شمالی وزیرستان -- انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بدھ (یکم مئی) کو ایک بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان میں سرحد پار سےہونے والے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 3 پاکستانی فوجی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ساٹھ سے ستر دہشت گردوں نے اس وقت فوجیوں پر فائرنگ شروع کر دی جب وہ الورا میں سرحد پر باڑ لگا رہے تھے، پاکستانی فوجیوں نے انہیں پسپا کر دیا۔ فوجیوں نے دہشت گردوں کی بڑی تعداد کو ہلاک و زخمی کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے باڑ لگانے کے منصوبے کی مدد کرنے اور "افغان زمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کو روکنے" کے لیے افغان حکام کو "سرحدی علاقے میں زیادہ موثر کنٹرول کی ضرورت ہے"۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان "ایسی تمام رکاوٹوں" کے باجود پاکستان-افغانستان سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری رکھے گا۔