اسلام آباد -- ڈان نے خبر دی ہے کہ صدر ممنون حسین نے جمعرات (31 مئی) کو 25 ویں آئینی ترمیم کے مسودہ قانون پر دستخط کر کے اسے قانون بنا دیا جو کہ وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کے خیبر پختونخواہ (کے پی) میں انضمام کا آخری قدم تھا۔
اس ترمیم کا مقصد فاٹا پر حکومت کرنے والے نو آبادیاتی دور کے قوانین کو ختم کرنا، اس کے اضلاع تک پاکستانی عدالتوں کی عملداری کو بڑھانا اور اس کے شہریوں کے لیے ترقیاتی امداد میں اضافہ کرنا تھا۔
پارلیمنٹ نے 25 مئی کو اس مسودہِ قانون کی منظوری دی تھی اور کے پی کی اسمبلی نے 28 مئی کو اسے منظور کیا تھا۔
حسین نے فاٹا کے عوام کو مبارک باد دی اور کہا کہ اب وہ ملک کے دوسرے شہریوں جیسے حقوق سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ انضمام ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور لے کر آئے گا۔