کابل کی احمد شاہائی مارکیٹ میں ایک 35 سالہ دکاندار فقیر محمد محمدی نے کہا کہ صارفین کی قوتِ خرید میں کمی کے نتیجے میں کاروبار ٹھپ ہو گیا ہے۔
محمدی نے کہا، "ہماری کاسمیٹکس کی دکان ہے، اور ہماری فروخت میں بہت زیادہ کمی آئی ہے کیونکہ ہر کوئی روٹی کا لقمہ تلاش کرنے کے بارے میں سوچتا ہے... بہت کم لوگ شیمپو، صابن اور دیگر کاسمیٹکس خریدنے آتے ہیں"۔
اگست 2021 سے، ان کی یومیہ فروخت 50,000–90,000 افغانی (579 سے 1,043 امریکی ڈالر) سے کم ہو کر 500–1,000 افغانی (6 سے 12 امریکی ڈالر) ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "درحقیقت ، ہماری آمدن ہمارے لنچ یا ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے بھی ناکافی ہے"۔
محمدی نے کہا، "احمد شاہائی مارکیٹ کے تمام دکاندار بہت فکر مند ہیں، اور اگر موجودہ صورتحال جاری رہی اور مختصر مدت میں بہتری نہ آئی تو... ہم اپنا کاروبار جاری رکھنے کے قابل نہیں رہیں گے"۔
کابل شہر کے پولیس ضلع 6 میں پُل سرخ کے ایک پھل فروش محمد رضا نے بتایا کہ سنہ 2021 سے ان کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے سلام ٹائمز کو بتایا، "ہماری فروخت روزانہ 5,000 سے 10,000 افغانی [58 اور 116 امریکی ڈالر] کے درمیان تھی ... تاہم، آج کل ہم صرف 1,000 سے 1,500 افغانی [12 اور 17 امریکی ڈالر] کے درمیان کما رہے ہیں"۔
رضا نے مزید کہا، "ہمارے گاہک سیبوں کا ایک ڈبہ بند کارٹن خریدتے تھے۔ تاہم، اب وہ صرف ایک کلو یا آدھا کلو سیب خرید رہے ہیں کیونکہ وہ اس کی استطاعت نہیں رکھتے"۔
ان کا کہنا تھا، "بدقسمتی سے فروخت میں کمی کی وجہ سے بعض اوقات ہمارے پھل گل سڑ جاتے ہیں اور ہمیں کوئی فائدہ ہونے کے بجائے الٹا نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے"۔
بڑھتی ہوئی غربت
ترکی میں مقیم ایک اقتصادی تجزیہ کار خیر اللہ ہاشمی نے سلام ٹائمز کو بتایا کہ معاشی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "[افغانستان کا] معاشی چکر لاکھوں لوگوں کی بیروزگاری سے رک گیا ہے، اور اس کے اثرات پورے معاشرے پر پڑے ہیں"۔
ان کا کہنا تھا، "بیروزگاری نے سکول کے اساتذہ، یونیورسٹی کے پروفیسروں، غیر سرکاری تنظیموں [این جی اوز] کے ملازمین، صحافیوں اور نجی کمپنیوں کے اہلکاروں کو متاثر کیا ہے"۔
ہاشمی نے کہا، "اس کے علاوہ، اگرچہ کچھ [افغانوں] کے پاس ملازمتیں ہیں، لیکن وہ خاطر خواہ آمدنی نہیں حاصل کر پاتے۔ ان سبھی حالات نے مارکیٹ کے جمود میں حصہ ڈالا ہے"۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک افغان تجزیہ کار مصطفیٰ نظری کے مطابق، مقامی اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں پر پابندیاں ملک میں معاشی حالات کو مزید خراب کر دیں گی۔
غیر ملکی این جی اوز جو اب بھی اہم مدد فراہم کر رہی ہیں، کو گزشتہ سال دسمبر میں ایک دھچکا اس وقت لگا جب افغان خواتین کو ان کے لیے کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
اس پابندی کو اس مہینے اقوامِ متحدہ کی افغان خواتین ملازمین تک بڑھا دیا گیا تھا، اور تنظیم نے کہا کہ اسے ایک "خوفناک انتخاب" کا سامنا ہے کہ آیا اپنی امدادی سکیموں کو جاری رکھے یا نہیں۔
نظری نے کہا، "بہت سے گھرانے غربت اور بھوک سے لڑ رہے ہیں، اور ان میں سے کچھ کے لیے دن میں ایک یا دو وقت کا کھانا تلاش کرنا بہت مشکل ہے"۔
سنگین اندازے
اقوامِ متحدہ (یو این) کے اندازے بھی اتنے ہی سنگین رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے 18 اپریل کو بتایا کہ تقریباً 34 ملین افغان خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں.
کابل میں مقیم ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے ترجمان فلپ کروف نے اپریل کے وسط میں ایک ای میل میں سلام ٹائمز کو بتایا، "نومبر 2022 اور مارچ 2023 کے درمیان تقریباً 20 ملین لوگ [اندازاً] خوراک کے شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں، جن میں 6 ملین سے زائد ایسے لوگ شامل ہیں جو قحط سے ایک قدم کی دوری پر ہیں"۔
انہوں نے لکھا، "چالیس لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، جن میں 5 سال سے کم عمر کے 3.2 ملین بچے بھی شامل ہیں۔ ایک صدی کی چوتھائی میں ملک کو قحط کا سب سے زیادہ خطرہ ہے اور ہر دو میں سے ایک خاندان زندہ رہنے کے لیے بحران سے نمٹنے کی حالت میں ہے"۔
انہوں نے مزید کہا، "اگست 2022 سے، ہر 10 میں سے 9 افغان خاندان کافی خوراک حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے -- جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ فی الحال، تقریباً 20 ملین افغانوں کو یہ معلوم نہیں کہ ان کا اگلا کھانا کہاں سے آئے گا"۔
کروف نے کہا، "تباہ کن بھوک افغانستان کے دروازے پر دستک دے رہی ہے اور جب تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد جاری نہیں رہتی، لاکھوں مزید افغانوں کو زندہ رہنے کے لیے امداد کی ضرورت ہو گی۔ آبادی کا ایک بڑا حصہ - 28 ملین سے زائد افراد کو - اس سال انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ضرورت ہے، جو دو سال پہلے سے 10 ملین زیادہ ہے۔
اس سال، ڈبلیو ایف پی کا منصوبہ ہے کہ وہ 21 ملین افغانوں تک زندگی بچانے والی خوراک، غذائیت اور روزی روٹی کے لیے مدد فراہم کرے اور ایسا کرنے کے لیے اسے اگلے چھ ماہ کے لیے 800 ملین ڈالر درکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "گزشتہ برس، ورلڈ فوڈ پروگرام نے بڑے پیمانے پر پورے افغانستان میں اپنی امداد میں اضافہ کیا تھا جس کی بدولت ہمارے فیاض عطیہ دہندگان نے 23 ملین افراد کی مدد کی -- جن میں سے 12 ملین خواتین اور لڑکیاں تھیں"۔