اسلام آباد - ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، امن کمیٹی کے کم از کم پانچ ارکان اور دو دہشت گرد پاکستان میں تشدد کے حالیہ واقعات میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
ڈان کے مطابق، حکام نے بتایا کہ خیبر ایجنسی میں ذکاخیل امن کمیٹی کے پانچ ارکان کو سولہ نومبر کو بازارِ ذکاخیل میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
جیو نیوز اور دنیا ٹی وی نے سترہ نومبر کو خبر دی ہے کہ کراچی میں پولیس نے سولہ نومبر کی صبح کو دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور تیرہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
دریں اثنا، پنجاب پولیس نے حال ہی میں "دولت اسلامیہ عراق و شام" (داعش) کے آٹھ مبینہ ارکان کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔ ڈان کے مطابق یہ بات انسداد دہشت گردی کے صوبائی شعبہ (سی ٹی ڈی) نے سترہ نومبر کو بتائی۔
ڈان نے خبر دی ہے کہ بلوچستان میں، فرنٹئر کور (ایف سی) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے سولہ نومبر کو ٹمپ میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم کو ناکارہ بنایا۔
علاوہ ازیں، ایف سی نے حال ہی میں بلوچستان کے علاقے ہب سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ خبر دنیا ٹی وی نے سولہ نومبر کو دی ہے۔