دہشتگردی

البغدادی پر حملے کی تصاویر جاری جبکہ مخبر 25 ملین ڈالر وصول کرنے کے لیے تیار

پاکستان فارورڈ اور اے ایف پی

30 اکتوبر کو امریکی فوج نے امریکہ کی خصوصی فوج کی جانب سے 26 اکتوبر کو کی گئی اس کارروائی کی ویڈیو اور تصاویر جاری کر دی ہیں جس میں 'دولتِ اسلامیہ عراق و شام' (داعش) کا امیر ابوبکر البغدادی مارا گیا تھا۔ [محکمۂ دفاع/اے ایف پی]

امریکی فوج نے بدھ (30 اکتوبر) کے روز امریکی خصوصی فوج کی جانب سے 26 اکتوبر کے اس چھاپے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کی ہیں جس کے نتیجے میں"دولتِ اسلامیہ" (داعش) کے امیر ابوبکر البغدادی مارا گیا تھا۔

جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں امریکی فوجیوں کی ایک بلیک اینڈ وائیٹ فوٹیج شامل ہے جس میں وہ پیدل چل کر شمال مشرقی شام میں ایک بلند و بالا دیواروں والی عمارت کی طرف جا رہے ہیں جہاں البغدادی روپوش تھا۔

فوج نے زمین پر نامعلوم جنگجوؤں کے ایک گروپ پر فضائی حملے کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جنہوں نے ان ہیلی کاپٹروں پر فائر کھولا تھا جو صوبہ ادلب میں البغدادی کی عمارت پر حملے کے لیے امریکی فوجیوں کو لے جا رہے تھے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر، میرین کور جنرل کینتھ مکنزی نے کہا کہ چھاپہ مارنے والوں نے الیکٹرانکس اور دستاویزات کی ایک "بھاری" مقدار برآمد کی تھی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک فوٹو جس میں وہ عمارت دکھائی گئی ہے جہاں داعش کا دہشت گرد امیر ابوبکر البغدادی 26 اکتوبر کو امریکہ کی خصوصی فوج کے ہاتھوں مارے جانے سے کچھ لمحے قبل چھپا ہوا تھا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک فوٹو جس میں وہ عمارت دکھائی گئی ہے جہاں داعش کا دہشت گرد امیر ابوبکر البغدادی 26 اکتوبر کو امریکہ کی خصوصی فوج کے ہاتھوں مارے جانے سے کچھ لمحے قبل چھپا ہوا تھا۔

مکنزی نے کہا کہ معائنہ کاروں نے البغدادی کی شناخت اس کے ڈی این اے کے ساتھ موازنے کے ذریعے کی، جو سنہ 2004 میں ایک عراقی جیل میں اس کی حراست کے بعد سے اس کی فائل میں موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ البغدادی کی باقیات کو جہاز کے ذریعے اس چھاپے کے لیے تیار کردہ چھاؤنی میں شناخت کے لیے لایا گیا اور پھر "مسلح لڑائی کے قوانین کے مطابق" اسے موت کے 24 گھنٹے کے اندر اندر سمندر برد کر دیا گیا۔

25 ملین ڈالر کا انعام

بدھ کے روز واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی کہ ایک مخبر جس نے انتہائی اہم معلومات فراہم کی تھیں جو کہ البغدادی کی نقل و حرکت کے بارے میں تھیں، اسے غالباً پورے 25 ملین ڈالر یا اس کا کچھ حصہ انعام دیا جائے گا۔

واشنگٹن پوسٹ کا کہنا تھا کہ مخبر داعش کا ایک اعلیٰ عہدے پر فائز کارکن تھا جس نے شام میں البغدادی کی نقل و حرکت میں سہولت کاری کی تھی اور اس کی شامی پناہ گاہ کی تعمیر کی نگرانی میں مدد کی تھی۔

پوسٹ نے مزید لکھا کہ جب چھاپہ مارا گیا تو مخبر جائے وقوعہ پر موجود تھا اور دو دن بعد اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ چپکے سے فرار ہو گیا۔

وہ شخص، جس کی واشنگٹن نے شناخت نہیں کی، غالباً 25 ملین ڈالر یا اس کا کچھ حصہ انعام کے طور پر وصول کرے گا جو کہ امریکہ نے البغدادی کے سر کی قیمت مقرر کی ہوئی تھی۔

پوسٹ کے مطابق، مخبر البغدادی کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ البغدادی کی آخری شامی پناہ گاہ کے ایک ایک کمرے سے واقف تھا۔

اخبار کا کہنا تھا کہ ذریعہ، جسے ایک اہلکار کی جانب سے سُنی عرب بتایا گیا ہے جو داعش کی جانب سے اپنے رشتہ داروں کے قتل کے بعد اس کے خلاف ہو گیا تھا، اسے کرد انٹیلیجنس کی جانب سے پروان چڑھایا گیا تھا۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500