سلامتی

بلوچستان پولیس نے لورالائی میں خودکش بم دھماکے کی کوشش ناکام بنا دی

از عبدالغنی کاکڑ

زیرِ نظر تصویر 26 جون کو لورالائی پولیس لائنز کی حدود کی ہے، جب سیکیورٹی فورسز نے وہاں تین خودکش بمباروں کو ہلاک کر دیا۔ لڑائی میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ [تصویر بشکریہ عبدالغنی کاکڑ]

زیرِ نظر تصویر 26 جون کو لورالائی پولیس لائنز کی حدود کی ہے، جب سیکیورٹی فورسز نے وہاں تین خودکش بمباروں کو ہلاک کر دیا۔ لڑائی میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ [تصویر بشکریہ عبدالغنی کاکڑ]

کوئٹہ -- بدھ (26 جون) کے روز فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع لورالائی کے پولیس لائنز کے علاقے پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے کم از کم تین خودکش بمباروں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا، "ایک خودکش بمبار کو داخلی راستے پر ہلاک کر دیا گیا جبکہ دیگر دو حملہ آوروں کو پولیس لائنز کے اندر مارا گیا۔"

دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام

بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گرد ایک ایسے علاقے میں پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے جہاں پولیس افسران امتحان دے رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ لڑائی میں ایک پولیس افسر جاں بحق اور دیگر دو زخمی ہوئے، مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے عمارت کو کلیئر کروا لیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وہ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کو سراہتے ہیں اور یہ کہ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

کمال نے کہا، "امن دشمن عناصر بے گناہ عوام کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، اور وہ ریاست کی رٹ کو للکارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں دشمن کے ایجنڈے کو ناکام بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔"

ٹی ٹی پی نے ذمہ داری قبول کر لی

تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک دھڑے نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

لورالائی کے مقامی سینیئر دفاعی اہلکار، محمد ریاض نے کہا، "گزشتہ چند ماہ میں یہ ضلع لورالائی میں ہونے والا تیسرا حملہ تھا۔"

ریاض نے کہا، "لورالائی اور بلوچستان کے دیگر شورش زدہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ دہشت گرد ہماری قبائلی پٹی میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر تسلی رکھیں وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔"

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 0

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500