اسلام آباد -- ڈان نے خبر دی ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے سوموار (14 مئی) کے روز مشغولیت کے لیے ایک نیا عملی ڈھانچہ، افغانستان-پاکستان عملی منصوبہ برائے امن و استحکام (اے پی اے پی پی ایس) شروع کیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کی خارجہ وزارتوں کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے، "دونوں فریقین نے اتفاق کیا ہے کہ اے پی اے پی پی ایس کا مؤثر اور مکمل اطلاق دہشت گردی کے خاتمے اور امن، استحکام، خوشحالی کے حصول اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے مشترکہ مقاصد میں حصہ ڈالے گا۔"
پاکستان اور افغانستان نے عملی ڈھانچے کے سات اصولوں پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کسی بھی ملک کی سلامتی کو لاحق خطرے کے خلاف کارروائی کریں گے، کسی بھی ریاست دشمن عناصر کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور سرحد کی خلاف ورزیوں سے گریز کریں گے۔
دریں اثناء، دونوں ممالک نے کہا ہے کہ وہ متفقہ کارروائیوں کا اطلاق رابطہ افسران کے ذریعے مشترکہ طور پر کریں گے، ایک دوسرے پر الزام تراشی سے گریز کریں گے اور اس کی بجائے تشویشوں کو حل کرنے کے لیے اے پی اے پی پی ایس کا نظام استعمال کریں گے، اور عملی گروپ اور ضروری تعاون کے نظام قائم کریں گے۔
اے پی اے پی پی ایس کے جزو کے طور پر، پاکستان نے افغانستان کی زیرِ قیادت اور افغانستان کی ملکیت امن کوششوں میں حمایت کرنے کا عزم کیا ہے۔
چھ عملی گروپ اب کام کر رہے ہیں، بشمول وہ جو دفاع اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کا احاطہ کرتے ہیں۔