تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یمن کے لیے، سعودی عرب اور ایران کی حیرت انگیز مصالحت کوئی "جادو کی چھڑی" نہیں ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پیچیدہ تنازعے کا کوئی آسان حل نہیں ہے اور چین کی امن کے ضامن کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت پر شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔
سفارتی تعلقات کی بحالی کے اقدام نے پورے خطے اور خاص طور پر عرب دنیا کے غریب ترین ملک یمن میں کشیدگی میں کمی کی امیدیں پیدا کر دی ہیں، جہاں بھاری بھرکم حریف ایسی لڑائی لڑ رہے ہیں جو کہ پراکسی جنگ کے مترادف ہے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے 2014 میں صنعا پر قبضہ کر لیا تھا، جس نے اگلے سال سعودی قیادت میں مداخلت کو جنم دیا اور اس لڑائی میں سینکڑوں افراد مارے گئے اور یہ دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کا سبب بنی۔
لیکن ایک ایسے ملک میں جو طویل عرصے سے ہلچل کا شکار ہے اور جو اقراری، علاقائی اور سیاسی خطوط پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، یہاں تک کہ سعودی اور ایرانی اثر و رسوخ کا انخلا بھی تمام مسائل حل نہیں کر پائے گا۔
کیمبرج یونیورسٹی کے گرٹن کالج سے تعلق رکھنے والی یمن کی ماہر، الزبتھ کینڈل نے کہا کہ "سعودی - ایران معاہدہ ایک تعمیری قدم ہے، لیکن یہ خود سے یمن کے تنازعہ کو حل نہیں کر دے گا، کم از کم مختصر مدت میں نہیں۔"
"اس کی وجہ یہ ہے کہ یمن کا تنازعہ آخرکار مقامی طور پر، اس سوال کے گرد پیدا ہوا کہ طاقت، علاقے اور وسائل پر کون کنٹرول کرتا ہے۔"
یمن کے مسائل، تباہ شدہ معیشت جس میں لاکھوں افراد امداد پر انحصار کرتے ہیں سے لے کر، القاعدہ کی قابلِ قدر موجودگی اور جنوب میں الگ ہونے والی تحریکوں پر مشتمل ہیں، جو کہ 1967 سے 1990 تک ایک الگ، کمیونسٹ حکمرانی والا ملک تھا۔
سعودی عرب کی سرحد سے متصل شمالی علاقے سے آنے والے حوثی، ملک کے بڑے حصے پر قابض ہیں جہاں وہ خاص طور پر خواتین پر پابندیاں سخت کر رہے ہیں۔
معاہدے پر ملا جلا ردعمل
یمن کی حکومت نے 10 مارچ کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ "خطے میں تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس کا آغاز یمن کے معاملات میں ایران کی مداخلت کے خاتمے سے ہو گا"۔
لیکن اس نے کہا کہ وہ ایرانی حکومت کے ساتھ اس وقت تک محتاط انداز میں نمٹتا رہے گا جب تک کہ وہ یمن اور خطے میں اپنے رویے اور تباہ کن پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی نہیں دیکھ لیتا۔ یہ خبر اشرق الاوسط نے دی ہے۔
اس میں حوثیوں کو ہتھیاروں کی فراہمی اور سپاہِ پاسدرانِ انقلابِ اسلامی (آئی آر جی سی) کے تربیت کاروں کے ذریعے اس کی مسلسل حمایت شامل ہے۔
یمنی عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
حوثیوں کے زیرِ قبضہ صنعا سے تعلق رکھنے والے الطاف علی نے کہا کہ "انشاء اللہ، ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ عرب دنیا اور خاص طور پر یمن کے شہریوں اور یمن کے لیے، جنگ کے خاتمے کے لیے ایک اچھی علامت ثابت ہو گا۔"
لیکن محصور حکومت کے زیر قبضہ شہر تائز میں، عبدالحکیم مجالس نے کہا کہ انہیں شک ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان نئے سفارتی تعلقات "ایک جامع امن قائم کر سکیں گے"۔
انہوں نے کہا کہ "بعض معاہدوں کے مطابق، یہ مختصر مدت کے لیے ایک عارضی جنگ بندی کا باعث ہو سکتا ہے لیکن یہ جنگ کو نہیں روک سکے گا اور نہ ہی یمن میں ایک جامع اور دیرپا امن قائم کر سکے گا۔"
گزشتہ اپریل میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے نفاذ کے بعد، یمن میں لڑائی واضح طور پر کم ہوئی اور اکتوبر میں معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی یہ بڑی حد تک رکی ہوئی ہے۔
یمنی اور علاقائی ذرائع کے مطابق، سعودی عرب کئی مہینوں سے حوثیوں کے ساتھ، عمانی سرپرستی میں پردے کے پیچھے مذاکرات کر رہا ہے۔
یمن کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹم لینڈرکنگ نے منگل (14 مارچ) کو سعودی عرب اور عمان کا دورہ کیا تاکہ اس جنگ بندی کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی بھرپور امریکی کوششوں کو جاری رکھا جا سکے۔
امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ "2021 سے امریکی سفارت کاری کے ذریعے ممکن بنائی جانے والی جنگ بندی اور اس کے بعد آنے والے سکون کے دور نے، ہزاروں جانیں بچائی ہیں، لاکھوں یمنیوں کو ٹھوس سکھ پہنچایا ہے اور یمن میں امن کا ایک ایسا بہترین موقع پیدا کیا ہے جو اسے برسوں بعد ملا ہے۔"
'کوئی جادو کی چھڑی نہیں'
صنعا سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر مجد المدھاجی کے مطابق، سعودی - ایران معاہدہ، یمن کو درپیش مسائل کے لیے کوئی "جادو کی چھڑی" نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ "یمن کا حل صرف سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (عرب اتحاد کا ایک اہم رکن)، حوثیوں، ایران اور دیگر کی موجودگی میں کی جانے والی کثیر الجہتی بات چیت کے ذریعے ہی نکلے گا۔"
انٹرنیشنل کرائسز گروپ انسٹی ٹیوٹ کے محقق احمد ناجی نے کہا کہ سعودی- ایران کشیدہ تعلقات میں کمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تنازع کی تمام تر پیچیدگیوں کا مکمل خاتمہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن "ایک کثیر الجہتی جنگ کا سامنا کر رہا ہے اور یہ معاہدہ اس کی علاقائی جہت کو حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا"۔
"لیکن تنازعہ کے مقامی محرکات پھر بھی موجود رہیں گے اور انہیں ختم کرنے کے لیے مزید وقت اور ہمہ سمتی حل درکار ہوں گے"۔
کارنیگی مڈل ایسٹ سنٹر نے ایک تجزیے میں کہا کہ "جو بات واضح نہیں ہے وہ یہ ہے کہ اگر کسی بھی فریق نے معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی تو آیا بیجنگ کوئی ضمانتیں پیش کرے گا یا نہیں۔"
اس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مداخلت یمن اور خطے کے دیگر ممالک میں "زندگی کی ایک حقیقت" ہے اور اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ یمن میں امن کی واحد ضمانت "اس نازک موڑ پر، چین کو ناراض کرنے کے لیے کسی بھی فریق کا تیار نہ ہونا ہے"۔
المونیٹر نے ایک تجزیے میں کہا کہ "سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کا طویل عرصے سے مشاہدہ کرنے والے زیادہ تر مبصرین بجا طور پر اس بات پر شکوک کا اظہار کر رہے ہیں کہ آیا دونوں فریق معاہدے کی روح کو حقیقی مصالحت میں تبدیل کر پائیں گے۔"
آزاد نیوز سائٹ نے کہا کہ "واشنگٹن کے برعکس، چین کی پاور پروجیکشن کی صلاحیتیں انتہائی محدود ہیں"۔
اس نے نمایاں کیا کہ "جبوتی میں اپنے واحد غیر ملکی فوجی اڈے کے ساتھ، اور خطے میں کسی خاطر خواہ حفاظتی ڈھانچہ کے بغیر، بیجنگ طاقت کے استعمال -- یا دھمکی -- کے ساتھ معاہدے کو نافذ کرنے سے قاصر ہو گا"۔
اس نے مزید کہا کہ "جبکہ فوج کی یہ انتہائی غیر موجودگی، علاقائی ریاستوں کی نظروں میں چین کے لیے سافٹ پاور کا ذریعہ ہو سکتی ہے ... بیجنگ خطے میں اہم اثاثوں کی حفاظت نہیں کر سکتا اور نہ ہی خلاف ورزیوں کا جواب دے سکتا ہے"۔
اس نے اس بات کا اضافہ کرتے ہوئے کہ چین "تقریبا یقینی طور پر اس معاہدے کے ضامن کے طور پر کام کرنے سے قاصر اور غیر رضامند ہوگا" کہا کہ "بیجنگ اب بھی اس سلسلے میں واشنگٹن پر انحصار کر رہا ہے۔"