سلامتی

یوکرین میں کریملن کی مشکلات افغانستان میں سوویت یونین کی شکست پر غور نہ کرنے کی وجہ سے ہیں

از ہانا چرتوفا

28 نومبر 2019 کو لی گئی اس تصویر میں ایک افغان لڑکے کو کابل کے مضافات میں سوویت دور کے ٹینک کے ڈھانچے پر کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دسمبر 2019 کو سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کی 40 ویں برسی منائی گئی۔ شکست خوردہ سوویت افواج فروری 1989 میں واپس چلی گئی تھیں۔ [نور اللہ شیرزادہ/اے ایف پی]

28 نومبر 2019 کو لی گئی اس تصویر میں ایک افغان لڑکے کو کابل کے مضافات میں سوویت دور کے ٹینک کے ڈھانچے پر کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دسمبر 2019 کو سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کی 40 ویں برسی منائی گئی۔ شکست خوردہ سوویت افواج فروری 1989 میں واپس چلی گئی تھیں۔ [نور اللہ شیرزادہ/اے ایف پی]

کیف، یوکرین -- یوکرین کے شہریوں پر وحشیانہ تشدد اور فوجی غلطیوں پر یوکرین پر روسی حملے کے مبصرین نے اس کا موازنہ افغانستان میں سوویت جنگ کے ساتھ کیا ہے۔

سوویت یونین نے سنہ 1979 میں افغانستان پر حملہ کیا۔ اس کے بعد نو سالوں میں، جب افغان مجاہدین نے سوویت فوج کے سپاہیوں سے اپنے ملک کا دفاع کیا، جس میں دس لاکھ سے زائد افغان ہلاک اور لاکھوں معذور ہوئے۔

مزید پچاس لاکھ یا اس سے زائد لوگ پڑوسی ممالک میں ہجرت کر گئے اور افغانستان کا زیادہ تر بنیادی ڈھانچہ لڑائی کے دوران تباہ ہو گیا۔

موت اور تباہی کے باوجود، سوویت افواج فروری 1989 میں شکست خوردہ، پیچھے ہٹ گئیں۔

خارکیف، یوکرین میں 3 مارچ کو روسی افواج کی گولہ باری کے بعد ایک جلتی ہوئی عمارت کی تصویر۔ روس یوکرین میں شہریوں کو دہشت زدہ کر رہا ہے جیسا کہ سوویت یونین نے 40 سال پہلے افغانستان میں کیا تھا۔ [سرگئی بوبوک/اے ایف پی]

خارکیف، یوکرین میں 3 مارچ کو روسی افواج کی گولہ باری کے بعد ایک جلتی ہوئی عمارت کی تصویر۔ روس یوکرین میں شہریوں کو دہشت زدہ کر رہا ہے جیسا کہ سوویت یونین نے 40 سال پہلے افغانستان میں کیا تھا۔ [سرگئی بوبوک/اے ایف پی]

دو سال بعد سوویت یونین ٹوٹ گیا۔

موجودہ دن میں، جمعہ (4 مارچ) کو یوکرین پر روس کے حملے کا نواں دن منایا گیا۔

یوکرین کے شہروں پر روسی گولہ باری تیز ہو گئی ہے، یہاں تک کہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ روسی قافلوں کا ایندھن ختم ہو رہا ہے اور فوجی دستے بھاگ رہے ہیں یا بڑے پیمانے پر ہتھیار ڈال رہے ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ہزاروں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، اور پناہ گزینوں کے بڑھتے ہوئے بحران کے درمیان 10 لاکھ سے زیادہ یوکرینی باشندے مغرب سے فرار ہو گئے ہیں۔

بہت سے مبصرین کے نزدیک، یوکرین کے شہریوں پر روسی حملوں کی فوٹیج ان زیادتیوں کی یاد دلاتی ہے جو سوویت فوج نے افغانستان میں کی تھیں۔

2014 میں اٹلانٹک نے لکھا تھا کہ اس نو سالہ طویل جنگ میں، "سوویت یونین نے مجاہدین باغیوں اور ان کے حامیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا، پورے گاؤں کو تہس نہس کر دیا تھا۔"

"ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ شہری مارے گئے۔"

'بالکل افغانستان کی طرح'

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کے روز ٹیلی وژن پر ایک خطاب میں روس اور یوکرین کو "ایک قوم" قرار دیا اور یوکرین میں "جدید-نازیوں" کو شکست دینے کا عزم کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ "خصوصی آپریشن" منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے۔

ایک فوجی تجزیہ کار اولیگ زہدانوف، جو پہلے یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف میں کام کر چکے ہیں، نے کہا کہ یوکرین پر حملے کے لیے روسیوں کا جواز وہی ہے جو دسمبر 1979 میں سوویت یونین نے پیش کیا تھا جب سوویت فوج نے افغانستان پر حملہ کیا تھا۔

زہدانوف نے کاروان سرائے کو بتایا، "بالکل اسی طرح جیسے افغانستان میں ہوا تھا، نظریاتی طور پر کہا جائے تو آج روسی فوجیوں کو جھولے دلانے کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنا بین الاقوامی فرض ادا کر رہے ہیں۔ وہ 'برادرانہ' یوکرین کے لوگوں کو اپنے ملک میں روشن مستقبل بنانے میں مدد کر رہے ہیں"۔

سنہ 1978 میں، سوویت نواز افغان فوجی افسران کے ایک گروہ نے بغاوت کی تھی۔ تاہم، وہ اشتراکیت کو افغان آبادی کے لیے قابل قبول بنانے میں ناکام رہے۔

باغی، مجاہدین، حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔

اس کے جواب میں، سوویت پولٹ بیورو نے دسمبر 1979 میں افغانستان میں ایک "فوجی آپریشن" کا حکم دیا -- احتیاطاً "جنگ" یا "حملہ" کی اصطلاحات سے اجتناب کرتے ہوئے، بالکل اسی طرح جیسے کہ آج کل ہے۔

زاہدانوف نے کہا، "مجھے [اپنی] ملٹری اکیڈمی کے کلب میں لڑکوں کی تعیناتی کا جشن منانا یاد ہے۔ ہمیں یقین تھا کہ ہم اس دور دراز ملک میں لوگوں میں اجتماعیت پیدا کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔"

"کسی کو سمجھ نہیں تھی کہ یہ جنگ ہے اور یہ جنگ حملہ آوری ہے۔ جیسے اب یوکرین میں ہے۔"

سوویت مارشل سرگئی سوکولوف، جو حملے کے انچارج تھے، نے سنہ 1979 میں کہا تھا کہ سوویت یونین ایک ماہ کے اندر اندر حالات پر قابو پا لے گا۔

اس کی بجائے، زنک کے تابوت جنہیں مذاقاً "کارگو 200" کہا جاتا تھا جلد ہی واپس سوویت یونین کی طرف پرواز کرنا شروع ہو گئے۔

کریملن کے مطابق، افغانستان میں 15,000 سے زائد سوویت فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

'ہم بے بس تھے'

یوکرین میں، بڑھتی ہوئی روسی ہلاکتیں افغانستان پر سوویت حملے کے موازنے کا ایک اور خط ہے۔

بدھ کے روز روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کی تعداد 498 بتائی۔ اس نے میزان کی تجدید نہیں کی۔

جمعہ کے روز، یوکرین کی فوج نے اب تک روسی ہلاکتوں کی کُل تعداد 9,166 بتائی ہے۔

یوکرین کی سیکیورٹی سروس (ایس بی یو) کی طرف سے پوسٹ کی گئی تفتیشی ویڈیوز میں، بہت سے روسی جنگی قیدیوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں۔

یوکرینی فوجیوں کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ایک ماہر نشانہ باز، انتون پیٹروک، نے ویڈیو میں کہا، "ہم تقریباً ایک ہفتے تک کوزمن فائرنگ رینج میں مشقوں پر تھے۔ پھر انہوں نے ہمیں اکٹھا کیا اور ہمیں سرحد کے قریب بھیج دیا۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ ہم سرحد پر تعینات ہونے والے ہیں۔"

اس نے کہا، "پھر اچانک رات کے وقت ہم نے اسے عبور کیا۔ ہم کسی گاؤں میں پہنچے۔ ہم بے بس تھے۔"

"اگر آپ نے سرحد پار کرتے ہوئے لڑنے سے انکار کر دیا تو یہ غداری ہو گی۔ اس کے لیے آپ 15 سے 25 سال تک جیل جا سکتے ہیں۔ یہ بھی حکم عدولی ہے، اور آپ کو اس کے لیے تقریباً عمر قید ہو سکتی ہے۔ "

ولادیسلاو نامی جنگجو نے اسی ویڈیو میں اپنی والدہ کو فون پر کہا کہ "مجھے ہمارے صدر کے مجرمانہ حکم کی بنیاد پر برادرانہ لوگوں کے ساتھ لڑنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔"

"ماں پلیز مجھے گھر لے جائیں۔ میں اب مزید یہاں نہیں رہنا چاہتا۔"

سیاسی تجزیہ کار اور پینٹا مرکز برائے سیاسی مطالعات کے ڈائریکٹر ولادیمیر فیسنکو نے کاروان سرائے کو بتایا، "روس نے بہت سی سوویت روایات کو زندہ کیا ہے۔ افغان جنگ کے دوران بھی [سوویت یونین] نے پہلے اپنے نقصانات کی تعداد کو مکمل طور پر چھپایا تھا"۔

"پھر بعد میں، جب وہ ہوائی جہاز جنہیں لوگ 'سیاہ گلِ لالہ' کہتے تھے، تابوت لے کر واپس اڑنے لگے، تو اموات کو چھپانا ناممکن ہو گیا۔"

فیسینکو نے کہا، "اصل میں ہم اب بھی یہی عمل دیکھ رہے ہیں۔ زیادہ تر معاملات میں، روسی فوجیوں کے [والدین] کو کوئی پتہ نہیں ہے کہ ان کے بچے کہاں ہیں۔"

'انتہائی زیادہ نقصانات'

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افغان جنگ کے تباہ کن اثرات یوکرین میں دوہرائے جا سکتے ہیں۔

ایک سیاسی تجزیہ کار اولیگ لیسنوئے نے کہا کہ سوویت یونین کے افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلانے کی ایک وجہ یہ تھی کہ امریکہ مجاہدین کی مدد کر رہا تھا۔

لیسنوئے نے کاروان سرائے کو بتایا، "جب امریکہ نے مجاہدین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے اسٹنگر میزائل فراہم کیے تو سوویت فوج کی فضا میں بالا دستی ختم ہو گئی"۔

انہوں نے کہا کہ روسی فضائی بالا دستی چھیننے میں یوکرینیوں کو مدد دینے والے غیر ملکی ہتھیاروں کی بہت زیادہ آمد یوکرین میں روسیوں کی قسمت پر ویسا ہی اثر ڈالے گی۔

لیسنوئے نے کہا کہ اگر ایسی امداد پہنچتی ہے تو "روس کو انتہائی زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا"۔

اگرچہ ماسکو نے خود ہی افغانستان سے اپنی فوجیں نکالنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حالات کو بچانے میں بہت دیر ہو چکی تھی۔

سنہ 1991 میں سوویت یونین ٹوٹ گیا۔ سنہ 1992 میں روس کی حمایت یافتہ افغان حکومت گر گئی۔

جنگ کی لاگت، ساتھ ہی تیل کی کم قیمتیں، جس نے سوویت خزانے کو سکیڑ دیا تھا، نے سوویت یونین کو تباہ کرنے میں مدد کی۔

Globalsecurity.org کے مطابق، امریکی انٹیلیجنس کے اندازے کے مطابق، سوویت یونین نے سنہ 1979 سے سنہ 1986 تک جنگ لڑنے کے لیے تقریباً 18 بلین روبل (اس وقت کی شرح تبادلہ پر 24.3 بلین ڈالر) -- یا آج کے ڈالر میں 73 بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کیے تھے۔

کیف میں اقتصادی بحالی کے مرکز نے سوموار کے روز شائع ہونے والے ایک مطالعہ میں اندازہ لگایا ہے کہ یوکرین میں، جنگ کے پہلے چار دنوں میں روس کو براہِ راست فوجی اخراجات میں 7 بلین ڈالر تک کا نقصان ہوا ہے۔.

اس کے علاوہ، امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے روس کی معیشت اور مرکزی بینک کی روبل کے دفاع کی صلاحیت کو روکنے کے لیے پہلے ہی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں، بشمول فضائی حدود کو بند کرنا، اثاثوں کو منجمد کرنا اور سات بینکوں کو سوئفٹ انٹر بینک پیغام رسانی نیٹ ورک سے خارج کرنا۔

لیسنوئے نے کہا کہ اگر روس فضائی بالا دستی گنوا دیتا ہے تو، "پیوٹن کے پاس اتنے لوگ یا وسائل نہیں ہوں گے کہ وہ اس جنگ کو طویل عرصے تک جاری رکھ سکے"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500