سٹاف رپورٹ -- ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ پنجاب میں ایک نامعلوم مسلح شخص نے احمدی اقلیت کے ایک فرد کو ہلاک کر دیا، جبکہ بلوچستان میں مشتعل ہجوم نے توہینِ رسالت کا ارتکاب کرنے والے ایک فرد کو مارنے کی کوشش کی جس میں ہجوم کے ہاتھوں ایک 10 سالہ لڑکا مارا گیا۔
سماء کے مطابق، صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں بدھ (3 مئی) کے روز ایک 62 سالہ احمدی شخص بشارت احمد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
احمدی تنظیم، جماعت احمدیہ پاکستان کے ترجمان، سلیم الدین نے کہا کہ پنجاب میں صرف 35 دنوں میں یہ ٹارگٹ کلنگ کا تیسرا واقعہ ہے۔
دریں اثناء، جمعرات (4 مئی) کو ڈان نے خبر دی کہ بلوچستان میں حب کے علاقے میں ایک مشتعل ہجوم نے ایک پولیس تھانے پر دھاوا بول دیا، یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ پولیس توہینِ رسالت کا ارتکاب کرنے والے ایک ہندو کو ان کے حوالے کرے۔
پولیس نے کہا کہ اس فساد میں، ایک 10 سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا۔ ڈان نے بتایا کہ لڑکا گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔