سلامتی

تائیوان میں کشیدگی بڑھنے پر روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں

از پاکستان فارورڈ اور اے ایف پی

مارچ میں دو چینی لڑاکا طیارے مشقیں کرتے ہوئے۔ [چینی وزارت دفاع]

مارچ میں دو چینی لڑاکا طیارے مشقیں کرتے ہوئے۔ [چینی وزارت دفاع]

یوکرین پر کریملن کے حملے کے بعد چین اور روس نے منگل (24 مئی) کو اپنی پہلی مشترکہ فوجی مشق کا انعقاد کیا، جس میں شمال مشرقی ایشیاء کے سمندروں پر بمبار طیارے بھیجے گئے جہاں غیر ملکی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس ہو رہا تھا۔

نیویارک ٹائمز نے کہا کہ جنوبی کوریا نے مشق کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ دو چینی فوجی طیارے اور چار روسی جنگی طیارے ملک کے مشرقی ساحل سے دور اس کے فضائی دفاعی شناختی علاقے (اے ڈی آئی زیڈ) میں داخل ہوئے، اخبار نے مزید کہا کہ مشترکہ مشقیں جن میں تزویراتی بمبار شامل ہیں، پیچیدہ ہیں اور عام طور پر ان کی کافی پہلے پیشگی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

جاپانی وزیر دفاع نوبو کیشی نے ان پروازوں کو "اشتعال انگیز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی مخبر طیارے نے بھی منگل کو شمالی ہوکائیڈو سے وسطی جاپان کے جزیرہ نما نوٹو کے لیے پرواز کی تھی۔

مشق کواڈ بلاک – امریکہ، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان – کے اجلاس کے دوران ہوئی جس میں چین کے بڑھتے ہوئے فوجی خطرے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

(بائیں سے دائیں) آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز، امریکی صدر جو بائیڈن، جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا اور ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی 24 مئی کو ٹوکیو میں کواڈ میٹنگ سے قبل میڈیا کے سامنے ہاتھ لہراتے ہوئے۔ [ایس ٹی آر/اے ایف پی]

(بائیں سے دائیں) آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز، امریکی صدر جو بائیڈن، جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا اور ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی 24 مئی کو ٹوکیو میں کواڈ میٹنگ سے قبل میڈیا کے سامنے ہاتھ لہراتے ہوئے۔ [ایس ٹی آر/اے ایف پی]

پیر کے روز ٹوکیو میں خطاب کرتے ہوئے، امریکی صدر جو بائیڈن نے چین کی جانب سے خود مختار تائیوان کو دی جانے والی دھمکی کا موازنہ یوکرین پر روسی حملے سے کیا، اور بیجنگ کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور فوجی طاقت پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان اس معاملے پر اپنے آج تک کے سخت ترین الفاظ میں بیان دیا۔

بائیڈن نے تائیوان کی صورتحال کا براہِ راست یوکرین سے موازنہ کیا، جسے 24 فروری کو روسی حملے کے بعد سے امریکہ سے اربوں ڈالر مالیت کا اسلحہ اور امداد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس پر مغربی پابندیوں کو لازمی طور پر "طویل مدتی قیمت" کا تعین کرنا چاہیے، کیونکہ بصورتِ دیگر "تائیوان کو طاقت کے ذریعے لینے کی کوشش کی قیمت کے بارے میں چین کو کیا اشارہ جاتا ہے؟"

آبنائے تائیوان میں چینی طیاروں، بحری مشقوں اور طاقت کے دیگر اظہاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے انتباہ کیا کہ بیجنگ پہلے ہی "اتنے قریب سے اڑان بھر کر اور تمام ہتھکنڈوں سے اس وقت خطرے سے چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے"۔

اے ایف پی کے مطابق، 23 جنوری کو 39 جنگی طیارے علاقے میں داخل ہونے کے بعد، چین نے اس سال کی دوسری سب سے بڑی ایک روزہ دراندازی میں 6 مئی کو جنگجوؤں اور بمباروں سمیت 18 جنگی طیارے تائیوان کے اے ڈی آئی زیڈ میں بھیجے۔

سنہ 2021 کی آخری سہ ماہی میں چین کی طرف سے تائیوان کی فضائی اے ڈی آئی زیڈ میں دراندازی میں اضافہ دیکھا گیا، جس میں 4 اکتوبر کو 56 جنگی طیارے علاقے میں داخل ہونے پر ایک دن کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہوئی۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ نے 4 فروری کو بیجنگ میں ملاقات کی، جس میں عالمی سیاسی اور عسکری ترتیب کے "نئے دور" میں ایک ساتھ رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا، "دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی کوئی حد نہیں ہے۔ تعاون کے کوئی 'ممنوعہ' علاقے نہیں ہیں۔"

چینی حکومت کو مبینہ طور پر یوکرین پر حملہ کرنے کے روسی منصوبے کا پہلے ہی سے علم تھا لیکن اسے صرف اس بات کی پرواہ تھی کہ ایسا بیجنگ سرمائی اولمپکس کے دوران نہ ہو۔

'صورتحال کو زبردستی تبدیل کرنا'

جاپان، بھارت، آسٹریلیا اور امریکہ کے رہنماؤں نے منگل کے روز "صورتحال کو بزورِ طاقت تبدیل کرنے" کی کوششوں کے خلاف خبردار کیا تھا کیونکہ یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ آیا چین خود مختار تائیوان پر حملہ کر سکتا ہے۔

کواڈ بلاک کے مشترکہ بیان میں خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کے براہِ راست ذکر سے گریز کیا گیا لیکن اس کے خدشات کے بارے میں کوئی شک نہیں چھوڑا۔

بیان میں کہا گیا کہ "ہم کسی بھی زبردستی، اشتعال انگیز یا یک طرفہ اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں جو صورتحال کو تبدیل کرنے اور علاقے میں کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں، جیسے متنازعہ خواص کی عسکریت پسندی، ساحلی محافظ جہازوں اور بحری ملیشیاؤں کا خطرناک استعمال اور دوسرے ممالک کے غیر ملکی وسائل کے استحصال کی سرگرمیاں"۔

چاروں ممالک اپنے اختلافات کے باوجود، چین کی بڑھتی ہوئی فوجی اور اقتصادی طاقت کے مقابلے میں اپنے ڈھیلے ڈھالے اتحاد کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے کہا، "جیسے روس کا یوکرین پر حملہ بین الاقوامی نظام کے بنیادی اصولوں کو متزلزل کر رہا ہے... (ہم نے) اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طاقت کے ذریعے صورتحال کو تبدیل کرنے کی یک طرفہ کوششوں کو کہیں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، خاص طور پر انڈو پیسیفک خطے میں"۔

چین یوکرین جنگ کا 'بغور مطالعہ' کر رہا ہے۔

امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر بل برنز نے مئی کے اوائل میں کہا تھا کہ چین یوکرین پر روسی حملے کا باریک بینی سے مطالعہ کر رہا ہے اور ممکنہ طور پر جنگ سے اسباق کی بنیاد پر تائیوان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اپنے طویل مدتی منصوبوں کی نوک پلک سنوار رہا ہے۔

برنس نے ایک فنانشل ٹائمز کانفرنس میں بتایا کہ "یہ بات واضح ہے کہ چینی قیادت غور سے دیکھنے کی کوشش کر رہی ہے کہ انہیں یوکرین سے اپنے عزائم اور تائیوان کے بارے میں کیا سبق حاصل کرنا چاہیے۔"

برنس نے کہا کہ ان کے خیال میں بیجنگ کو روسی فوجی دستوں کی ناقص کارکردگی کے ساتھ ساتھ پورے یوکرینی معاشرے کی طرف سے آنے والی سخت مزاحمت سے "حیرانی" ہوئی ہے۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا، "میرے خیال میں وہ اس طریقے سے متاثر ہوئے ہیں جس میں خاص طور پر بحرِ اوقیانوس کے پار کا اتحاد اس جارحیت کے نتیجے میں روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے اکٹھا ہوا ہے۔"

برنز نے کہا کہ بیجنگ "اس حقیقت سے پریشان ہے کہ [روسی صدر ولادیمیر] پیوٹن نے جو کچھ کیا ہے وہ یورپیوں اور امریکیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ہے"۔

انہوں نے کہا، "اس سب سے کیا نتائج اخذ کیے جاتے ہیں اس پر ایک سوالیہ نشان لگا ہوا ہے"۔

"میرے خیال میں چینی قیادت اس سب کچھ کو بہت غور سے دیکھ رہی ہے، کہ تائیوان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کی کسی بھی کوشش کی قیمت اور نتائج کیا ہوں گے۔"

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500