عالمی آئمہ کونسل نے، چین کی مظلوم یغور مسلم آبادی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے، دنیا بھر کے مسلمانوں سے بیجنگ میں 2022 کے سرمائی اولمپکس دیکھنے جانے یا ان میں حصہ لینے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
30 دسمبر کو ایک بیان میں مسلمان مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے "ظالم اور جابر حکومت کے مفادات کو براہِ راست پورا کرتے ہیں جو یغوروں کی نسل کشی اور نسلی تطہیر کی ذمہ دار ہے۔"
کونسل نے کہا، "چینی حکومت جبر، تشدد اور آمریت کے ذریعے چینی مسلمانوں کے بنیادی انسانی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔"
"ہم مظلوم یغور مسلمانوں کی حمایت میں کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ متحد ہیں۔"
کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق، عالمی آئمہ کونسل تمام اسلامی فرقوں اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مسلم مذہبی رہنماؤں کی دنیا کی پہلی اور سب سے بڑی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے۔ اس کا مرکز بغداد میں ہے۔
متعدد ذرائع ابلاغ اور این جی اوز کی رپورٹوں، جنہوں نے عالمی غم و غصے کو جنم دیا ہے، کے مطابق بیجنگ شمال مغربی علاقے سنکیانگ میں خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، جس میں مسلمانوں کی اکثریت ہے۔
دس لاکھ سے زائد افراد، جن میں سے زیادہ تر یغور ہیں، کو سنکیانگ میں "سیاسی دوبارہ تعلیم" کے کیمپوں میں من مانی سے حراست میں لیا گیا ہے۔
سابق قیدیوں کے ساتھ آزادانہ تحقیقات اور انٹرویوز میں ان کیمپوں کے اندر جسمانی اور ذہنی اذیتوں، برین واشنگ، منظم عصمت دری اور جنسی استحصال کو سامنے لایا گیا ہے، جو مؤثر طریقے سے جیلوں کا کام دیتے ہیں.
مزید برآں، ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے اپریل میں ایک تفصیلی رپورٹ میں کہا تھا کہ چینی حکام نے خطے کی دو تہائی مساجد اور دیگر مقدس اسلامی مقامات کو نقصان پہنچانے یا تباہ کرنے کے لیے مختلف حیلے بہانے استعمال کیے ہیں۔
بیجنگ اولمپکس 4 فروری سے شروع ہونے والے ہیں اور 20 فروری تک جاری رہیں گے۔
'نسل کشی کے خاتمے' کا مطالبہ
کونسل کا یہ اقدام امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ سال بیجنگ 2022 کے سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
23 دسمبر کو صدر جو بائیڈن نے ایک مسودۂ قانون پر دستخط کیے تھے جو جبری مشقت کے خدشات کے جواب میں سنکیانگ سے درآمدات پر پابندیاں عائد کرتا ہے۔
یغور جبری مشقت کی روک تھام کا ایکٹ چینی علاقے سے تمام اشیاء کی درآمد پر پابندی لگاتا ہے جب تک کہ کمپنیاں قابل تصدیق ثبوت پیش نہ کر دیں کہ پیداوار میں جبری مشقت شامل نہیں ہے۔
سنکیانگ دنیا کے کپاس کے بڑے پیداواری علاقوں میں سے ایک ہے، جسے ٹماٹروں اور پولی سیلیکون، جو شمسی پینل بنانے کے لیے استعمال ہونے والا مواد ہے، کے ساتھ اعلیٰ ترجیحی عمل درآمد کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق ہر سال امریکہ کی طرف سے درآمد کیے جانے والے 20 فیصد ملبوسات میں سنکیانگ کا کچھ سُوت شامل ہوتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ قانون حکومت کو "سنکیانگ میں جبری مشقت سے بنائے گئے سامان کو امریکی منڈیوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے نئے ذرائع فراہم کرتا ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے "بدسلوکی کے ذمہ دار افراد اور اداروں کے احتساب کو مزید فروغ ملے گا"، انہوں نے چینی حکومت سے "نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم" کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
یہ قانون امریکی صدر سے خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار چینی حکام پر پابندیاں عائد کرنے کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔