حقوقِ انسانی

ایک سال بعد، روسی حملے کی افراتفری کو یوکرینی شہری برداشت کر رہے ہیں

از اولہا چیپل

جنگ شروع ہونے کے ایک ماہ بعد، 24 مارچ کو یوکرین سے آنے والے پناہ گزین رومانیہ - یوکرین کے سرحدی مقام اسحاق اورلووکا پر، کشتی کے ذریعے پہنچنے کے بعد، ایک گودی پر چل رہے ہیں۔ [ڈینیل میہائیلیسکو]

جنگ شروع ہونے کے ایک ماہ بعد، 24 مارچ کو یوکرین سے آنے والے پناہ گزین رومانیہ - یوکرین کے سرحدی مقام اسحاق اورلووکا پر، کشتی کے ذریعے پہنچنے کے بعد، ایک گودی پر چل رہے ہیں۔ [ڈینیل میہائیلیسکو]

کیئف -- یوکرین پر روس کے حملے کے آغاز سے پہلے، 41 سالہ اوکسانا ہرابوینسکا، نیٹو کے رکن ملک پولینڈ کے ساتھ واقع یوکرین کی مغربی سرحد کے قریب، لیویو صوبے میں رہتی تھیں۔

اگرچہ اس کا قصبہ ابتدائی دنوں میں بڑے پیمانے پر کیے جانے والے حملے کے مرکزی محاذ سے تقریباً 1,000 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، پھر بھی روسی میزائل اس علاقے میں گرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہم ایک چھوٹے سے شہر میں رہ رہے تھے۔ یہ خوفناک تھا... کسی کو نہیں معلوم تھا کہ اگلے لمحے کیا ہونے والا ہے، یا روسی ٹینک اب کہاں جانے والے ہیں۔"

انہوں نے لیویو سے 30 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع انٹرنیشنل سینٹر فار پیس کیپنگ اینڈ سیکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "پہلے ہفتے کے دوران ہم یافوروف فوجی اڈے پر حملوں کی توقع کر رہے تھے"۔

فروری 2022 میں جنگ کے پہلے ہفتے کے دوران، صوبہ لیویو کے شہر زوکوا میں فضائی حملے کے دوران، اوکسانا ہرابوینسکا کے بچے ایک پڑوسی بچے کے ساتھ تہہ خانے میں بیٹھے ہیں۔ [اوکسانا ہربووینسکا کی ذاتی محفوظ شدہ دستاویزات]

فروری 2022 میں جنگ کے پہلے ہفتے کے دوران، صوبہ لیویو کے شہر زوکوا میں فضائی حملے کے دوران، اوکسانا ہرابوینسکا کے بچے ایک پڑوسی بچے کے ساتھ تہہ خانے میں بیٹھے ہیں۔ [اوکسانا ہربووینسکا کی ذاتی محفوظ شدہ دستاویزات]

انہوں نے کہا کہ "ان سات دنوں کے دوران، جب بھی الارم بجتا تھا، میں اور میرے بچے تہہ خانے میں جاتے تھے اور یہ واقعی مشکل تھا کیونکہ ان کی عمر چار سال اور دو سال ہے۔ ہم وہاں کئی گھنٹوں تک دوسرے لوگوں کے ساتھ بیٹھے رہتے تھے اور صرف روتے رہتے تھے کیونکہ ہم بہت ڈرے ہوئے تھے۔"

مستقبل کی غیر یقینی کے ساتھ، ایک ہفتے کے بعد، ہرابوینسکا نے اپنے بچوں اور دو کتوں کو اکٹھا کیا، وہ گاڑی میں بیٹھی اور پولینڈ کی سرحد کی طرف چلی گئی۔

لاکھوں دوسرے یوکرینی شہریوں کی طرح، وہ نہیں جانتی تھی کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "میرے خیال میں اسے صرف وہی شخص سمجھ سکتا ہے جس نے جنگ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہو اور جس نے سائرن سنے ہوں ... یہ ایک مکمل تباہی، الجھن اور بعض اوقات گھبراہٹ کا احساس ہوتا ہے۔ یقیناً، لوگ پھر ہر چیز کے عادی ہو گئے، لیکن وہ ابتدائی دن واقعی بہت خوفناک تھے۔"

ہرابوینسکا تب سے وارسا میں رہ رہی ہیں، جہاں اسے نوکری مل گئی ہے اور اس کے بچے پولینڈ کے کنڈرگارٹن میں جاتے ہیں۔

اب جب کہ خاندان کی زندگی مستحکم ہو گئی ہے اور وہ محفوظ ہیں، اس کا صرف ایک ہی خواب ہے: گھر جانا۔

"میں ہر روز اپنے گھر کے خواب دیکھتی ہوں۔ آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ صرف ایک اپارٹمنٹ، چیزیں، یا وہ لوگ نہیں ہیں جنہیں آپ اپنے اردگرد سے جانتے ہیں۔ یہ آپ کی زندگی ہے۔"

ہرابوینسکا نے کہا کہ "لاکھوں یوکرینی شہریوں کی زندگیاں تباہ ہو گئیں۔ میں بہت شدت سے چاہتی ہوں کہ سب کچھ 24 فروری سے پہلے کی طرح واپس ہو جائے۔"

اچانک انقلاب

گزشتہ سال اس دن، ہرابووینکا اور تقریباً ہر یوکرینی کی زندگی مکمل طور پر بدل گئی تھی۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے جون میں کہا تھا کہ روس کے پورے پیمانے پر کیے جانے والے حملے کی وجہ سے "دوسری جنگ عظیم کے بعد سے، جبری نقل مکانی کا سب سے تیز ترین اور سب سے بڑا بحران پیدا ہوا" ہے۔

یو این ایچ سی آر نے 15 فروری کو خبر دی تھی کہ گزشتہ سال جنگ شروع ہونے کے بعد سے، 80 لاکھ سے زیادہ یوکرینی شہری بھاگ کر جا چکے ہیں۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے جنوری میں تخمینہ لگایا تھا کہ 5.3 ملین سے زیادہ افراد، ملک کے اندر بے گھر ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق، جنگ نے یوکرین کو آبادی کے لحاظ سے بے مثال نقصان پہنچایا ہے، جس کا اندازہ ہے کہ ملک کی آبادی سوویت یونین کے بعد کی کم ترین سطح پر گر گئی ہے: 36.7 ملین۔

اس کے مقابلے میں، 30 سال پہلے یوکرین کی آبادی 51.7 ملین تھی۔

سیاسی سائنس دان اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف سمال سیٹیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الیکسی بوریاچینکو نے کہا کہ "ہم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ جنگ جتنی لمبی ہو گی، اتنے ہی کم لوگ واپس آنا چاہیں گے۔"

انہوں نے کہا کہ "جو لوگ پہلی لہر میں واپس نہیں آئے تھے -- جولائی- اگست 2022 -- وہ آہستہ آہستہ بیرون ملک ضم ہو جائیں گے۔ بچوں نے اسکول جانا شروع کر دیا ہے، لوگوں نے یونیورسٹی جانا شروع کر دیا ہے، زبانیں سیکھنا شروع کر دی ہیں، نئے سماجی روابط بنانا شروع کر دیے ہیں۔"

'میں رہوں گی'

پھر بھی، بہت سے یوکرینیوں نے ملک میں رہنے کا انتخاب کیا ہے۔

ان میں سے ایک دنیپرو کی رہائشی 64 سالہ تیتیانا بیلیامینکو ہیں، جو ملک کے مشرق اور جنوب میں یوکرائنی فوجیوں کا نقل و حمل کا ایک مرکز ہے۔

دنیپرو پر روسی میزائلوں کی طرف سے باقاعدگی سے بمباری کی جاتی ہے. 14 جنوری کو شہر کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے ایک حالیہ حملے میں، ایک روسی میزائل نے ایک بلند و بالا اپارٹمنٹ کی عمارت کو تباہ کر دیا، جس سے 46 افراد ہلاک ہو گئے۔

عمارت بیلیامینکو کے گھر سے ایک بلاک کے فاصلے پر واقع تھی۔

بیلیامینکو نے کہا کہ "یہ ایک ہولناک سانحہ ہے۔ یہ مجھ سے 1.5 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا؛ یہ ہماری ہاؤسنگ اسٹیٹ -- اسٹیٹ 6 میں ہوا، جہاں ہم رہتے ہیں۔ یہ بالکل وہیں ہوا جہاں ہم موجود ہیں۔"

بیلیامینکو نے کہا کہ ان کی بیٹی یولیا، جو قریب ہی رہتی ہے، بھی ملک چھوڑنا نہیں چاہتی ہے۔

بیلیامینکو نے کہا کہ "اس نے کہا، 'میں نہیں جانا چاہتی ہوں۔ میں یہاں یوکرائن میں پیدا ہوئی تھی اور میں نے کہا کہ میں کہیں نہیں جا رہی ہوں'۔"

"کل بھی، جب میں اسے ملک چھوڑ کر جانے کے لیے تیار کرنے کی کوشش کر رہی تھی تو میں نے کہا کہ 'یولیا، آپ کو جانے کی ضرورت ہے۔' لیکن اس نے کہا کہ 'ماں، اگر آپ کو جانے کی ضرورت ہے تو آپ چلی جائیں، لیکن میں یہیں رہ رہی ہوں'۔

"شروع میں، جب ایک سال پہلے جنگ شروع ہوئی تھی، یہ ایک بہت بڑا جھٹکا تھا۔ اب تک ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں۔"

بیلیامینکو نے کہا، کہ"آپ صرف یہ سوچتے ہیں کہ اگر آپ کے مرنے کا وقت ہے، تو آپ مر جائیں گے چاہے آپ کہیں بھی چلے جائیں۔ یہ سوچ ایک طرح کی تسلی بخش ہے اور پھر آپ جینا شروع کر دیتے ہیں -- جنگ میں رہنا شروع کر دیتے ہیں۔"

"یقینی طور پر، اگر آپ کے بچے ہیں، تو آپ کو یہاں سے جانا ہو گا لیکن میرے معاملے میں، میں یہاں زیادہ کارآمد ہوں، خاص طور پر اس لیے کہ میرے بہنوئی کا ایک کزن یوکرین کی فوج میں ہے، اس لیے ہم سب اپنی طرف سے ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"

بیلیامینکو نے کہا کہ "میں اپنی جیت پر یقین رکھتی ہوں اور میں جانتی ہوں کہ میری یہاں ضرورت ہے۔"

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500