کوئٹہ بم دھماکے میں 14 زخمی؛ کراچی میں رینجرز کے ہاتھوں 4 دہشت گرد ہلاک

سٹاف رپورٹ

کوئٹہ -- ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، 11 اگست کو کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول سے کیے گئے ایک بم دھماکے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ فوج نے حال ہی میں کراچی میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور کراچی اور پشاور میں سات گرفتاریاں کی ہیں۔

پولیس نے کہا کہ کوئٹہ میں بم دھماکہ اس وقت ہوا جب وفاقی شرعی عدالت کے جج کی کار قریب سے گزر رہی تھے۔ ڈان کی اطلاع کے مطابق جج ظہور شاہوانی زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

جیو نیوز نے 11 اگست کو خبر دی کہ پولیس نے دھماکے کے مقام کے قریب ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

جیو نیوز کے مطابق، رینجرز کے ایک ترجمان نے کہا کہ دریں اثناء کراچی میں، نیم فوجی رینجرز نے 10 اگست کو ایک مقابلے میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد یومِ آزادی (14 اگست) کی تقریبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

جیو نیوز نے 11 اگست کو بتایا کہ پولیس نے حال ہی میں کراچی کے مختلف علاقوں سے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ڈان کے مطابق، خیبر پختونخوا (کے پی) شعبۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے یکم اگست کو کہا کہ پشاور میں سی ٹی ڈی نے حال ہی میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر کے پی کے دارالحکومت پر دہشت گرد حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500