چار خودکش بمباروں کا پشاور، مہمند میں حملہ

اے ایف پی

بدھ (15 فروری) کو ایک ہی دن میں چار خود کش بمباروں نے پاکستان میں دھماکے کر دیئے، جن میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے اور شہری مزید خوفزدہ ہو گئے جن کا تحفظ کا بڑھتا ہوا احساس اس ہفتے طالبان کے کئی دھماکوں سے متزلزل ہو گیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ تازہ ترین حملہ شمال مغربی شہر پشاور میں ہوا، جس میں ایک موٹرسائیکل سوار بمبار نے اپنی موٹرسائیکل ججوں کو لے جا رہی ایک وین سے ٹکرا دی جو ایک پوش نواحی علاقے سے گزر رہی تھی۔

اعلیٰ پولیس اہلکار سجاد خان نے اے ایف پی کو بتایا، "یہ ایک خودکش حملہ تھا۔"

خان نے کہا کہ وین کا ڈرائیور حملے میں جاں بحق ہو گیا، جس کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی، یا پاکستانی طالبان) نے قبول کر لی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ افراد -- بشمول کم از کم چار جج، جن میں سے تین خواتین تھیں -- زخمی ہوئے۔

دن کے ابتدائی حصے میں دو خودکش بمباروں نے شمال مغرب میں مہمند قبائلی علاقے میں ایک سرکاری عمارت پر حملہ کر کے پانچ افراد کو شہید اور سات کو زخمی کر دیا۔

مقامی حکام نے کہا کہ ایک حملہ آور کو بم پھاڑنے سے پہلے ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ دوسرے نے خود کو عمارت کے صدر دروازے پر دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس نے کہا کہ بعد ازاں، ایک اور خودکش بمبار نے خود کو اس وقت دھماکے سے اڑا لیا جب سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی کے دوران اسے گھیر لیا تھا۔

بدھ کے روز ہونے والے دھماکے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے ایک طاقتور خود کش دھماکے کے دو دن بعد ہوئے، جس میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستانی طالبان کے ایک دھڑے، جماعت الاحرار نے لاہور اور مہمند میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گزشتہ ہفتے گروہ نے سرکاری تنصیبات پر حملوں کی ایک تازہ لہر کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

جماعت الاحرار اور مرکزی ٹی ٹی پی دونوں کے ترجمانوں نے اے ایف پی کو بدھ کے روز بتایا کہ حملے جاری رہیں گے۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500