سلامتی

ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد کے پی میں دہشت گردی میں کمی

از زرق خان

اعلی پاکستانی پولیس افسران، 14 مئی کو اپنے ان ساتھیوں کو سلام پیش کر رہے ہیں جو 30 جنوری کو پشاور کی ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے میں مارے گئے تھے۔ [خیبر پختونخوا پولیس]

اعلی پاکستانی پولیس افسران، 14 مئی کو اپنے ان ساتھیوں کو سلام پیش کر رہے ہیں جو 30 جنوری کو پشاور کی ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے میں مارے گئے تھے۔ [خیبر پختونخوا پولیس]

اسلام آباد -- پولیس کے ایک جائزے کے مطابق، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اس وقت جاری کریک ڈاؤن میں ہونے والی حالیہ گرفتاریاں اور ہائی پروفائل عسکریت پسندوں کی ہلاکتیں، خیبر پختونخواہ (کے پی) صوبے میں دہشت گردی میں نمایاں کمی کا باعث بنی ہیں۔

پیش رفت کی اپنی تازہ ترین رپورٹ میں، کے پی پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشاہدہ کیا ہے کہ سال کے پچھلے تین مہینوں کے مقابلے میں اپریل میں صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں 11.9 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی 13 مئی کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق، 2023 کے پہلے چار مہینوں کے دوران، پولیس نے دہشت گردی کے کل 309 مقدمات درج کیے، جن میں سے 213 کا سراغ لگایا گیا ہے اور 124 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس نے اسی عرصے کے دوران مختلف چھاپوں میں کم از کم 54 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا، جن میں سے 15 افراد کے سروں کی قیمت بھی مقرر تھی۔

خیبر پختونخواہ کے پولیس افسران، 7 مئی کو پشاور میں چھاپے کے بعد، گروپ فوٹو کے لیے پوز کر رہے ہیں۔ [خیبر پختونخوا پولیس]

خیبر پختونخواہ کے پولیس افسران، 7 مئی کو پشاور میں چھاپے کے بعد، گروپ فوٹو کے لیے پوز کر رہے ہیں۔ [خیبر پختونخوا پولیس]

رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس نے صوبے بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی 711 کارروائیوں میں مختلف عسکریت پسند تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 158 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔

دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے 39 مقابلوں میں، سی ٹی ڈی نے ان میں سے 62 کو ناکام بنانے اور 53 دہشت گردانہ حملوں کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چار ماہ تک جاری رہنے والے کریک ڈاؤن کے دوران، 47 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، 150 دستی بم، ایک خودکش جیکٹ، 105 ہتھیار اور مختلف کیلیبرز کے 2,822 راؤنڈز بازیاب کروائے گئے ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ کامیاب تحقیقات کے نتیجے میں گیارہ دہشت گردوں کو آٹھ مقدمات میں سزا سنائی گئی ہیں۔

کامیاب کریک ڈاؤن

کے پی کا صوبہ، ٹی ٹی پی کی طرف سے ہونے والے تشدد سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

اس گروہ کی جانب سے بہت سے دہشت گردانہ حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں پولیس افسران سمیت کئی بے گناہ جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

ایم ایم نیوز نے یکم مئی کو خبر دی کہ جنوری سے اپریل کے درمیان، کے پی میں پولیس فورس پر 77 حملوں میں، 120 پولیس اہلکار ہلاک اور 333 زخمی ہوئے ہیں۔

ٹی ٹی پی نے ان حملوں میں سے زیادہ تر کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پشاور کی ایک مسجد میں، 30 جنوری کو نماز ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے خودکش بم دھماکے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار، جنہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے، کہا کہ "فروری میں خیبر پختونخواہ میں ٹی ٹی پی کی جانب سے دہشت گردانہ حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا لیکن انٹیلی جنس اکھٹا کرنے اور سراغ لگانے کے ذریعے روک تھام کی حکمت عملی اپنانے کے بعد، سی ٹی ڈی نے اہم عسکریت پسند کمانڈروں کو گرفتار اور ہلاک کر کے، دہشت گردی کے حملوں کو کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے"۔

سیکیورٹی کے تجزیہ کار زبیر حمید، جو اسلام آباد میں خطرے کی تشخیص کرنے والی ایک فرم کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ ٹی ٹی پی، "دولتِ اسلامیہ" خراسان برانچ (داعش- کے) اور کمانڈر حافظ گل بہادر کی سربراہی میں کام کرنے والا ایک عسکریت پسند گروہ، صوبے میں سرگرم دہشت گرد گروہ ہیں۔

حمید نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر اقبال عرف بالی خیارہ کی ہلاکت، دہشت گرد گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن میں حاصل کی جانے والی ایک بڑی کامیابی ہے۔

اقبال 4 مئی کو، کے پی کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا تھا۔ وہ ماضی میں القاعدہ اور لشکر جھنگوی سے وابستہ رہا تھا اور کئی ہائی پروفائل حملوں کا منصوبہ ساز تھا، جن میں 2009 میں لاہور کا دورہ کرنے والی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والا حملہ اور 2008 میں ایک ضلعی ہسپتال پر ہونے والا خودکش حملہ بھی شامل تھے۔

سی ٹی ڈی نے، 14 مئی کو، بنوں سے ٹی ٹی پی کے ایک عسکریت پسند کو، سی ٹی ڈی کے سینئر افسر اقبال مہمند کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا۔

مہمند اور تین دیگر پولیس اہلکار 30 مارچ کو اس وقت مارے گئے جب ان کی گاڑی ضلع لکی مروت میں سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500