حقوقِ انسانی

ایغوروں کے ساتھ بدسلوکی مبینہ طور پر بیجنگ کی 'اعلیٰ ترین سطح' سے منظورشدہ

پاکستان فارورڈ اور اے ایف پی

ایڈرین زینز، ایک ماہر تعلیم جس نے اویغوروں کے ساتھ سلوک کی تحقیقات کی ہیں، نے 24 مئی کو ہزاروں تصاویر اور سرکاری دستاویزات کو لیک کیا جو سنکیانگ میں بڑے پیمانے پر نظربندی کو نافذ کرنے کے پرتشدد طریقوں پر نئی روشنی ڈالتی ہیں۔ [فائل/ایڈرین زینز/ٹویٹر]

ایڈرین زینز، ایک ماہر تعلیم جس نے اویغوروں کے ساتھ سلوک کی تحقیقات کی ہیں، نے 24 مئی کو ہزاروں تصاویر اور سرکاری دستاویزات کو لیک کیا جو سنکیانگ میں بڑے پیمانے پر نظربندی کو نافذ کرنے کے پرتشدد طریقوں پر نئی روشنی ڈالتی ہیں۔ [فائل/ایڈرین زینز/ٹویٹر]

واشنگٹن -- امریکہ اور جرمنی نے منگل (24 مئی) کو اس وقت گہری تشویش کا اظہار کیا جب چین کی ایغور مسلمان اقلیت کو بڑے پیمانے پر قید کرنے کے بارے میں سامنے آنے والی نئی دستاویزات میں انسانی حقوق کی "پریشان کن" خلاف ورزیاں آشکار ہوئی ہیں۔

امریکہ کےاسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بدسلوکی کی منظوری، بیجنگ میں مبینہ طور پر اعلیٰ ترین سطح پر دی گئی تھی۔

انہوں نے اخباری نمائندوں کوبتایا کہ "ہمیں ان خبروں اور ناگوار تصاویر سے انتہائی پریشانی ہوئی ہے۔

انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "یہ تصور کرنا بہت مشکل ہو گا کہ دبانے اور حراست میں لینے کی منظم کوششوں اور نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی مہم کو چلانے کے لیے پی آر سی حکومت کی اعلیٰ ترین سطحوں کی حمایت موجود نہ ہو اور ان کی طرف سے اس کی منظوری نہ دی گئی ہو۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی پر الزام ہے کہ اس نے ایک ملین سے زائد ایغوروں اور ترک زبان بولنے والے دیگر افراد جن میں سے اکثریت مسلمان ہے، کو کئی سالوں سے جاری کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر، دور مغربی خطہ میں قید کر رکھا ہے۔ اسے ریاست ہائے متحدہ امریکہ، دیگر ممالک اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے "نسل کشی" کا نام دیا ہے۔

پرائس نے کہا کہ "ہم نے پہلے بھی مطالبہ کیا ہے اور ہم یہ مطالبہ جاری رکھیں گے کہ پی آر سی فوری طور پر ان تمام افراد کو رہا کر دے جنہیں جبری طور پر قید کیا گیا ہے، حراستی کیمپوں کو بند کرے اور بڑے پیمانے پر قید، تشدد، جبری نس بندی اور جبری مشقت کا استعمال بند کر دے"۔

ایڈرین زینز، ایک ماہر تعلیم جس نے اویغوروں کے ساتھ سلوک کی تحقیقات کی ہیں، نے ہزاروں تصاویر اور سرکاری دستاویزات لیک کی ہیں جن سے اجتماعی حراست کو نافذ کرنے کے لیے اختیار کیے جانے والے پرتشدد طریقوں پر نئی روشنی پڑی ہے۔

بہت سے ذرائع ابلاغ نے سنکیانگ پولیس فائلز کے نام سے لیک ہونے والی دستاویزات شائع کیں جو سنکیانگ کے بڑے پیمانے پر قید کے نظام کے اندر کی ہزاروں تصاویر دکھاتی ہیں، زیرِ حراست افراد میں سے بہت سے ایغور بھی ہیں۔

خبروں کے مطابق، ان میں سے کم عمر ترین اپنی گرفتاری کے وقت صرف 15 سال کی تھیں۔

فائلیں، جن کے کچھ حصے بی بی سی اور لی مونڈے سمیت متعدد خبر رساں اداروں سے تصدیق شدہ ہیں، حراستی مراکز میں زندگی کے بارے میں بھی ایک کھڑکی کھولتی ہیں۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افسران سر ڈھانپے اور بیڑیوں میں بند قیدیوں کو لاٹھیوں سے روک رہے ہیں، جب کہ کیموفلاج پہنے ہوئے دوسرے گارڈز آتشیں اسلحہ لیے کھڑے ہیں۔

یہ دستاویزات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اقوام متحدہ (یو این) کی انسانی حقوق کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے چین کا دورہ شروع کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بیچلیٹ کو "ان چہروں کو سختی سے دیکھنا چاہیے اور چینی حکام پر مکمل، بلا روک ٹوک رسائی -- اور جوابات کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے"۔

ان کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے بھی الزامات کی "شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے"۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ایک فون کال میں، بیرباک نے "سنکیانگ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی چونکا دینے والی خبروں اور نئے شواہد" کی طرف اشارہ کیا۔

اس ماہ کے شروع میں اے ایف پی کو حاصل ہونے والے پولیس کے ڈیٹا بیس میں ہزاروں زیر حراست ایغوروں کے نام اور تفصیلات درج تھیں۔

مسلم اتحاد

عرب اور مسلمان ممالک اور بلاکس کو، سنکیانگ میں مسلمانوں پر چین کے جبر کے بارے میں ایک مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہیے اور ان ہولناکیوں کو ختم کرنے کے لیے زیادہ سخت کوششیں کرنی چاہیں۔ یہ بات مشرقِ وسطی سے تعلق رکھنے والے علماء اور ماہرینِ تعلیم نے کہی۔

مسلمان علماء نے کہا کہ چینی حکومت کو ایغوروں کے ساتھ ناروا سلوک جاری رکھنے سے روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ نچلی سطح پر مہم چلائی جائے اور چینی سامان کا بائیکاٹ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کو بھی اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی ) اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) جیسی تنظیموں اور بلاکس کے ذریعے، اپنی مسلم اقلیت کے خلاف چین کے جابرانہ طرز عمل کی مذمت کرنے کے لیے اجتماعی موقف اختیار کرنا چاہیے۔

الازہر کے عالم نائف عبد ربو جو کہ الازہر میں شریعت اور قانون کے پروفیسر ہیں نے کہا کہ "مذہبی نقطہ نظر سے، ایک مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کی مدد اور مدد کرے، اگر وہ ظلم کا شکار ہو۔"

ام القراء یونیورسٹی کے تقابلی فقہ کے پروفیسر عبداللہ المقرین نے کہا کہ "چین کے مشرق وسطیٰ میں، خاص طور پر اسلامی ممالک میں وسیع [معاشی] مفادات ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ ممالک، چینی حکومت پر، مسلمانوں کے خلاف اپنے اقدامات سے پیچھے ہٹنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے ان کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

المقرین نے عوامی مظاہروں کے موثر ہونے اور چینی مسلمانوں کے خلاف مظالم کی خبریں سانجھی کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر زور دیا تاکہ حکومتوں پر چین کے اقدامات کے خلاف مؤقف اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "او آئی سی اور جی سی سی جیسے گروپوں کی طرف سے اجتماعی کارروائی کے برعکس انفرادی ممالک کی پوزیشنیں کوئی اہم نتیجہ نہیں لا سکتی ہیں۔"

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500