالم ہے۔