کوئٹہ – حکام نے جمعرات (18 اپریل) کو بتایا کہ مسلح افراد نے صوبہ بلوچستان میں کم از کم 14 مسافروں کو زبردستی بسوں سے اتار کر قتل کر دیا۔
صوبائی سیکریٹری داخلہ حیدر علی نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً دو درجن حملہ آوروں نے نیم فوجی فرنٹیئر کور کی وردی پہن رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے "مکران کوسٹل ہائی وے پر بسیں روکیں اور 14 افراد کو گولیاں مار دیں،" انہوں نے مزید کہا کہ یہ چار بسیں اورمارا کے ساحلی قصبہ سے کراچی جا رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے غیر بلوچ مسافروں کی ان کے شناختی کارڈ سے شناخت کی اور انہیں گولیاں مار دیں۔ مانا جاتا ہے کہ بحریہ کے ایک افسر اور ایک کوسٹ گارڈ سمیت تمام متاثرین پاکستانی ہیں۔
صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء اللہ لنگووے نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک مکمل تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور حکام مسلح افراد کی تلاش کی کوشش کر رہے ہیں۔