کوئٹہ -- ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، کالعدم بلوچستان ریپبلکن آرمی (بی آر اے) کے 43 جنگجوؤں کے ایک گروہ نے عسکریت پسندی کو ترک کر دیا ہے اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں، جبکہ پشاور میں دہشت گرد گروہ "دولتِ اسلامیہ عراق و شام" (داعش) کے دو مبینہ ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈان کے مطابق، فرنٹیئر کور (ایف سی) نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والے جنگجوؤں نے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک تقریب کے دوران نواب زادہ براہمداخ بگٹی سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے، اپنے ہتھیار 18 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیئے۔
جیو نیوز نے خبر دی ہے کہ ایک الگ واقعہ میں، 18 اکتوبر کو پشاور میں پولیس کے شعبۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے داعش کے دو مبینہ ارکان کو حراست میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی کے اہلکار نے کہا کہ زیرِ حراست داعش کے ارکان شہر میں پاکستان مخالف لٹریچر اور دیگر مواد تقسیم کر رہے تھے۔