معیشت

کے پی نے مالم جبہ اسکی ریزورٹ دوبارہ کھول دیا

از عدیل سعید

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان (بائیں) اور وزیرِ اعلیٰ کے پی پرویز خٹک یکم ستمبر کو مالم جبہ اسکی ریزورٹ پر نئی تعمیر کردہ چیئرلفٹ پر سواری کرتے ہوئے۔ [تصویر بشکریہ کے پی حکومت]

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان (بائیں) اور وزیرِ اعلیٰ کے پی پرویز خٹک یکم ستمبر کو مالم جبہ اسکی ریزورٹ پر نئی تعمیر کردہ چیئرلفٹ پر سواری کرتے ہوئے۔ [تصویر بشکریہ کے پی حکومت]

پشاور -- طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے وادیٔ سوات میں اسکی ریزورٹ کو تباہ کرنے کے آٹھ سال بعد، پاکستان نے مالم جبہ میں چیئرلفٹ دوبارہ تعمیر کر دی ہے۔

ضلع سوات میں قراقرم پہاڑی سلسلے پر واقع مالم جبہ اسکی ریزورٹ 1990 کے عشرے میں حکومتِ آسٹریا کی معاونت کے ساتھ تیار کیا گیا تھا۔

طالبان نے سنہ 2008 میں سیاحتی مقام پر حملہ کیا تھا اور ایک ہوٹل اور 800 میٹر لمبی چیئرلفٹ کو نذرِ آتش کر دیا تھا۔

ستمبر 2014 میں، خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے ریزورٹ کی تعمیرِ نو کا فیصلہ کیا اور ایک نجی فرم کو دو ہوٹل، ایک چیئرلفٹ، کیبل کار اور سنو-بورڈنگ اور اسکی پول تعمیر کرنے کا ٹھیکہ دیا۔

محنت کشوں نے یکم ستمبر کو چیئرلفٹ مکمل کر لی۔

ترقی اور خوشحالی

ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا (ٹی سی کے پی) کے ایک مشیر، ظہور درانی نے کہا، "وادیٔ سوات کو طالبان سے پاک کرنے کے لیے سنہ 2009 میں ایک فوجی آپریشن شروع ہونے کے سات برس بعد، حکومت نے دہشت گردوں کی جانب سے تباہ کردہ تمام بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے اپنے عزم کا اظہار کرنے اور عالمی برداری کو یہ پیغام دینے کے لیے کہ خطے میں امن واپس لوٹ آیا ہے اس چیئرلفٹ کو دوبارہ تعمیر کر دیا۔"

ظہور نے پاکستان فارورڈ کو بتایا، "دہشت گردی سے نقصان زدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے پیچھے مقصد بطور قوم ہماری لچک کا اظہار کرنا ہے جو ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے، نہ کہ تباہی اور پسماندگی۔"

انہوں نے کہا، "مٹھی بھر عناصر جو تباہی پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں کے نظریات کو شکست دے کر ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے خطے میں بحالیٔ امن کے لیے کوشاں ہیں۔"

کے پی میں حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے چیئرلفٹ کی افتتاحی تقریب پر کہا کہ سیاحوں کو راغب کرنے کے مقصد سے پورے خطے میں موزوں مقامات پر ایسے ہی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا، "ہم علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے ذریعے اعتماد کو بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔"

عمران نے کہا، "حکومت سوات کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کی مشتاق ہے، جو کہ اپنے دیدہ زیب مناظر اور جھیلوں اور پہاڑوں کے دم بخود کر دینے والے مناظر کی وجہ سے سیاحوں کا پسندیدہ مقام تھا۔"

خوف سے باہر نکلنا

وزیرِ اعلیٰ کے پی پرویز خٹک کے مشیرِ اطلاعات مشتاق غنی نے کہا، "کے پی حکومت طالبان کی تباہی کی سبب پیدا ہونے والے خوف سے خطے کے لوگوں کی باہر نکلنے میں مدد کرنے کے مقصد سے مالاکنڈ ڈویژن میں سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہی ہے۔"

مشتاق نے پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ سنہ 2008-2007 کے دوران طالبان کے دورِ ہیبت اور خطے میں قتل و غارت نے مالاکنڈ کے مکینوں کو دورِ جہالت میں دھکیل دیا تھا۔

انہوں نے کہا، "خطے میں سیاحتی سرگرمیوں کے احیاء کے پیچھے مقصد نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے بلکہ علاقے کے لوگوں کے اعتماد کو بھی بحال کرنا ہے۔"

مشتاق نے کہا کہ حال ہی میں، کے پی حکومت نے ضلع بونیر میں ایک میلے کا اہتمام کیا تھا، جسے برسوں پہلے طالبان نے روک دیا تھا۔ میلے کے انعقاد کا مقصد بحالیٔ امن اور طالبان کے انخلاء کا مظاہرہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے مالاکنڈ میں بحالیٔ امن میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اب حکومت بنیادی ڈھانچے اور سیاحتی مقامات کی تعمیرِ نو کے ذریعے علاقے میں معمول کی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔

معیشت، اعتماد میں اضافہ

ٹی سی کے پی کی ترجمان، زاہرہ عالم نے پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ مالم جبہ اسکی ریزورٹ کی مکمل بحالی پر 3 بلین پاکستانی روپے (3 ملین ڈالر) لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت نے یہ منصوبہ ایک ترقیاتی کمپنی، سامسون گروپ کو دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار نے دو ہوٹل، ایک ہیلتھ کلب اور کانفرنس ہال تعمیر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

انہوں نے پاکستان فارورڈ کو بتایا، "چیئرلفٹ کا منصوبہ 1 بلین روپے (1 ملین ڈالر) کی لاگت سے مکمل ہوا اور اب عوام الناس کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ نئی لفٹ میں 103 کیبل کاریں ہیں، جبکہ پہلے والی میں صرف 52 تھیں۔

سوات ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر، زاہد خان نے کہا، "مالم جبہ چیئرلفٹ کی تعمیرِ نو نے سوات کے لوگوں کو ایک مثبت اشارہ دیا ہے کیونکہ اس میں پورے علاقے کے لیے معاشی فوائد ہیں۔"

زاہد خان نے پاکستان فارورڈ کو بتایا کہ مالم جبہ اسکی ریزورٹ میں بہتر امکانات ہیں اور اس کی تعمیرِ نو سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف راغب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسکی ریزورٹ کی تعمیر کے ساتھ، سیاح موسمِ سرما کے دوران ضلع کی سیر کرنا جاری رکھیں گے، جو کہ عام طور پر سیاحت کے لیے کمی کا موسم ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں میں اضافہ وادیٔ سوات اور خاص طور پر مالاکنڈ ڈویژن کے لوگوں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا۔

کیا آپ کو یہ مضمون پسند آیا

تبصرے 1

تبصرہ کی پالیسی * لازم خانوں کی نشاندہی کرتا ہے 1500 / 1500

کے پی کے حکومت کی منظوری سے سرکاری زمین پر منصوبہ

جواب