معیشت

پاکستان میں چین کے استحصالی خصوصی اقتصادی زونز، بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں

از زرق خان

ایک پاکستانی کرنسی ڈیلر، 3 جنوری 2018 کو کوئٹہ میں ایک بڑے چینی یوآن کے سامنے کسی گاہک کا انتظار کر رہا ہے۔ [بنارس خان/اے ایف پی]

ایک پاکستانی کرنسی ڈیلر، 3 جنوری 2018 کو کوئٹہ میں ایک بڑے چینی یوآن کے سامنے کسی گاہک کا انتظار کر رہا ہے۔ [بنارس خان/اے ایف پی]

اسلام آباد -- ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قائم ہونے والے چین کے حمایت یافتہ خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) نے طویل عرصے سے ملک پر معاشی بوجھ ڈالا ہے اور مقامی طور پر احتجاج اور بدامنی کو ہوا دی ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کے تحت، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا ایک پاکستانی جزو، جسے ون بیلٹ ون روڈ (او بی او آر) بھی کہا جاتا ہے، بیجنگ پاکستان میں نو ایس ای زیڈز کی ترقی میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کے حصے کے طور پر، ہر ایس ای زیڈ کو پاکستان کے اندر دوسرے خطوں کے مقابلے میں زیادہ نرم معاشی اور ٹیکس پالیسیاں پیش کی جاتی ہیں۔

لیکن نو مجوزہ ایس ای زیڈز میں سے صرف چار -- نوشہرہ (خیبر پختونخوا) میں رشکئی اکنامک زون؛ چائنا اسپیشل اکنامک زون، دھابیجی (سندھ)؛ بوستان انڈسٹریل زون، کوئٹہ (بلوچستان)؛ اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، فیصل آباد (پنجاب) -- نے کوئی معنی خیز پیش رفت دیکھی ہے۔

چین پر توجہ مرکوز کرنے والے جیو سٹریٹجک تجزیہ کار والیریو فابری نے اگست میں ایک اطالوی تھنک ٹینک، Geopolitica.info پر کہا کہ "بیجنگ کی طرف سے ان [ایس ای زیڈ] منصوبوں کی اکثریت میں حمایت کی شرائط یا تو انتہائی مشروط یا حد سے زیادہ استحصالی رہی ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ "پاکستان میں قدرتی وسائل اور مزدوروں کے مفادات کی قیمت پر، زیادہ سے زیادہ منافع کو یقینی بنانے کی بیجنگ کی پالیسی کے مطابق کھیلتے ہوئے، ایس ای زیڈز کی ترقی میں شامل چینی اداروں کو ... باقاعدگی سے مقامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اپنے ملک کے صنعتی شعبے میں، چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے عام پاکستانیوں کی مایوسی کی وجہ اُن کے لیے روزگار کے مواقع کی کمی یا دیگر ٹھوس فوائد کی کمی ہے۔"

"مقامی کارکنان اور کاروباری مالکان چینی طرز عمل سے بھی محتاط رہتے ہیں جس میں شاذ و نادر ہی مقامی کاروباروں کے ساتھ شراکت داری یا مشترکہ منصوبے شامل ہوتے ہیں۔"

فیبری نے لکھا کہ "چینی سرمایہ کاروں کی ترجیح زیادہ تر مکمل کنٹرول والے کاروبار قائم کرنے کی طرف ہے جس کا مطلب مقامی کاروباروں اور ملازمتوں میں مزید کٹاؤ ہو گا۔"

استحصالی طرز عمل

پیش رفت نہ ہونے کے باوجود، چینی کمپنیوں نے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ملک میں چین کے تعاون سے چلنے والے ایس ای زیڈز میں 20 سال تک ٹیکس میں چھوٹ کی پیشکش کرے۔

آل پاکستان چائنیز انٹرپرائز ایسوسی ایشن (اے پی سی ای اے) کے چیئرمین یانگ جیانگو نے اگست میں پاکستان کے ایک اخبار ڈیلی ٹائمز کو بتایا کہ "صرف لچکدار پالیسیاں ہی کچھ فوائد پیدا کر سکتی ہیں اور مزید سرمایہ کاروں کو دوسرے ممکنہ ممالک کے بجائے پاکستان کا انتخاب کرنے کی طرف راغب کر سکتی ہیں۔"

ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ ایسا قدم ایک جال بھی ہو سکتا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک محقق، شکور علی جن کی تحقیق کا مرکز پاکستان کی لیبر مارکیٹ ہے، نے کہا کہ "ایک طرف، وہ ٹیکس سے چھوٹ مانگ رہے ہیں اور دوسری طرف، سی پیک کی جانب سے روزگار کے وعدوں کے باوجود، چینی کارکنوں کی خدمات حاصل کرکے لیبر مارکیٹ کو کم کرنے کی نجی شکایات موصول ہوئی ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ "قرض کی رقم فراہم کر کے ایس ای زیڈز کو ترقی دینے کا چین کا منصوبہ، پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچائے گا اور بیجنگ کو ملک میں 'قرض کے جال کی ڈپلومیسی' سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا۔"

کراچی میں مقیم مزدوروں کے حقوق کے کارکن عبدالجبار نے کہا کہ "لیبر سپورٹ گروپس کو خدشہ ہے کہ چینی کمپنیاں، پاکستان میں چین کے تعاون سے چلنے والے ایس ای زیڈز میں، حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھی استحصال کریں گی۔"

جبار نے کہا کہ چینی کمپنیاں ان علاقوں میں، جہاں وہ کام کرتی ہیں، تعلیم، صحت یا بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری نہیں کرتی ہیں۔

پاکستانی لیبر گروپس طویل عرصے سے، پاکستان میں چینی کمپنیوں پر، مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے اور سی پیک کا حصہ بننے والی جگہوں پر حفاظتی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

چینی امداد سے چلنے والے منصوبوں میں، اس طرح کی زیادتیوں نے ملک بھر میں احتجاج کو جنم دیا ہے۔

ایس ای زیڈز بھی دیگر مسائل میں الجھے ہوئے ہیں، جن میں مقامی لوگوں سے زمین کا زبردستی اور خفیہ حصول شامل ہے ۔

گلگت بلتستان، ایک ایسا خطہ جس کی سرحد چین کے مسلم اکثریتی سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے کے ساتھ ملتی ہے اور یہ بی آر آئی کا داخلی دروازہ بھی ہے، وفاقی حکومت نے علاقے میں موقپونڈاس ایس ای زیڈ کے لیے تقریباً 250 ایکڑ اراضی مختص کی ہے۔

علاقے کے سول سوسائٹی کے گروہوں اور حقوق کے کارکنوں نے چینی کمپنیوں کی طرف سے اضافی زمین کے حصول کی مخالفت کی ہے۔

بدامنی پیدا کرنا

کوئٹہ میں مقیم ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، کیونکہ وہ ذرائع ابلاغ سے بات کرنے کا مجاز نہیں ہے، بتایا کہ "ایس ای زیڈز کی ترقی اور نفاذ سے، ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہو جائے گی"۔

چینی کمیونسٹ پارٹی نے پاکستان کے ساتھ، کئی ارب ڈالر کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے معاہدے کیے ہیں، جس سے ملک میں چینی اثر و رسوخ پر تشویش پائی جاتی ہے۔

قانون سازوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں چینی اثر و رسوخ میں تیزی سے اضافہ -- چینی کمپنیوں کی طرف سے مقامی وسائل کا بے پرواہ اور مقامی لوگوں پر اثرات کی فکر کیے بغیر استحصال -- صوبے میں شدید بدامنی کو جنم دے رہا ہے۔

بلوچستان میں بڑھتے ہوئے چینی اثر و رسوخ پر، غصے نے بلوچ اور سندھی عسکریت پسند تنظیموں کو ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کرنے کی ترغیب دی ہے جس سے اس تشویش میں اضافہ ہوا ہے کہ مشترکہ گروپ، خطے میں پرتشدد سرگرمیاں بڑھا دے گا۔

اپریل کے آخر میں، بلوچ راجی آجوئی سانگر (بی آر اے ایس) کے ایک جزو، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے کراچی میں حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والی یونیورسٹی کے اندر خودکش حملے میں تین چینی اساتذہ سمیت چار افراد کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

فروری میں بی ایل اے کے عسکریت پسندوں نے، بلوچستان کے اضلاع نوشکی اور پنجگور میں بھی فوجی چوکیوں پر جڑواں حملے کیے تھے۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500