سلامتی

متحدہ عرب امارات میں خفیہ چینی ملٹری سائٹ پر دوبارہ شروع ہونے والی تعمیر تشویش کا باعث

از ولید ابو الخیر

متحدہ عرب امارات کی خلیفہ بندرگاہ پر چینی کنٹینر ٹرمینل، جس کے لیے ریاستی کنٹرول والی چائنا اوشین شپنگ کمپنی لمیٹڈ کو 35 سال کی رعایت دی گئی تھی، یہاں 4 مئی کو لی گئی تصویر میں دکھائی دے رہی ہے۔ [ڈبلیو اے ایم]

متحدہ عرب امارات کی خلیفہ بندرگاہ پر چینی کنٹینر ٹرمینل، جس کے لیے ریاستی کنٹرول والی چائنا اوشین شپنگ کمپنی لمیٹڈ کو 35 سال کی رعایت دی گئی تھی، یہاں 4 مئی کو لی گئی تصویر میں دکھائی دے رہی ہے۔ [ڈبلیو اے ایم]

افشاء ہونے والی خفیہ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایک بندرگاہ پر دوبارہ تعمیر شروع کر دی ہے جہاں وہ مبینہ طور پر ایک خفیہ فوجی تنصیب تعمیر کر رہا ہے، اماراتی فوجی اہلکاروں نے اس کی تصدیق کی ہے۔

خبر کہ چین خلیفہ بندرگاہ پر ایک خفیہ فوجی سہولت تعمیر کر رہا ہے پہلی بار نومبر 2021 میں سامنے آئی تھی، جس میں وال سٹریٹ جرنل (ڈبلیو ایس جے) نے خبر دی تھی کہ امریکہ تقریباً ایک سال پہلے سے اس سرگرمی سے آگاہ تھا۔

یوں لگتا ہے کہ ڈبلیو ایس جے کی رپورٹ کے وقت تعمیراتی کام روک دیا گیا تھا، لیکن افشاء ہونے والی نئی خفیہ اطلاع -- اور صورتحال سے واقف تین اماراتی فوجی افسران کی معلومات -- کے مطابق یہ کام اس کے بعد سے دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے 26 اپریل کو افشاء ہونے والی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی کہ گزشتہ دسمبر میں، امریکی خفیہ محکموں نے دریافت کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مشتبہ چینی فوجی تنصیب پر تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔

ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان 22 جولائی 2019 کو بیجنگ میں ایک تقریب کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملٹری آنر گارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے۔ [گریگ بیکر/اے ایف پی]

ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان 22 جولائی 2019 کو بیجنگ میں ایک تقریب کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملٹری آنر گارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے۔ [گریگ بیکر/اے ایف پی]

اماراتی فوجی اہلکاروں، جنہوں نے المشارق سے بات کی، انہوں نے تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے اور متحدہ عرب امارات میں چینی فوجی موجودگی کی تصدیق کی۔

انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اوپر والا بورڈ کنٹینر ٹرمینل جو چین کی جانب سے خلیفہ بندرگاہ کے قریب واقع تاویلہ میں تیار کیا جا رہا ہے، اس میں غیر چینی شہریوں کے داخلے پر غیر معمولی پابندیاں عائد ہیں۔

دسمبر 2018 میں، ابوظہبی پورٹس کمپنی نے خلیفہ بندرگاہ پر تجارتی کنٹینر ٹرمینل کو چلانے اور تیار کرنے کے لیے سرکاری ملکیتی چائنا اوشین شپنگ کمپنی لمیٹڈ (کوسکو) کے ساتھ 35 سالہ رعایتی معاہدہ کیا تھا۔

خفیہ اطلاعات بتاتی ہیں کہ چین بندرگاہ اور اہم علاقوں میں دیگر بندرگاہوں پر اپنی فوجی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے جائز تجارتی سرگرمیاں استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ اماراتی بندرگاہ کی تیاری تزویراتی طور پر واقع علاقوں میں چینی تسلط کو بڑھانے اور جنوبی بحیرۂ چین سے سوئز کینال تک پھیلی ہوئی بندرگاہوں کے ذریعے خطے تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔

جاسوسی کے متعلق خدشات

امریکی کانگریس کے خبر رساں ادارے رول کال کے مطابق، حال ہی میں ایک امریکی قانون ساز نے متحدہ عرب امارات میں ممکنہ چینی نگرانی کی سرگرمیوں کے بارے میں خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔

نمائندے راجہ کرشنامورتی نے کہا کہ بیجنگ نے یو اے ای کے مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو 5 جی آلات کے ساتھ اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کی ہے جو چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے بنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے رول کال کو بتایا، "خطرے کی گھنٹی بج جاتی ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہواوے کا بنیادی ڈھانچہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی سی پی) کو نیٹ ورک پر صارفین کے بارے میں اہم ڈیٹا تک رسائی کے لیے چور دروازہ فراہم کرتا ہے

اماراتی فوجی ذرائع نے المشارق کو بتایا کہ چینی کنٹینر ٹرمینل ایک طویل المعیاد خطرہ ہے کیونکہ اس سے جاسوسی کی سرگرمیوں کے لیے ایک ممکنہ پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے۔

اماراتی فوج کے ایک سینئر افسر نے کہا، "سطح پر، خلیفہ بندرگاہ پر چینی تجارتی زون کنٹینروں کے لیے ایک سٹیشن اور چینی سامان کے لیے ایک عبوری سٹیشن کی طرح لگتا ہے، جبکہ حقیقت بالکل مختلف ہے"۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے اس نے کہا کہ تعمیراتی کام صرف تھوڑے عرصے کے لیے رکا تھا اور اس کے بعد سے دوبارہ شروع ہو گیا ہے، اس سرگرمی کے ساتھ جسے ننگی آنکھوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس نے خبردار کیا حتیٰ کہ وہ کمپنیاں جو چینی فوج کی ملکیت نہیں ہیں، اس کے براہِ راست کنٹرول میں ہیں، اور وہ ان تمام معلومات کا تبادلہ کرنے اور فوجی قیادت کے احکامات پر عمل کرنے کی پابند ہیں۔

اماراتی فوج کے ریٹائرڈ افسر عبداللہ العامری نے المشارق کو بتایا کہ وہ چین سے یہ توقع نہیں رکھتے کہ وہ "متحدہ عرب امارات میں روایتی معنوں میں ایک فوجی اڈہ قائم کرے گا بلکہ ایک سیکیورٹی مانیٹرنگ سینٹر جو خلیجی خطے کی نگرانی کرتا ہے"۔

انہوں نے کہا کہ خلیفہ بندرگاہ فوجی اور سویلین نگرانی کے لیے تزویراتی طور پر موزوں مقام پر واقع ہے، البتہ جاسوسی کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی جہاں کام کرتے ہیں ان علاقوں کے قریب سے ان کی فوجی نقل و حرکت کی نگرانی "تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہے"۔

الامیری نے نوٹ کیا کہ ایران کے ساتھ چین کے قریبی تعلقات بھی "متحدہ عرب امارات اور باقی خلیجی ممالک کو مستقل خطرے میں ڈالتے ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ یہ خصوصاً تشویشناک ہو گا کہ اگر ایران کو متحدہ عرب امارات میں چینی بندرگاہوں کو استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے، ایرانی فوجی کشتیاں خلیجی پانیوں میں موجود ہیں اور وہ معمول کے مطابق فوجی اور تجارتی جہازوں کو ہراساں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ایران "کے پاس چین کے نگران سٹیشنوں کے ذریعے -- اندر سے ایک حمایتی پشت پناہ ہو گا -- جو اماراتی ساحلوں اور پانیوں کا دفاع کرنے والے کسی بھی فوجی یونٹ کی سرگرمی میں رکاوٹ ڈالے گا"۔

انہوں نے مزید کہا، جب اس سہولت کی تعمیر مکمل ہو جائے گی، تو چین کے پاس "سرحدوں سے باہر اپنی سرگرمیاں کرنے کے لیے کافی جگہ ہو گی، جیسے جاسوسی کے علاوہ حراست اور جبری گمشدگیاں"۔

چین کی توسیعی کوششیں

دبئی پولیس کے محکمۂ انسدادِ منشیات کے ایک سابق افسر کرنل راشد محمد المری نے کہا کہ غیر چینی شہریوں کے لیے، کوسکو کے زیرِ قبضہ خلیفہ بندرگاہ کے علاقے تک رسائی کو کافی حد تک محدود کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے المشارق کو بتایا، "یہاں تک کہ اماراتی سیکیورٹی اور کسٹم کے اہلکاروں کو بھی یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ خلیفہ بندرگاہ پر دوسرے تجارتی زونز کی طرح گھوم پھر کر معمول کا معائنہ کریں"۔

انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ کمپنی کے ساتھ معاہدہ بنیادی طور پر چینی مزدوروں کے استعمال کا تعین کرتا ہے، اور یہ کہ نگرانی اور گارڈ ڈیوٹی پر بھی لاگو ہوتا ہے، جو کہ "چین جیسے ملک کے ساتھ عجیب اور حیران کن بات ہے"۔

انہوں نے کہا کہ 4,500 سے زائد چینی کمپنیاں اور ایجنسیاں متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں، "جو چین کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں چینی شہریوں کو سائٹ پر رکھے"۔

المری نے کہا، "کوسکو، جو کہ چینی توسیع کے لیے ایک محاذ کے طور پر جانا جاتا ہے، اس کے خطے میں دوسرے سٹیشن ہیں، جیسے مصر اور دیگر ممالک، جو اسے چینی دراندازی کے سلسلے میں تزویراتی کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں"۔

دوسری عالمی بندرگاہوں میں چینی فرم کی سرگرمیاں اس ہفتے خبروں میں رہی ہیں، جرمن حکومت نے بدھ (10 مئی) کے روز کوسکو کو ہیمبرگ کی بندرگاہ میں حصص خریدنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اے ایف پی نے خبر دی کہ جرمن حکومت نے اکتوبر میں متنازعہ طور پر سرکاری چینی شپنگ کمپنی کو ہیمبرگ میں ٹولرورٹ کنٹینر ٹرمینل میں 24.9 فیصد تک حصص خریدنے کی اجازت دی ہے۔

یہ چینی سرمایہ کاروں کو بنیادی ڈھانچے کی فروخت پر حفاظتی خدشات کے باوجود سامنے آیا ہے۔

ابتدائی طور پر کوسکو نے کسی سمجھوتے کے معاہدے کا اعلان کرنے سے پہلے بندرگاہ میں 35 فیصد سے زیادہ حصص خریدنے کی کوشش کی تھی۔

جرمنی اپنے انسانی حقوق کے ریکارڈ اور روس کے ساتھ تعلقات کے ساتھ ساتھ تائیوان پر کشیدگی میں اضافے پر تشویش کے درمیان چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کا از سر نو جائزہ لے رہا ہے۔

نومبر میں، جرمنی نے اہم ٹیکنالوجی کے متعلق حفاظتی خدشات کے سبب چینی سرمایہ کاروں کو دو چپ سازوں کی فروخت روک دی تھی۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500