سلامتی

ایران کی جانب سے خلیج میں ہتھیاروں اور ایندھن کی سمگلنگ کے لیے بحری قزاقوں، سادہ لوح بحری سیاحوں کا استعمال

از سلطان البارعی

مئی 2021 میں ابوظہبی کے قریب پانی میں کشتیاں۔ [کریم صاحب/اے ایف پی]

مئی 2021 میں ابوظہبی کے قریب پانی میں کشتیاں۔ [کریم صاحب/اے ایف پی]

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات اور ماہرین کا کہنا ہے کہ سپاہِ پاسدارانِ اسلامی انقلاب (آئی آر جی سی) ہتھیاروں، ایندھن اور منشیات کی سمگلنگ کے لیے خلیجی علاقے میں قزاقوں اور سادہ لوح بحری سیاحوں کے حلقے پر انحصار کرتا ہے۔

ایرانی شپنگ کمپنیوں نے بڑی تعداد میں ہندوستانی بحری سیاحوں کو خطرناک حالات میں -- اکثر کم یا بغیر تنخواہ کے -- کام کرنے کے لیے دھوکے سے پھنسایا ہوا ہے جس میں منشیات اور کارگو کی نقل و حمل شامل ہے جو بین الاقوامی پابندیوں کے تحت ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے جنوری میں خبر دی تھی کہ ہر سال بھرتی کار معروف بحری جہازوں میں تنخواہوں اور تجربے کی ضمانت کا جھانسہ دے کر اور اکثر مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں اسائنمنٹ کا وعدہ کر کے ہزاروں افراد کو بھلا پھسلا کر ایران لے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے لیے انٹرویو کیے گئے دو درجن سے زائد مردوں کے مطابق، اس کی بجائے، انہیں ایران بھیجا جاتا ہے اور سمندر میں ڈال دیا جاتا ہے، جہاں ان سے ضرورت سے زیادہ کام لیا جاتا ہے، انہیں کافی خوراک نہیں دی جاتی ہے اور بعض اوقات انہیں منشیات اور پابندی شدہ سامان لے جانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

مئی 2021 میں خلیج عرب کے پانیوں میں قزاقوں کی ایک کشتی پر امریکی بحریہ کی جانب سے قبضے میں لیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود۔ [امریکی بحریہ]

مئی 2021 میں خلیج عرب کے پانیوں میں قزاقوں کی ایک کشتی پر امریکی بحریہ کی جانب سے قبضے میں لیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود۔ [امریکی بحریہ]

مشترکہ سمندری فوج (سی ایم ایف) کے جہاز کو جنوری میں خلیجی پانیوں میں ایک سمگلنگ کی کشتی پر چھاپے کے دوران دیکھا جا سکتا ہے۔ [مشترکہ سمندری فوج]

مشترکہ سمندری فوج (سی ایم ایف) کے جہاز کو جنوری میں خلیجی پانیوں میں ایک سمگلنگ کی کشتی پر چھاپے کے دوران دیکھا جا سکتا ہے۔ [مشترکہ سمندری فوج]

دہلی کے ایک 24 سالہ ڈیک کیڈٹ اکشے کمار نے کہا، "وہ بغیر تنخواہ کے کام کے لیے بحری سیاحوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ سب ایک بڑا جال ہے۔ انہوں نے ہمیں غلاموں کی طرح کام کرنے پر مجبور کیا۔"

ایک 28 سالہ ہندوستانی بحری سیاح، جس نے کہا کہ اس نے سنہ 2016 اور سنہ 2020 کے درمیان ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ میں ملوث دو کمپنیوں کے لیے کام کیا تھا، اس کا کہنا تھا کہ ایندھن لے جانے والے ٹینکر ہمیشہ ایران اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو الگ کرنے والے بین الاقوامی پانیوں میں لنگر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا، "متحدہ عرب امارات کا علاقائی پانی 12 میل کے بعد ختم ہو جاتا ہے، اس لیے ایرانی بحری جہاز متحدہ عرب امارات کے 14 سے 20 میل کے قریب آتے ہیں۔ وہ اپنے اے آئی ایس [خودکار شناختی نظام] کو بند کر دیتے ہیں تاکہ ان کا سراغ نہ لگایا جا سکے۔ اگر وہ متحدہ عرب امارات کے ساحلی محافظوں کو دیکھتے ہیں تو وہ کارروائی روک کر بھاگ جاتے ہیں۔"

پکڑے جانے سے بچنے کے لیے خفیہ منتقلی عام طور پر رات کے وقت ہوتی ہے۔ بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی علاقائی حدود سے بالکل باہر لنگر انداز ہوتے ہیں اور پھر ایک ایک کر کے چھوٹی کشتیاں جو سمگل شدہ ایرانی ڈیزل لے جاتی ہیں اپنا سامان انتظار کرنے والے جہازوں پر منتقل کرتی ہیں۔

ایک 27 سالہ ہندوستانی بحری سیاح، جو دبئی کی ایک جہاز ران کمپنی میں ملازم تھا جس نے ایرانی ایندھن صومالیہ کو سمگل کیا تھا، نے کہا "اس میں چار سے پانچ دن لگتے ہیں کیونکہ کشتیاں ایک ایک کر کے آتی ہیں"۔

رپورٹ کے مطابق، سمندر میں رات کے وقت کی منتقلیوں کے علاوہ، بین الاقوامی منڈیوں کے لیے پابندی شدہ ایرانی ڈیزل ایران سے روانہ ہونے والے ٹینکروں پر برآمد کیا جاتا ہے جس کی روانگی کو اس طرح جعلی بنایا جاتا ہے جسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ عراق یا متحدہ عرب امارات سے آیا ہو۔

توانائی اور علاقائی سلامتی کے تجزیہ کاروں کے مطابق، سمگلنگ میں ایرانی ریاست کے عناصر، خاص طور پر آئی آر جی سی، اور خلیجی ممالک میں قائم نجی جہاز ران کمپنیاں شامل ہیں۔

حالیہ برسوں میں امریکی وزارت خزانہ نے ایران پر اپنا تیل غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور اس کی پیٹرولیم کی صنعت پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

قزاقوں کے ساتھ تعاون کرنا

دریں اثناء، خطے کی آبی گزرگاہوں پر حفاظتی کارروائیوں میں زخمی ہونے والے بحری قزاق اور سمگلر اپنا نقصان پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ایران کا رخ کر رہے ہیں۔

دبئی پولیس کے انسدادِ منشیات محکمے کے سابق افسر راشد محمد ال-مری نے کہا کہ "خلیجِ عرب کا خطہ اور بحیرۂ عرب، تمام عالمی آبی گزرگاہوں کی طرح، سمگلنگ اور بحری قزاقی کی کارروائیوں سے بھرا ہوا ہے جس کی وجہ نقل و حمل کے جہازوں کی بڑی تعداد اور ان ممالک کی تعداد ہے جو مشترکہ علاقائی پانیوں کو عبور کر کے پہنچ سکتے ہیں"۔

"تاہم، حفاظتی کشیدگی نے بین الاقوامی برادری کو خطے کو محفوظ بنانے اور ان غیرقانونی کارروائیوں کو روکنے کے لیے علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادہ کیا ہے۔"

انہوں نے کہا، "اس سے قزاقوں اور سمگلروں کے منافعے کو نقصان پہنچا اور وہ پیسے کے کسی متبادل ذریعے کی تلاش میں رہ گئے۔"

ال-مری کے مطابق، آئی آر جی سی نے تب سے صورتحال کا فائدہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "بحری قزاق اور سمگلر اب اس کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکے ہیں، اور پورے خطے میں اس سے وابستہ افراد کو ہتھیار منتقل کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ آئی آر جی سی ان کاموں کو انجام دینے کے لیے بحری قزاقوں اور سمگلروں پر پیسہ لگا کر ان کو بھرتی کرنے کے قابل تھی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ بحری قزاقوں کا "واحد سروکار منافعے سے ہے، قطع نظر اس کے کہ ان کی کارروائیوں کے نتائج کچھ بھی ہوں"۔

ال-مری نے کہا کہ آئی آر جی سی اور اس سے ملحقہ اداروں کی طرف سے اسلحے اور غیر قانونی سامان کی مسلسل سمگلنگ خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتی ہے اور دہشت گرد کارروائیوں کو ممکن بناتی ہے۔

انہوں نے صومالیہ میں دہشت گرد گروہوں کو ہتھیاروں کی منتقلی کی طرف اشارہ کیا۔

"الشباب دہشت گرد تحریک کو یمن کے راستے ایرانی ہتھیار فراہم کیے گئے، جو ان [سمگلنگ کی] کارروائیوں کی سنگینی اور انہیں روکنے کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔"

سمگلنگ کے راستے

سعودی عسکری ماہر منصور الشہری کے مطابق سمگلنگ عام طور پر " لکڑی کی ماہی گیری کی چھوٹی کشتیوں کے ذریعے کی جاتی ہے جن کے پاس اکثر کوئی سرکاری دستاویزات نہیں ہوتی ہیں اور وہ جی پی ایس آلات کے بغیر [کام] کرتی ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے جہاز ساحل کے قریب پہنچتے ہیں، "اسلحے اور سمگل شدہ مواد کو چھوٹی کشتیوں میں منتقل کر دیا جاتا ہے تاکہ انہیں ساحل تک لے جایا جا سکے، اور بعض اوقات یہ کشتیاں چھوٹی بندرگاہوں میں ڈوب جاتی ہیں"۔

انہوں نے یاد دلایا کہ سمگلر نسبتاً بڑی بادبانی کشتیاں بھی استعمال کر سکتے ہیں جو جالبوٹ کہلاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیار اکثر "خفیہ ڈبوں میں چھپائے جاتے ہیں، اور کشتیاں کیموفلاج کے لیے مختلف سامان لے جاتی ہیں"۔

الشہری نے کہا کہ سمگل شدہ سامان میں "ہر قسم کے گولہ بارود ۔۔۔ کے علاوہ، مختلف اقسام کی فوجی رائفلیں، بم، میزائل، راکٹ سے چلنے والے گرینیڈ لانچر، ٹینک شکن راکٹ لانچر، بوبی ٹریپ ڈرونز کے لیے ٹیکنالوجی اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے پرزے شامل ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ ان کھیپوں کو روکنے کے لیے کی گئی کارروائیوں اور مختلف ذرائع، خاص طور پر عام شہریوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز نے سمگلنگ کے طریقوں اور حربوں کو بے نقاب کرنے اور دہشت گرد حملوں کو روکنے میں مدد کی ہے۔

قاہرہ میں مقیم یمنی صحافی مونا محمد نے کہا کہ سمگلر اور قزاق عمان اور یمن کے ساحلوں سمیت بہت سے راستے استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "صومالیہ کے ساحلوں کا بھی یمن اور صومالیہ کے درمیان مشترکہ [سمندری] سرحدوں کا استحصال کیا جاتا ہے۔"

محمد کے مطابق، دوسرا راستہ جنوب مشرقی ایرانی بندرگاہ جاسک سے شروع ہوتا ہے اور آبنائے باب المندب سے گزرتا ہے۔

انہوں نے کہا، "[ہتھیار] اکثر یمن کے جنوبی ساحل اور الحدیدہ، راس عیسیٰ، سالف اور نشتون کی بندرگاہوں الماہرہ اور حذرالموت میں بھیجے جاتے ہیں، اور اکثر انہیں صومالی پانیوں میں، خاص طور پر بوساسو کے علاقے اور عمانی پانیوں کے ساحلوں سے دور، چھوٹی کشتیوں پر اتارا جاتا ہے"۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500