معاشرہ

مالم جبہ اسکی جشن امن، کھیلوں کی تقریبات کی واپسی کو اجاگر کرتا ہے

ظاہر شاہ شیرازی

ایک اسکی کرنے والا چوتھے سی اے ایس قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ میں شرکت کر رہا ہے جو 7 فروری کو مالم جبہ میں منعقد ہوا۔ [پی اے ایف]

ایک اسکی کرنے والا چوتھے سی اے ایس قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ میں شرکت کر رہا ہے جو 7 فروری کو مالم جبہ میں منعقد ہوا۔ [پی اے ایف]

پشاور -- صرف چند سال پہلے تک، یہ بات ناقابلِ تصور تھی کہ سوات وادی میں کھیلوں کی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں جس میں برف سے ڈھکا مالم جبہ میں اسکی کی تفریح گاہ بھی شامل ہے۔

تاہم، اب جب کہ سیکورٹی فورسز نے ملک کے زیادہ تر دہشت گردوں کو یا تو ہلاک یا ملک بدر کر دیا ہے، سیاح اور اسکی کرنے والے جوق درجوق علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔

تین فروری کو، اسکی کرنے والے 36 عالمی کھلاڑیوں جن میں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر بھی شامل ہیں، نے مالم جبہ انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ، 27ویں نیشنل اسکی چیمپین شپ اور چوتھے چیف آف ایر اسٹاف (سی اے ایس) قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ میں شرکت کی۔

ٹرنر نے اردو زبان کی ایک ویڈیو میں ٹوئٹر پر کہا کہ "ایک ایسی وادی اور تفریح گاہ میں جسے طالبان کے عسکریت پسندوں نے تباہی سے جوڑ دیا تھا، حیران کر دینے والی قدرت نظاروں اور اس بات کو دیکھنا زبردست ہے کہ پاکستان کیسے بہتری کی طرف جا رہا ہے"۔

یوکرائن سے تعلق رکھنے والا اسکی کا کھلاڑی، 8 فروری کو چوتھے سی اے ایس قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ میں حصہ لے رہا ہے۔ [پی اے ایف]

یوکرائن سے تعلق رکھنے والا اسکی کا کھلاڑی، 8 فروری کو چوتھے سی اے ایس قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ میں حصہ لے رہا ہے۔ [پی اے ایف]

ٹرنر نے پاکستانی فضائیہ (پی اے ایف) اور سرمائی کھیلوں کی پاکستانی فیڈریشن (ڈبلیو ایس ایف پی) کو یہ ٹورنامنٹ منقعد کرنے پر مبارک باد دی۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ "مجھے بتایا گیا ہے کہ میں پہلا برطانوی ہائی کشمنر ہوں جس نے پچھلے تقریبا 15 سالوں میں اس تفریح گاہ کا دورہ کیا ہے اور میں پاکستان بھر میں اپنے سفر کو جاری رکھنا چاہتا ہوں تاکہ میں اس زبردست ملک کو جان سکوں"۔

صدر عارف علوی نے 9 فروری کو ایک تقریب کے دوران تین مختلف ٹورنامنٹوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔

علوی نے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ پر پی اے ایف اور ڈبلیو ایس ایف پی کا شکریہ ادا کیا اور تمام فریقین کو اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں غیر ملکی ٹیموں کی موجودگی دنیا کو ایک بہت واضح پیغام بھیجتی ہے کہ پاکستان امن اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے۔

پی اے ایف کی پریس ریلیز کے مطابق، ایر مارشل احمر شہزاد جو کہ ایر اسٹاف کے وائس چیف اور ڈبلیو ایس ایف پی کے صدر ہیں، تقریب کے موقع پر موجود تھے۔

ایر وائس مارشل معید خان، جو کہ شمالی ایر کمانڈ کی سربراہی کرنے والے ایر آفیسر ہیں نے تقریب کے موقع پر کہا کہ پی اے ایف نہ صرف پاکستان میں اسکینگ کو فروغ دینے کا مکمل عہد رکھتی ہے بلکہ اسکی کے کھلاڑیوں کو موسم سرما کی بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے تربیت بھی دے گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ "یہ یقینی طور پر ایک تاریخ ساز تقریب تھی جب نو ممالک جن میں افغانستان، آزربائیجان، کینیڈا، یونان، تاجکستان، مشرقی تیمور، ترکی، یوکرائن اور برطانیہ شامل ہیں، سے تعلق رکھنے والے اسکی کے 36 بین الاقوامی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

اس میں کہا گیا کہ اس تقریب سے نہ صرف پاکستان کے پہاڑوں میں سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ایک مثبت تصویر پیش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستانی میزبانی

یونان سے تعلق رکھنے والے اسکی کے کھلاڑی جارجیوس کلیریڈیس نے کہا کہ "یہاں پر آنا ایک زبردست تجربہ تھا اور یہ پاکستان میں کھیلوں کے لیے واقعی بہت حوصلہ افزاء ہے"۔

انہوں نے کہا کہ "یہ بڑی تقریب ہو سکتا ہے کہ دوسروں کو متوجہ کرے کہ وہ آئیں اور پاکستان کی روایتی میزبانی سے لطف اندوز ہوں"۔

ایک پاکستانی اسکی باز صاحبہ کشم جنہوں نے خواتین کی کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جیتا، کہا کہ "میں نے پاکستان میں اس تقریب سے بہت لطف اٹھایا، یہ بہت خوبصورت اور پرسکون ہے ۔۔۔ یہ ایک پرامن وادی ہے اور میں زندگی کو واپس معمول پر آتا دیکھ کر بہت خوش ہوں"۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکیوں کی شرکت "دنیا کو یہ پیغام ہے کہ امن بحال ہو گیا ہے اس لیے وہ آئیں اور یہاں حقیقی امن سے لطف اندوز ہوں"۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک اور خاتون اسکی باز عمامہ ولی نے کہا کہ "مجموعی طور پر یہاں ماحول اتنا پرامن اور اچھا ہے، مجھے واقعی یہاں پر مقابلہ کر کے مزہ آیا۔ یہ بہت قدرتی ہے"۔

ولی نے کہا کہ "یہاں پر ڈھلوان بین الاقوامی معیار کی ہے اور اس کی اچھی دیکھ بھال کی گئی ہے، یہ مزید غیر ملکی اسکی بازوں کو متوجہ کرے گی۔ ہم اس تقریب سے واقعی بہت لطف اندوز ہوئے"۔

سوات ڈسٹرکٹ ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کے چیرمین اور پاکستان تحریکِ انصاف کے مالاکنڈ ڈویژن کے صدر فضل حکیم خان نے کہا کہ علوی، ٹرنر اور دوسرے بین الاقوامی اسکی بازوں کی شرکت نے یہ واضح پیغام بھیجا ہے کہ امن واپس آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وادی میںسیاحت کو بحال کرنےمیں بہت دلچسپی رکھتے ہیں اور ایسی تقریبات سے سیاحت اور خصوصی طور پر موسم سرما کی کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500