سلامتی

پاکستان سُپر لیگ کے آنے والے میچ سیکورٹی کی کامیابی کی دلالت کرتے ہیں

عبدل ناصر خان

پاکستان سُپر لیگ کا جشن منانے کے لیے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں 18 مارچ کو منعقد ہونے والی ریلی میں دو خواتین موٹرسائیکل چلا رہی ہیں۔ ]پاکستان کرکٹ بورڈ[

پاکستان سُپر لیگ کا جشن منانے کے لیے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں 18 مارچ کو منعقد ہونے والی ریلی میں دو خواتین موٹرسائیکل چلا رہی ہیں۔ ]پاکستان کرکٹ بورڈ[

لاہور -- لاہور کے شہری سیکورٹی کی بہتر ہونے والی صورتِ حال سے مستفید ہوتے ہوئے ان بین الاقوامی کھلاڑیوں کو شہر میں خوش آمدید کہنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جو دو پلے آف میچ کھیلنے کے لیے آئیں گے۔ یہ میچ 2018 پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے حصہ کے طور پر منگل - بدھ (21 اور 22 مارچ) کو ہونا طے پائے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے کھیلوں کے صحافی حافظ شہباز علی نے پیر (19 مارچ) کو پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ "سیکورٹی کی بہتر ہوتی ہوئی صورتِ حال کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور اس سال پی ایس ایل کے تین میچ پاکستان میں ہونا طے پائے ہیں: لاہور میں دو پلے آف اور کراچی میں فائنل میچ"۔

علی کے مطابق، ان میچوں کے لیے ٹکٹیں، جو کہ لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جس میں 23,700 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، ایک ہفتہ پہلے ہی مکمل طور پر فروخت ہو چکی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ "کرکٹ کے شائقین کو بہت سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان کی سرزمین پر کھیلتاہوا دیکھنے کو موقع ملے گا"۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 18 مارچ کو ایک سیکورٹی گارڈ داخل ہونے والے تماشائیوں کو اسکین کر رہا ہے۔ ]عبدل ناصر خان[

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 18 مارچ کو ایک سیکورٹی گارڈ داخل ہونے والے تماشائیوں کو اسکین کر رہا ہے۔ ]عبدل ناصر خان[

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پر کہا کہ "خوش خبری! ہر پی ایس ایل ٹیم کے ساتھ چھہ بڑے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کا سفر کریں گے"۔

دفاعی چیمپینز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایک ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے تمام غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل پلے آف میچوں کے لیے پاکستان کا سفر کریں گے۔ پچھلے سال کی طرح، زلمی کا پورا کا پورا اسکواڈ ناک آوٹ میچوں کے لیے پاکستان کا سفر کرے گا"۔

سیکورٹی کے بہتر انتظامات

میچوں کے لیے قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پنجاب پولیس کے ایک ترجمان نایاب حیدر نے پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ "حکام دونوں پلے آف میچوں کے دوران تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی کی یقین دہانی کروا رہے ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ "تماشائیوں کو کرکٹ کے میچ کے میدان تک پہنچنے کے لیے مفت شٹل سروس مہیا کی جائے گی اور ہر کسی کی داخلے کے مقامات پر جانچ پڑتال ہو گی"۔

پنجاب کے وزیرِ اعلی شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ "میں خود سیکورٹی کے انتظامات کی نگرانی کروں گا"۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے ایک شیدائی عزیر خان نے پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ "یہ پاکستان کے لیے شاندار لمحہ ہے کہ اب بین الاقوامی کرکٹ ہماری زمین پر واپس آ رہی ہے"۔

انہوں نے کہا کہ "میں میچوں کو دیکھنے کا بہت خواہشمند ہوں تاکہ پی سی بی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا اپنی زمین پر کھیلنے پر شکریہ ادا کر سکوں"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500